افغان صوبے نیمروز میں طالبان کا حملہ، کم از کم بیس فوجی ہلاک
23 اکتوبر 2020کابل سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق نیمروز میں مقامی حکام نے بتایا کہ اس حملے کے دوران طالبان نے ایک چوکی پر حملہ کر کے اس پر قبضہ بھی کر لیا۔ نیمروز کے ضلع خواش رود کے گورنر نے جمعہ تیئیس اکتوبر کے روز نیوز ایجنسی ڈی پی اے کو بتایا کہ طالبان عسکریت پسندوں نے اس چوکی پر حملہ جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب کیا۔
پاکستانی قونصل خانے کے قریب بھگدڑ، 12 افراد ہلاک
ضلعی گورنر کے مطابق، ''خواش رود میں جس چوکی پر حملہ کیا گیا، وہ دیہہ مزنگ چیک پوائنٹ کہلاتی ہے۔ اس حملے میں ملکی فوج کے کم از کم 20 افسر اور سپاہی مارے گئے جبکہ چھ دیگر کو حملہ آور اغوا کر کے اپنے ساتھ لے گئے۔‘‘
طالبان حملہ آور ہتھیار اور گاڑیاں بھی ساتھ لے گئے
ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ شبینہ حملہ ضلعی صدر مقام سے تقریباﹰ 70 کلو میٹر دور کیا گیا اور طالبان حملہ آور جاتے ہوئے اس چوکی پر موجود تمام ہتھیار، گولہ بارود اور گاڑیاں بھی ساتھ لے گئے۔ ضلعی گورنر کے بقول اس حملے کے بعد آج جمعے کی صبح افغان ایئر فورس نے وہاں طالبان کے ٹھکانوں پر بمباری بھی کی۔
حکمت یار کا دورہ، امن کی کوششیں یا مستقبل کی صف بندی
طالبان کے ترجمان قاری یوسف احمدی نے تصدیق کر دی ہے کہ دیہہ مزنگ چیک پوسٹ پر یہ خونریز کارروائی طالبان جنگجوؤں نے کی۔
امن مذاکرات کے باوجود خونریز حملے
افغان صوبے نیمروز میں گزشتہ شب کیا جانے والا بڑا حملہ طالبان کی ان مسلح کارروائیوں کا حصہ ہے، جو طالبان کے نمائندوں اور کابل حکومت کے مندوبین کے مابین جاری امن مذاکرات کے باوجود بند نہیں ہوئیں۔ بین الافغان مکالمت کہلانے والی یہ امن بات چیت گزشتہ ماہ خلیجی عرب ریاست قطر میں شروع ہوئی تھی۔
طالبان مزاحمت کار اور ان کی قیادت ابھی تک ہندوکش کی اس ریاست میں کوئی بھی جنگ بندی قبول کرنے پر تیار نہیں ہوئے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ قطر میں جاری امن بات چیت کی کامیابی کے لیے فریقین کی مسلسل اور انتھک کوششیں درکار ہوں گی۔
’تشدد کو بڑھاوا دے کر مراعات حاصل کرنے کی کوشش، خطرناک ہے‘
تخار میں بھی افغان فضائیہ کے حملے
صوبے نیمروز میں آج صبح کی جانے والے فضائی بمباری سے پہلے افغان ایئر فورس نے کل جمعرات بائیس اکتوبر کے روز شمالی صوبے تخار میں بھی بڑے فضائی حملے کیے تھے۔
مقامی حکام کے مطابق ایک روز پہلے کی گئی اس بمباری میں 12 افغان بچے مارے گئے تھے۔ اس کے برعکس کابل میں حکومتی ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ جنگی طیاروں سے کیے گئے ان حملوں میں صرف طالبان جنگجو مارے گئے تھے۔
م م / ع ح (ڈی پی اے)