آلانسو نے جرمن گراں پری جیت لی
25 جولائی 2010ریڈ بل ٹیم کے جرمن ڈرائیور سباستیان فیٹل نے ریس کا آغاز پول پوزیشن سے کیا۔ وہ آغاز میں ماسا اور آلانسو دونوں سے آگے تھے تاہم اس ریس میں ان کی پوزیشن تیسری رہی۔ چیمپیئن شپ لیڈر لوئس ہیملٹن نے ریس کے آغاز میں دو گاڑیوں کو اوور ٹیک کرتے ہوئے اپنی پوزیشن بہتر بنائی لیکن ریس کا اختتام ان کی چوتھی پوزیشن پر ہوا۔ پانچویں پوزیشن دفاعی چیمپیئن جیسن بٹن کے حصے میں آئی۔
ریڈ بل ٹیم کے مارک ویبر نے ریس میں چھٹی پوزیشن حاصل کی۔
مرسیڈیز ٹیم کے نیکو روزبرگ اور عالمی شہرت یافتہ میشاعیل شوماخر کے حصے میں بالترتیب آٹھویں اور نویں پوزیشن آئی۔
ہیملٹن اس وقت ڈرائیوروں کے پوائنٹس ٹیبل پر 157 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہیں۔ جیسن بٹن 147 پوائنٹس کے ساتھ دوسری اور فیٹل اور ویبر 136 پوائنٹس کے ساتھ مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن پر ہیں۔
اس ریس میں پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی فیراری ٹیم کے خلاف ممکنہ طور پر نظم صبط کی خلاف ورزی کے ارتکاب پر کارروائی بھی ہو سکتی ہے، کیونکہ لگتا کچھ یوں ہے، جیسے ماسا نے ٹیم کے احکامات پر آلانسو کو خود سے آگے جانے دیا۔
آلانسو نے جیت کے بعد اپنے ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے دیکھا کہ فلیپے کچھ آہستہ ہوئے ہیں اور انہوں نے فلیپے کو اوور ٹیک کر لیا۔ اس کے بعد صرف 15 یا 20 ہی مزید چکر باقی تھے، سو میں جیت گیا۔‘‘
دریں اثناء ماسا نے اپنے ایک بیان میں واضح کر دیا کہ وہ اس جیت کے مستحق تھے، تاہم انہوں نے ٹیم احکامات کی پابندی کرتے ہوئے آلانسو کو آگے نکلنے دیا۔
’’میرا نہیں خیال کہ اس بارے میں ہمیں کچھ کہنا چاہئے۔ ہم ایک ٹیم کے لئے کام کرتے ہیں اور ٹیم کے لئے بہتر کارکردگی دکھانا سب سے اہم ہوتا ہے۔‘‘
ریڈ بل ٹیم نے اس حوالے سے باقاعدہ احتجاج کو خارج از امکان قرار نہیں دیا ہے۔ ریڈ بل ٹیم کے کرسٹیان ہورنر نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ ذاتی طور پر اس واقعے کو غلط سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ فارمولا ون کے ضوابط کے خلاف ہے۔
رپورٹ عاطف توقیر
ادارت عصمت جبیں