نئے ’انتفادہ‘ کا خطرہ بڑھ رہا ہے، عباس
22 ستمبر 2015محمود عباس نے یہ بات منگل کو فرانسیسی صدر فرانسوا اولانڈ سے ملاقات کے بعد پیرس میں کہی۔ انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے مطالبہ کیا کہ وہ ’مقدس مقام پر کشیدگی بند‘ کریں۔ ان کا کہنا تھا، ’جو ہو رہا ہے، وہ انتہائی خطرناک ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ وہ نہیں چاہتے کہ ایک بار پھر انتفادہ شروع ہو جائے۔ واضح رہے کہ انتفادہ فلسطینیوں کی وہ شدید احتجاجی تحریک تھی، جو پہلی بار سن 1987ء میں شروع ہوئی اور 1993 تک جاری رہی۔ دوسرا مرتبہ ایسا سن 2000ء میں ہوا تھا۔
نئے یہودی سال کے آغاز کے موقع پر الاقصیٰ مسجد کے احاطے میں فلسطینیوں اور اسرائیلی فورسز کے درمیان کئی روز تک جھڑپیں جاری رہیں اور اب بھی علاقے میں شدید کشیدگی پائی جاتی ہے۔
یہ بات اہم ہے کہ مسجد الاقصیٰ مسلمانوں کا تیسرا مقدس ترین مذہبی مقام ہے اور یہ یہودیوں کے مقدس ترین مقام ٹیپمل ماؤنٹ کے ساتھ ہی واقعہ ہے۔ مشرقی یروشلم میں واقع اس علاقے کو اسرائیل نے سن 1967 کی چھ روزہ جنگ کے دوران قبضے میں لے لیا تھا اور تب سے اس پر اسرائیل کا قبضہ ہے، تاہم مسجد الاقصیٰ کا انتظام و انصرام اسرائیل نے اردن کے سپرد کر رکھا ہے۔
مسلمانوں کو اس بات پر اعتراض ہے کہ اس مسجد کے احاطے میں یہودیوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے اور اس سے اس احاطے کے انتظام سے متعلق قواعد تبدیل ہو سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ یہودی اس احاطے کا دورہ تو کر سکتے ہیں، تاہم انہیں یہاں عبادت کی اجازت نہیں ہے، کیوں کہ اس سے مذہبی بنیادوں پر کشیدگی کا خطرہ ہوتا ہے۔ نیتن یاہو متعدد مرتبہ کہہ چکے ہیں کہ وہ اس احاطے سے متعلق قواعد تبدیل نہیں کریں گے۔
اسرائیلی حکام کو خدشات ہیں کہ اس بار حادثاتی طور پر مسلمانوں کی عیدالاضحیٰ اور یہودیوں کو مقدس دن یوم کیپور کا روزہ ایک ہی دن یعنی بدھ کے روز ہیں اور ایسے موقع پر یہ کشیدگی ایک بار پھر جھڑپوں میں تبدیل ہو سکتی ہے۔