ایشیا کپ کا سپر فور میچ: بھارت پر برتری حاصل ہے، بابر اعظم
9 ستمبر 2023پاکستانی قومی کرکٹ ٹیم کےکپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم کو ایک شاندار باؤلنگ لائن اپ کی بدولت ایشیا کپ کے سپر فور مقابلے میں بھارتی ٹیم پر برتری حاصل ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی باؤلنگ لائن اپ میچ اور ٹورنامنٹ دونوں جتوانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
دونوں روایتی حریف ممالک پاکستان اور بھارت کل اتوار کے روز کولمبو میں ایک بار پھر آمنے سامنے ہوں گے۔ اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والا گروپ میچ بارش کی وجہ سے بے نتیجہ رہا تھا۔
پاکستان سپر فور مرحلے کا اپنا پہلا میچ جیت چکا ہے اور ممکنہ طور پر دوسری جیت اس کے 17 اتوار ستمبر کو فائنل میں پہنچنے کے امکانات کو مزید بڑھا دے گی۔ لیکن سری لنکا کے دارالحکومت میں بارش کی وجہ سےایک مرتبہ پھرکھیل متاثر ہونے کا بھی خدشہ ہے۔
بابر اعظم نے کولمبو میں صحافیوں کو بتایا، ''آپ کہہ سکتے ہیں کہ ہمیں برتری حاصل ہے کیونکہ ہم نے یہاں (سری لنکا میں) اور پاکستان میں بیک ٹو بیک کرکٹ کھیلی ہے۔ سری لنکا میں ڈھائی ماہ ہو چکے ہیں، اس دوران کھیلی گئی کرکٹ میں ٹیسٹ سیریز، لنکا پریمیئر لیگ، افغانستان کے خلاف سیریز اور اب ایشیا کپ شامل ہیں۔ تو آپ کہہ سکتے ہیں کہ یہ (ہمارے لیے) فائدہ مند ہوگا۔‘‘
پاکستان کے تینوں تیز رفتار باؤلروں شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف نے ایشیا کپ میں مجموعی طور پر 23 وکٹیں لے کر اپنی ٹیم کی اب تک کی کارکردگی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
بائیں ہاتھ سے فاسٹ باؤلنگ کرنے والے شاہین آفریدی نے بھارت کے خلاف گروپ میچ میں اپنے ابتدائی اووروں میں کپتان روہت شرما اور ویراٹ کوہلی کی اہم وکٹیں لے کر بھارتی ٹیم کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔
بابر اعظم نے کہا کہ ان کی ٹیم کو یقین ہے کہ اس کے باؤلر اسے ایشیا کپ ٹائٹل جتوا سکتے ہیں۔ اعظم نے کہا کہ انہیں اپنی ٹیم میں شامل فاسٹ باؤلرز پر فخر ہے، ''فاسٹ باؤلر آپ کو ٹورنامنٹ اور میچ جتواتے ہیں اور مجھے ان پر پورا بھروسہ ہے۔ ہمارے پاس نسیم اور فہیم اشرف سمیت سب سے بہترین لائن اپ ہے۔ انہیں اپنی باؤلنگ اور کھیل میں شراکت داری پر بھی پورا یقین ہے۔‘‘
ش ر ⁄ م م (اے ایف پی)